مطالعہ
انسان کی علمی، فکری اور ذہنی ترقی کا بنیادی ذریعہ ہے۔ انسان جب کسی زبان کو سیکھتا
یا کسی مضمون کا مطالعہ کرتا ہے تو اسے بہت سے ایسے الفاظ کا سامنا ہوتا ہے جن کے
معانی سے وہ واقف نہیں ہوتا۔ ان الفاظ کے صحیح معنی جاننے کے لیے لغت نہایت اہم
کردار ادا کرتی ہے۔ لغت نہ صرف الفاظ کے معانی واضح کرتی ہے بلکہ زبان کی درست
ادائیگی بھی بتا دیتی ہے اور ساتھ ساتھ درست استعمال اور فہم میں بھی مدد دیتی ہے۔
اسی وجہ سے مطالعہ کے میدان میں لغت کو بنیادی معاون سمجھا جاتا ہے۔
لغت کا مفہوم :لغت ایسی
کتاب کو کہتے ہیں جس میں الفاظ کے کئی معانی، تلفظ، استعمال اور بعض اوقات ان کی
اصل بھی بیان کی جاتی ہے۔ ہر زبان کی اپنی لغت ہوتی ہے جو اس زبان کے الفاظ کے معنی
سمجھنے میں مدد دیتی ہے ۔
مطالعہ میں لغت کی اہمیت :(1) الفاظ کے معانی سمجھنے میں مدد :مطالعہ
کے دوران بہت سے مشکل اور نئے الفاظ سامنے آتے ہیں۔ لغت ان الفاظ کے صحیح معنی بتا
کر عبارت کو سمجھنے میں آسانی پیدا کرتی ہے۔
(2) زبان دانی میں اضافہ :لغت کے
استعمال سے انسان کے ذخیرۂ الفاظ میں اضافہ ہوتا ہے۔ جتنا زیادہ ذخیرۂ الفاظ
ہوگا اتنی ہی بہتر انداز میں انسان گفتگو اور تحریر کر سکے گا اور اپنی بات سامنے
والے کو بیان کر سکے گا اور سامنے والے کو اپنی بات سے مطمئن کر سکے گا ۔
(3) درست تلفظ کی رہنمائی :بعض لغات
میں الفاظ کے تلفظ بھی درج ہوتے ہیں، جس سے الفاظ کی صحیح ادائیگی سیکھنے میں مدد
ملتی ہے۔
(4) تحریر اور تقریر میں بہتری :لغت انسان
کو مناسب اور درست الفاظ کے انتخاب میں مدد دیتی ہے، جس سے اس کی تحریر اور تقریر
مؤثر اور خوبصورت بن جاتی ہے۔
(5) تحقیق و تدریس میں معاونت :طلبہ،
اساتذہ اور محققین کے لیے لغت ایک لازمی علمی ذریعہ ہے۔ تحقیق کے دوران الفاظ کے
صحیح مفہوم تک رسائی کے لیے لغت کی ضرورت پیش آتی ہے۔
(6) زبان کی حفاظت :لغت زبان
کے الفاظ کو محفوظ رکھنے کا اہم ذریعہ ہے۔ اس کے ذریعے قدیم اور نایاب الفاظ بھی
محفوظ رہتے ہیں اور نئی نسل تک منتقل ہوتے ہیں۔
موجودہ دور میں لغت کی اہمیت :آج کے جدید
دور میں آن لائن اور ڈیجیٹل لغات نے مطالعہ کو مزید آسان بنا دیا ہے۔ موبائل اور
انٹرنیٹ کے ذریعے چند لمحوں میں کسی بھی لفظ کا معنی معلوم کیا جا سکتا ہے۔ اس سے
طلبہ اور محقق کا وقت بچتا ہے اور مطالعہ میں دلچسپی بڑھتی ہے۔
مختصر یہ
کہ لغت مطالعہ کا ایک لازمی جزء ہے۔ یہ نہ صرف الفاظ کے معانی سمجھنے میں مدد دیتی
ہے بلکہ زبان کی مہارت، علمی استعداد اور فکری صلاحیتوں میں بھی اضافہ کرتی ہے۔ ہر
طالب علم اور محقق کو لغت کے استعمال کی عادت اپنانی چاہیے تاکہ وہ علم و ادب سے
بہتر انداز میں فائدہ حاصل کر سکے۔
رب تعالی
مجھے بھی لغت استعمال کرنے اور اس میں مہارت حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین ۔
Dawateislami