2 جمادی الاخر, 1446 ہجری
اٹھائیسویں شب مدنی مذاکرہ
5 years ago
عاشقانِ رسول کی مدنی تحریک دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ باب المدینہ کراچی میں ماہِ رمضانُ المبارک 1440سنِ ہجری کے عشرہ اخیر کی 28ویں شب اور بروزپیر 28رمضانُ المبارک بعد نمازِ عصر مدنی مذاکروں کا سلسلہ ہوا جن میں امیرِ اَہلِ سنّت علامہ محمد الیاس عطّاؔر قادریدَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہنے عاشقانِ رسول کو علم وحکمت سےمعطَّر مدنی پھولوں سے نوازا جبکہ خوش نصیب عاشقان ِرسول کوشیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے ہمراہ سحری وافطاری کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔ چند سوالات اورجوابات کا خلاصہ ملاحظہ کیجئے:
سوال:کہاجاتاہے کہ سمندرکو پارکرلیا جائے تو دُعاقُبول ہوتی ہے، ایساذِہن رکھنا کیسا؟
جواب: دُعاجہاں بھی کی جائے قُبول ہی ہے پس بندہ ربّ سے مانگے اورقبولیّت میں تذبزُب نہ رکھے،مکتبۃُ المدینہ کی کِتاب"فضائلِ دُعا"کامُطالَعہ کیا جائے ،اِس میں قبولیّتِ دُعاکی حیرت انگیز صورتیں لکھی ہوئی ہیں ،قُرآن وحدیث اورعُلَما کی بیان کردہ قبولیّتِ دُعاکی صورتیں ہی قابلِ عمل ہیں،عوامی باتوں پر توجہ نہ دی جائے ۔
سوال: آپ مِٹّی کے پیالے میں پانی کیوں پیتے ہیں ؟
جواب:نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے پاس مِٹّی اورلکڑی کے برتن تھے ،مِٹّی کے برتن اِستعمال کرنااَفضل ہے،اِسی لیے میں مِٹّی کے برتن اِستعمال کرتاہوں۔نبیِ پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم سےپکی مِٹّی کے پیالے سے پانی پینا ثابت ہے۔
سوال:حفظ ِقرآن باقی رکھنے کے لیے کیا کریں ؟
جواب:روزانہ ایک منزل کی تلاوت کریں ،یہ نہ کرسکیں تو دوپاروں کی تلاوت کرلیں ،ورنہ ایک پارےکی تلاوت توضرورکرلیا کریں۔
سوال:قرآنِ کریم سے محبّت کرناکیسا؟
جواب:قرآنِ کریم کی محبّت بہت بڑی نِعمت ہے ،یہ اللہپاک کا کلام ہے ،اِس کی محبّت اللہپاک سے محبّت ہے۔
سوال: کِیا عِلم حاصل کرنے کے ذرائع میں سے ایک سوال کرنا بھی ہےاورفرض علم کیسے حاصل کیا جائے؟
جواب: جی ہاں!حدیث پاک میں ہے کہ عِلم وہ خزانہ ہے جس کی کنجی سوال ہے ۔اِسی طرح محاورہ ہے :اَلسَّوَالُ مِفْتَاحُ الْعِلْمِ یعنی سوال علم (حاصل کرنے )کی کنجی (چابی )ہے،فرض علم حاصل کرنے کے لیے کُتُب کا مُطالَعہ کیا جائے ،عُلَماکرام کی خدمت میں حاضرہوکر اپنی ضرورت کے مُطابِق سوال کیا جائے ،اُن کی صحبت اختیارکی جائے،دعوت ِاسلامی کے تحت ہونے والے مختلف مدنی کورسز(درس ِنظامی ،مدرسۃ المدینہ آن لائن کا فرض علوم کورس وغیرہ)کرلیجئے ۔
سوال: اگرکوئی ہماری اِصلاح کی بات کرے توہمیں کیا کرنا چاہئے؟
جواب:بچہ بھی اِصلاح کی بات کرے تواُسے قبول کرلینا چاہئے ،میں نے کہاہواہے کہ میری اِصلاح ضرورکریں ،اگرکوئی اِصلاح دُرُست نہ بھی کرے تو میں اُسے ڈانٹتانہیں ۔اللہ پاک ہمیں حق بات قُبول کرنے کا جذبہ عطافرمائے۔
سوال: کچھ لوگ گلے ملتے ہوئے زورسے دَبا کراُوپر اُٹھا لیتے ہیں، اِس طرح کرنا کیسا؟
جواب: ایساہرگزنہ کیا جائے ، اِس سے سامنے والے کو نُقصان پہنچ سکتاہے۔
سوال:جو شخص پوری رات عبادت میں نہ گُزارسکتاہو،وہ کیا کرے کہ اسےرات بھرعِبادت کا ثواب مل جائے ؟
جواب: وہ نمازِ عشااورنمازِفجرباجماعت اداکرے ، اُسےپوری رات عبادت کرنے کا ثواب ملے گا۔اِن شَاۤءَ اللہ