آپ  ﷺ نے تربیت کے لیے مختلف طریقے اوراسلوب اپنائے جن میں سوالیہ انداز بھی شامل ہے، جیسے کہ آپ ﷺ نے بچوں کو اور وہ لوگ جو علم نہیں رکھتے تھے ان کواپنی شفقت و نرمی سے سکھاتے ہوئے ان سے سوال پوچھ کر یا ان کی غلطی کی نشاندہی کرکے انہیں دینی اور اخلاقی تربیت دی، تاکہ انہیں بہتر طریقے سے سمجھ آ سکے اور وہ اس پر عمل پیرا ہو سکیں آئیے ہم اس بارے میں چند احادیث کا مطالعہ کرتے ہے۔

حدیث نمبر( 1)دو بہترین سورتیں :روایت ہے حضرت عقبہ بن عامر سے فرماتے ہیں کہ میں ایک سفر میں حضور کی اونٹنی کی مہارکھینچ رہا تھا کہ مجھ سے فرمایا اے عقبہ کیا میں تمہیں بہترین دو سورتیں نہ بتاؤں جو پڑھی جاتی ہیں مجھے "قُلْ اَعُوۡذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ"اور"قُلْ اَعُوۡذُ بِرَبِّ النَّاسِ" سکھائی فرماتے ہیں کہ مجھے حضورصلی الله علیہ وسلم نے ان دو سورتوں کی وجہ سے زیادہ خوش ہوتے نہ دیکھاتو جب نمازصبح کے لیے اترے تو انہیں دو سورتوں سے لوگوں کو فجر پڑھائی جب فارغ ہوئے تومیری طرف متوجہ ہوکر فرمایا کہ اے عقبہ تم نے کیسا دیکھا ( مشکوۃہ المصابیح جلد 2 حدیث نمبر 848)

حدیث نمبر( 2)دو اونٹنیاں :روایت ہے حضرت عقبہ بن عامر سے فرماتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ تشریف لائے جب کہ ہم صفہ میں تھے فرمایا تم میں کون یہ چاہتا ہے کہ ہر صبح بطحان یا عقیق کی طرف نکل جایا کرے اور بغیر گناہ کئے بغیر رشتہ توڑے دو اونچی اونٹنیاں لے آیا کرے ہم نے عرض کیا یارسول اللہ یہ تو ہم سب چاہتے ہیں فرمایا تو تم میں سے ہر شخص روزانہ صبح کو کیوں نہ مسجد چلا جایا کرے وہاں قرآن کریم کی دو آیتیں سیکھ لیا کرے یا پڑھ لیا کرے یہ دو اونٹنیوں سے بہتر ہیں اور تین تین اونٹنیوں سے بہتر ہیں اور چار چار سے اور اسی قدر اونٹوں سے بہتر ہیں (مشکوۃہ المصابیح جلد 3 حدیث نمبر 2110)

حدیث نمبر( 3)تین آیتیں :روایت ہے حضرت ابوہریرہ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ ﷺ نے کیا تم میں سے کوئی یہ چاہتا ہے کہ جب وہ اپنے گھر لوٹے تو وہاں تین حاملہ بڑی اور موٹی اونٹنیاں پائے ہم نے عرض کیا ہاں فرمایا تو تین آیتیں جنہیں کوئی اپنی نماز میں پڑھ لے وہ اسے تین حاملہ بڑی اور موٹی اونٹنیوں سے بہتر ہیں (مشکوۃہ المصابیح جلد 3 حدیث نمبر 2111)

حدیث نمبر( 4) اللہ عزوجل نفع دے:حضرت قبیصہ بن مخارق سے روایت ہے کہ ایک مرتبہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا نبی کریم ﷺ نے پو چھا قبیصہ کیسے آنا ہوا میں نے عرض کیا کہ میں بوڑھا ہو چکا ہوں اور میری ہڈیاں کمزور ہو چکی ہیں میں آپ کی خدمت میں اس لئے حاضر ہوا ہوں کہ آپ مجھے کوئی ایسی بات سکھا دیجئے جس سے اللہ مجھے نفع پہنچاے نبی کریم ﷺ نے فرمایا اے قبیصہ تم جس پتھر یا درخت یا مٹی پر سے گزر کر آئے ہو ان سب نے تمہارے لئے استغفار کیا اے قبیصہ جب تم فجر کی نماز پڑھا کرو تو تین مرتبہ سحان اللہ العظیم و بحمدہ کہہ لیا کرو تم نابینا پن اور جذام اور فالج کی بیماریوں سے محفوظ ہو گے اور قبیصہ یہ دعا کیا کرو اے اللہ میں تجھ سے اس چیز کا سوال کرتا ہوں جو تیرے پاس ہے مجھ پر اپنے فضل کا فیضان فرما اور مجھ پر اپنی رحمت کو وسیع فرما اور مجھ پر اپنی برکتیں نازل فرما۔( مسند امام احمد بن حنبل جلد نمبر 8 صفحہ نمبر 283)

حدیث نمبر( 5) اذان اور پہلی صف کا ثواب :حضرت سَیِّدُنا ابو ہریرہ رَضِیَ اﷲ تَعَالٰی عَنْہُ سےمروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: ” اگر لوگ جانتے کہ اذان اور پہلی صف میں کتنا ثواب ہےتو اُن کے حصول کے لئے اگرقرعہ اندازی بھی کرنا پڑتی تو ضرورکرتے۔“(فیضان ریاض الصالحین جلد نمبر 7 حدیث نمبر 1083)

اللہ عزوجل کی بارگاہ میں دعا ہے کہ ہمیں ان احادیث پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین