بِلا ضرورت
بچوں کو گھر سے باہر نہ جانے دیں، علامہ محمد الیاس عطار قادری
11 جولائی 2026ء بمطابق 26 محرم الحرام 1448ھ کی شب عالمی مدنی
مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی
کے مختلف علاقوں سے عاشقانِ رسول کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
مدنی مذاکرے کا باقاعدہ آغاز رات تقریباً 09:45
بجے تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے ہوا جس کے بعد شیخِ
طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد
الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ
العالیہ نے مدنی پھولوں کے ذریعے حاضرین اور ناظرین کی
دینی و اخلاقی اعتبار سے تربیت کی۔
اس موقع پر عاشقانِ رسول کی جانب سے سوالات بھی
کیے گئے اور امیرِ اہلِ سنت دامت
بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اُن کے
جوابات ارشاد فرمائے جن میں سے بعض درج ذیل ہیں:
بعض سوال و جواب
سوال: بچوں میں بزرگوں کی محبت کیسے پیدا کریں ؟
جواب: گھرکا ماحول اچھا ہو،گھر میں بزرگانِ دِین کی باتیں سناتے رہیں، گیارہویں شریف کا اہتمام
ہو، سال میں کم ازکم ایک مرتبہ نعت خوانی ہو تو بچوں کے دلوں میں ساداتِ کرام اور صحابۂ کرام علیہم الرضوان اور اللہ والوں کی محبت ا ورادب پیدا ہوگا۔ان شاء اللہ الکریم
اللہ پاک کے آخری نبی،حضور مکی مدنی صلَّی اللہ علیہ
و اٰلہٖ وسلَّم نے اِرْشاد فرمایا:اَدِّبُوْا اَوْلَادَکُمْ عَلٰی ثَلاثِ خِصَالٍ یعنی اپنے بچوں کو 3 چیزیں سکھاؤ۔(1)حُبِّ نَبِیِّکُمْ اپنے نبی کی
مَحَبَّت(2)وَحُبِّ
اَہْلِ بَیْتِہٖاَہلِ
بیت کی مَحَبَّت(3)وَ قِرَاءَۃِ الْقُرْاٰنِ اور قرآنِ
پاک کی تلاوت۔ (کنزالعمال، 16/ 189، رقم: 45409) گھر میں مدنی چینل چلتا رہے گا تو اس سے بھی
ان پاکیزہ ہستیوں کی محبت حاصل ہوگی ۔
سوال: بچوں کے
اِغواہونے کی خبریں سُنی جا رہی ہیں،اس سےحفاظت کے لیے کیا اقدامات کریں ؟
جواب: بچوں کی حفاظت
کرتے ہوئےان کا خاص خیال رکھیں، کہتے ہیں
کہ بکرا سنبھالنا آسان ہے بچے کو سنبھالنا مشکل ہے۔ بکرا کتنا بھی شرارتی ہو، اس
کے گلے میں رسی ڈال کر کونے میں باندھا جا سکتاہے مگر بچے کو گھر میں روکنا مشکل ہے، دروازہ بند کیا جائے تو وہ کسی طرح بھی کھول کر باہر
نکل جاتا ہے۔ آزمائش توہے بہر حال بچے کو بڑوں سے دوستی نہ کرنے دیں، اگرچہ وہ بڑا
کتنا ہی اچھا اور نیک نمازی کیوں نہ ہو۔ بُری
خواہش(شہوت پرستی)بادشاہوں کو غلام بنا دیتی ہے ۔بِلا ضرورت بچوں کو گھر سے باہر نہ جانے دیں ۔گھرکی چار
دیواری میں ان کی حفاظت کریں ۔میری والدہ نے بچپن میں مجھے سکھایاتھاکہ کوئی سونے کا ڈھیر بھی دے تو اُس سے لینا نہیں ،بچوں کو کسی سے کوئی چیز نہ لینے کا عادی بنائیں
۔سگا بھائی یا والد خود مدرسہ یا
اسکول چھوڑنے لینے جائیں، چچا زاد بھائی
کے سپرد بھی یہ کام نہ کریں ۔اللہ پاک کی راہ میں صدقہ و خیرات کریں،اس سے بھی
حفاظت ہوگی۔ ہر عمل اللہ پاک کی رضا کے
لیے ہونا چاہئے ۔صدقہ و خیرات سے بڑی بڑی
بلائیں ٹل جاتی ہیں ۔بچوں کو یہ وظیفہ سکھا دیں ،گھر سے نکلتے ہوئے گھر سے نکلنے
کی دُعا:بِسْمِ اللہِ تَوَکَّلْتُ عَلَی اللہِ لَا
حَوْلَ وَلَاقُوَّۃَ اِلَّابِاللہ پڑھ لیا کریں، یَاحَفِیْظُ یَاسَلَامُ 11 مرتبہ، اَللّٰہُمَّ سَلِّمْنِیْ وَسَلِّمْ مِنِّی ایک ساتھ پڑھ
لیں، حفاظت ہوگی۔بڑے بھی پڑھ لیا کریں ۔وضو کرتے وقت ہر عُضْو دھوتے ہوئے یَاقَادِرُ پڑھ لیا کریں، اسے اپنا معمول بنا لیں۔ اپنے
مشائخ کا شجرہ شریف پڑھتے رہیں ،اس کے بھی فوائد ہوں گے ۔
سوال: تصرف کا کیا معنی ہے؟
جواب: تصرف کا معنی اختیار استعمال کرنا ،مَن مانی کرنا وغیرہ ہیں ۔
سوال: جب کوئی مشکل
آئے تو کیا کرنا چاہئے ؟
جواب: جب کوئی مشکل آئے تو یہ
کہنا چاہئے قَدَّرَاللہ
ُمَاشَاءَفَعَلْ۔حدیثِ پاک ہے، فرمایا: اگر تمہیں کوئی تکلیف پہنچے تو
یہ نہ کہو کہ اگر میں وہ کام کر لیتا تو ایسا ہو جاتا بلکہ کہو:قَدَّرَ
اللہ ُ مَاشَاءَ فَعَلْ یعنی اللہ پاک نے مُقَدَّر کیا اور جو چاہا، وہی کیا۔ مزید فرمایا:فَاِنَّ
لَوتَفْتَحُ عَمَلَ الشَّیْطَانِ بیشک اگر مگر شیطان کا کام کھول دیتا ہے۔( مسلم، ص1027، حدیث:2664)
سوال: قرینہ کا کیا
معنی ہے ؟
جواب: قرینہ کا معنی نمایاں و واضح اشارہ ہے۔مثلاً کسی کا شراب خانے سے نکلنا،اس
کا شراب پینے کا نمایاں اشارہ ہے اور جو
مسجد سے نکلے اس کا نماز پڑھنے کا واضح
اشارہ ہے ۔
سوال: خرگوش کو خرگوش کیوں کہتے ہیں ؟
جواب:خر کا معنی گدھا اور گوش کا معنی کان ہیں، خرگوش کے معنی
گدھے جیسے کان والا ہے ۔ خرگوش جلد بازی میں مشہور ہے۔
سوال:جلد بازی اور
تحمل مزاجی میں کیا فرق ہے ؟
جواب: کوئی کام بغیر سوچے سمجھےکرنا جلد بازی کہلاتا ہے، اسے
عُجلت بھی کہتے ہیں ۔بندہ اپنے کاموں کو سوچ بچار اور غور و فکر کے بعد شروع کرے
تو اسے توقف یعنی ٹھہراؤ کہتے ہیں ۔کا م کو ٹھہر
ٹھہر کر اطمینان کے ساتھ کرنا تاکہ وہ کام بہتر انداز سے تکمیل تک پہنچے اسے تحمل و بُردباری
(Tolerance) کہتے ہیں۔رسولِ کریم
صلَّی اللہ علیہ و اٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا:اطمینان اللہ کریم کی طرف سے ہےاورجلد
بازی شیطان کی طرف سے ہے۔ ( ترمذی،3 / 407 ،حدیث : 2019)
سوال: جلد
بازی میں بد دعا دینے کا کیا نقصان ہے؟
جواب: بعض اوقات یہ بد دعا قبول ہو جاتی ہے پھر بندہ
پچھتاتا ہے ۔لوگ اپنے بچوں کو کوستے اور بد دعائیں دے رہے ہوتے ہیں۔مائیں بچوں کو بد دعائیں دیتی ہیں، بچے
تنگ بھی بہت کرتے ہیں، بہر حال وہ تو بچے ہیں، ماؤں کو صبر کرنا چاہئے اور بد دعا نہیں
دینی چاہئے کبھی قبولیت کی گھڑی بھی ہوتی ہے ۔
سوال: کیا
دِین اور دُنیاوی دونوں طرح جلد بازی کی جاتی ہے؟
جواب: جی ہاں!لوگ دِینی اور دنیاوی دونوں کاموں میں جلد
بازی کر رہے ہوتے ہیں اس جلد بازی کی وجہ سے ان کی عبادات برباد ہو جاتی ہیں اور
دنیاوی طور پر شدید نقصانات اٹھاتے ہیں ،پھر
ندامت اور پچھتاوے کے سوا باقی کچھ نہیں رہتا۔
سوال: اِس ہفتے کا رِسالہ ”احیاء العلوم سے 38 مدنی پھول
(قسط:1)“ پڑھنے یا سُننے
والوں کو امیر اہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟
جواب:یا اللہ پاک! جو کوئی 17 صفحات کارسالہ”احیاءُ العلوم سے
38 مدنی پھول (قسط:1)“ پڑھ یاسُن لے،اُسے سنتوں کا پابند بنا کر ماں باپ اور خاندان سمیت جنت الفردوس
میں بے حساب داخلہ نصیب فرما ۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ و اٰلہٖ وسلَّم
Dawateislami