29 ذیقعدہ 1447ھ بمطابق 16 مئی 2026ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ، کراچی میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کے علاوہ بیرونِ ملک سے بھی عاشقانِ رسول نے براہِ راست اور بذریعہ مدنی چینل شرکت کی۔

مذاکرہ کا آغاز تلاوتِ قرآن و نعتِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے ہوا جس کے بعد عاشقانِ رسول کے سوالات شروع ہوئے۔ اس دوران شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے علم و حکمت سے بھرپور جوابات ارشاد فرمائے اور عاشقانِ رسول کی دینی و اخلاقی اعتبار سے تربیت و رہنمائی کی۔

سوال:بال اور ناخن کاٹیں تو بڑھ جاتےہیں لیکن اُنگلی کٹ جائے تو دوبارہ نہیں بڑھتی اس کی کیا وجہ ہے؟

جواب:یہ نظامِ قدرت ہے بال اورناخن میں جان ہوتی ہےاسی لیے تو بڑھتے ہیں مگرکاٹنے سے دردنہیں ہوتا ۔اُنگلی کٹ جائے تو دوبارہ نہیں بڑھتی ،اس میں بال اورناخن والی صلاحیت نہیں ۔

سوال:قربانی کے جانوروں کو کیاکھلایا جائےاورکتنی مرتبہ کھلایاجائے ؟

جواب:جانورکو کھلایاپلایا جائے،یہ ہماری طرح تین مرتبہ نہیں کھاتے بلکہ کھاتے رہتے ہیں، اس لیے قربانی کے جانور کے سامنے پانی اور چارا زیادہ رکھا جائے، کنجوسی نہ کی جائے وہ چاراکھلایا جائے جو وہ کھاتاہے، جس سے جانور خریدنا ہو اُس سے پوچھ لیاجائے کہ یہ جانور کون ساچارا کھاتاہے۔

سوال:علمائےحق سے وابستہ ہونے کا کیافائدہ ہے ؟

جواب:ہم علمائے حق کے ساتھ وابستہ رہیں گے تو ہماراایمان کوئی چھین نہیں سکے گا انْ شآءاللہ الکریم۔ان کی تعظیم فرض ہے، اس دورمیں امامِ اہلسنت اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ کا دامن مضبوطی سے تھام لیں اورجو عالمِ دِین ان کا دامن تھامے ہوئے ہیں، اُن کادامن تھام لیں ۔

سوال:نبی ِکریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے کون سے مینڈھے(Sheep) کی قربانی فرمائی ہے ؟

جواب:نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے مدینۂ منورہ میں سینگوں والے سیاہ وسفید رنگ والےدو مینڈھوں کی قربانی فرمائی۔(صحیح البخاری، 2/ 612 )حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ نبیِ مکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے سینگ والے مینڈھے کو قربانی کے لیےلانے کاحکم دیا پھر مینڈھے کو پکڑ کرلٹادیا ،اِس کے بعد اسے ذبح فرمادیا۔(مسند احمد،جلد41/39)

سوال:کیا ہرطرح کے الفاظ کا احترام ہے ؟

جواب:جی ہاں !تمام زبانیں الہامی ہیں، ہرزبان کا احترام کیا جائے ۔ 1980ء میں مَیں نے سفرحج میں ماچس کی ایک ڈِبیا زمین سے اٹھائی تھی جس پر کلمہ طیبہ لکھاہوا تھا، مَیں اسے پاکستان لے آیا تھا۔ہمارے ہاں ادب ہے ،پیارے آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے قدموں کی جانب ہیں ۔یہ محبت کی بات ہے ،محبت کی تمام باتیں درست ہیں جو شریعت کی حد نہ توڑیں ۔کعبے کادروازہ بھی پاکستان کی جانب ہے ۔جتنا ادب کریں کم ہے ،باادب بانصیب ،بے ادب بے نصیب۔اللہ پاک ہمیں باادب رکھے۔

سوال:دعوتِ اسلامی کے اجتماع میں شرکت کرنے والوں کو کیانصیحت فرمائیں گے ؟

جواب:اجتماع میں آنے والوں کو چاہیے کہ جوسُنیں اسے یادرکھیں، اس پر عمل کر یں، انہیں اپنی زندگی میں عملی طورپر نافذکریں، دعوتِ اسلامی کے 12 دینی کاموں میں شرکت کریں، مال خرچ کرنے سے کم ہوتا ہے لیکن علم خرچ کرنےسے کم نہیں بلکہ اور بڑھتاہے۔ہرمہینے3دن راہِ خدا کے قافلے میں سفرکریں، خوفِ خدا، عشقِ رسول، دِین کا درد ملے گا انْ شآء اللہ الکریم۔نیک اعمال کا رسالہ حاصل کریں ،اس میں دیے گئے سوالات کے مطابق روزانہ خانے پُر کریں اورہر ماہ اپنے ذمہ دارکو جمع کروادیں ۔اس سے نیکیو ں پر استقامت ملے گی اورآپ معاشرے میں اچھے مسلمان بن کر اُبھریں گے۔

سوال: قافلے کے جدول(Schedule) پر عمل کرنا کیوں ضروری ہے ؟

جواب:ہم سنتیں سیکھنے کے لیے سفرکرنے والے قافلوں میں سفرکریں گے اوراس کے جدول (Schedule) پر بھی عمل کریں گے تو پھر دیکھیں کہ کیسی سدھارآتی ہے، اصلاح ہوتی ہے، دونوں جہاں کا بیڑاپارہوجائے گا۔بعض قافلے میں تو جاتے ہیں مگران میں عمل کی کمی ہوتی ہے، شایدوہ قافلے کے جدول پر عمل نہیں کرتے ہوں گے ۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ ”عقل مند باپ “ پڑھنے یا سُننے والوں کو امیر اہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ”عقل مند باپ “ پڑھ یا سن لے اُسے دنیا کے غموں سے نجات دے کر دو جہاں کی خوشیاں نصیب فرما اور ماں باپ سمیت بے حساب بخش دے ۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم