پیارے اسلامی بھائیو! صبر کا ذکر قرآن میں بار بار آیا ہے، اور یہ ہمارے لیے زندگی کا سب سے بڑا سبق ہے۔ یہ صرف چپ رہنا نہیں، بلکہ دل کا مضبوط فیصلہ ہے کہ ہر دکھ اور پریشانی میں اللہ پر بھروسہ رکھیں۔ صبر دراصل اللہ کی طرف سے دیا گیا وہ خاص ہتھیار ہے جو ہمیں ہر طرح کی آزمائش میں کامیابی دلاتا ہے۔ اسی صبر کی وجہ سے اللہ اپنے بندوں کے ساتھ ہو جاتا ہے اور انہیں بے حد اجر عطا کرتا ہے۔

(1) یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اسْتَعِیْنُوْا بِالصَّبْرِ وَ الصَّلٰوةِؕ-اِنَّ اللہ مَعَ الصّٰبِرِیْنَ(۱۵۳) ترجمۂ کنز العرفان: اے ایمان والو! صبر اور نمازسے مدد مانگو، بیشک اللہ صابروں کے ساتھ ہے۔ (پ2، البقرۃ: 153)

حضرت علامہ نصر بن محمد سمرقندی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : ’’اللہ تعالیٰ (اپنے علم و قدرت سے) ہر ایک کے ساتھ ہے لیکن یہاں صبر کرنے والوں کا بطور خاص اس لئے ذکر فرمایا تاکہ انہیں معلوم ہو جائے کہ اللہ تعالیٰ ان کی مشکلات دور کر کے آسانی فرمائے گا۔ (تفسیر سمرقندی، البقرۃ، تحت الآیۃ: 153، 1 / 169۔ حوالہ سورۃ البقرہ پارہ نمبر 2 آیت نمبر 153 )

(2)یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اصْبِرُوْا وَ صَابِرُوْا وَ رَابِطُوْا- وَ اتَّقُوا اللہ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُوْنَ۠(۲۰۰) ترجمۂ کنز العرفان : اے ایمان والو!صبر کرو اور صبر میں دشمنوں سے آگے رہواوراسلامی سرحد کی نگہبانی کرو اور اللہ سے ڈرتے رہو ا س امید پر کہ تم کامیاب ہوجاؤ ۔ (پ4، آل عمران: 200)

(3) اُولٰٓىٕكَ یُجْزَوْنَ الْغُرْفَةَ بِمَا صَبَرُوْا وَ یُلَقَّوْنَ فِیْهَا تَحِیَّةً وَّ سَلٰمًاۙ (۷۵) ترجمہ کنزالایمان : ان کو جنت کا سب سے اونچا بالاخانہ انعام ملے گا بدلہ ان کے صبر کا اور وہاں مجرے(دعا وآداب) اور سلام کے ساتھ اُن کی پیشوائی ہوگی۔ (پ19، الفرقان:75)

(4)- وَ لَنَجْزِیَنَّ الَّذِیْنَ صَبَرُوْۤا اَجْرَهُمْ بِاَحْسَنِ مَا كَانُوْا یَعْمَلُوْنَ(۹۶) ترجمہ کنزالعرفان: اور ہم صبر کرنے والوں کو ان کے بہترین کاموں کے بدلے میں ان کا اجر ضرور دیں گے۔ (پ14، النحل:96)

(5) وَجَعَلْنَا مِنْهُمْ اَىٕمَّةً یَّهْدُوْنَ بِاَمْرِنَا لَمَّا صَبَرُوْا۫ؕ- ترجمہ کنزالایمان:اور ہم نے اُن میں سے کچھ امام بنائے کہ ہمارے حکم سے بتاتے جب کہ اُنہوں نے صبر کیا۔ (پ21، السجدۃ: 24)

اللہ پاک ہمیں حقیقی معنوں میں صبر کرنے والا بنائے، ہر آزمائش میں ثابت قدم رکھے، اور ہمیں قرآن پاک کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ ہمیں صبر و شکر کی دولت سے مالا مال کرے اور صبر کے بدلے اپنی رضا و جنت نصیب فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔