28 مارچ 2026ء بمطابق 9 شوال 1447ھ کی شب معمول کے مطابق دعوتِ اسلامی کے  عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا اہتمام کیا گیا جس میں کراچی کے مقامی عاشقانِ رسول نے براہِ راست جبکہ بیرونِ شہر اور بیرونِ ممالک کے عاشقانِ رسول نے بذریعہ مدنی چینل شرکت کی۔

تلاوتِ قرآن اور نعت شریف سے مدنی مذاکرے کا آغاز کرنے کے بعد عاشقانِ رسول کی جانب سے سوالات کئے گئے جن کے شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے جوابات ارشاد فرمائے۔

بعض سوال و جواب

سوال: بچوں کو گلی محلے میں کھیلنے کے لئے بھیجنے کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:گلی محلے کا ماحول عموماً ٹھیک نہیں ہوتا، اس میں تربیت پر بُرا اثر پڑتا ہے۔ گھر میں کھیلنے کا سامان ہونا چاہیئے تاکہ اسے حسرت نہ ہو۔ بچوں کو کھیلنے سے منع نہ کیا جائے کہ طبی طور پر اس کی ضرورت ہوتی ہے ۔یہ اسی صور ت میں ہو سکے گا کہ شروع سے ہی اسے گھر میں رکھا جائے اور گھر کا ماحول بھی اچھا ہو۔ بچپن سے ایسی عادت ڈالیں گے تو ویسا ہی ہو گا۔ گھر میں بھی حتی الامکان موبائل سے دُوررکھیں ۔مگر شاید ہی کوئی گھر اس سے بچا ہو۔ موبائل نے بچوں بلکہ بڑوں کو بھی تباہی کے دھانے پر لا کھڑا کیا ہے ۔”بہر حال بُری صحبت بُرا پھل لاتی ہے، اس سے بچانا ضروری ہے“ ۔

سوال:بچوں کو سمجھانے کا انداز کیسا ہونا چاہیئے؟

جواب:بچوں کوان کے انداز میں سمجھائیں گے تو یہ سمجھیں گے، مشکل الفاظ استعمال کریں گے تو انہیں سمجھ نہیں آئے گی۔

سوال:اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ کا یومِ ولادت کون سا ہے؟

جواب:میرے آقااعلیٰ حضرت امام احمدرضا خان رحمۃ اللہ علیہ کا یومِ ولادت 10شوال ہے۔اس سال پیر(Monday) کو 10 شوال (30-03-2026) ہے ،اس دن روزہ رکھ کر یومِ ولادت منایا جائے اور اس روزے کا ثواب اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ کو ایصال کیا جائے ۔

سوال:مسلمانوں کے دُوسرے خلیفہ حضرت عمر فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ نے نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے عمرے کی اجازت مانگی تو آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے کیا فرمایا؟

جواب:نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اجازت دیتے ہوئےفرمایا:أَشْرِكْنَايَا أُخَيَّ فِي دُعَائِكَ لاَ تَنْسَنَااے میرے بھائی !اپنی دُعا میں ہمیں بھی شامل رکھنا، بھُولنا نہیں ۔(سنن ترمذی ،5/559)حضرت عمر رضی اللہ عنہ اس بات کو یاد کر کے لطف اٹھاتے تھے۔

سوال:بچوں کو کھلانے پلانے میں کیا احتیاط کریں؟

جواب:بچوں کو بسکٹ ،ٹافیوں اور دیگر بازاری چیزوں سے بچائیں،ورنہ یہ بیمار اور کمزور ہو جائیں گے۔گھر میں بھی کھانے پینے میں احتیاط کرنی چاہیئے ،بلغمی مزاج ہو تو چاول بھی صحت کے لئے نقصان دہ ہیں اور نزلہ زکام ہوجائے گا۔جو کہتے ہیں کہ مجھے دائمی نزلہ ہے وہ بھی چاول کھانا چھوڑ دیں تو نتیجہ خود دیکھ لیں گے ۔

سوال:دعوتِ اسلامی ’’ماہِ اپریل2026ءماہِ اجتماع ‘‘کے طور پر منا رہی ہے، اس بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:دعوت اسلامی کا ہفتہ واراجتماع بڑی کوششوں سے شروع ہوا، آپ ہر جمعرات کو ہونے والے ہفتہ واراجتماع میں ضرور شرکت کیا کریں ۔کوشش کریں کہ کبھی ناغہ نہ ہو، ایک ایک پر انفرادی کوشش کر کے(یعنی نیکی کی دعوت دےکر،پیارمحبت سے سمجھاکر، ترغیب دلاکر) ہفتہ وار اجتماع میں شرکت کروائیں ۔اسلامی بہنیں بھی اس میں کوشش کریں کہ خود بھی اسلامی بہنوں کے اجتماع میں شرکت کریں اوراپنے محارم(شوہر،والد،بھائی،بیٹےوغیرہ) کو اسلامی بھائیوں کے ہفتہ واراجتماع میں بھیجیں۔

سوال:مکتبۃ المدینہ کی شائع کردہ کتاب ’’مکتوباتِ امیر اہل سُنّت‘‘ کے بارے میں امیر اہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا فرمایا؟

جواب:مکتوبات والی کتاب کئی اسلامی بھائیوں نے پڑھ لی ہے، جس نے نہیں پڑھی وہ بھی پڑھ لیں۔(مکتوب کا معنیٰ ہے خط/Letter)

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ ” لمبی عمر پانے کا نسخہ “ پڑھنے یا سُننے والوں کو امیر اہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یا اللہ پاک! جو کوئی 20 صفحات کا رسالہ ”لمبی عمرپانے کا نسخہ “پڑھ یا سُن لے، اُسے ایمان و عافیت والی اور نیکیوں بھری لمبی زندگی عطا فرما کر ماں باپ اور خاندان سمیت بے حساب بخش دے ۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم