07ذو الحجۃ الحرام 1447ھ بمطابق 23 مئی 2026ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ، کراچی میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کے علاوہ بیرونِ ملک سے بھی عاشقانِ رسول نے براہِ راست اور بذریعہ مدنی چینل شرکت کی۔

مذاکرہ کا آغاز تلاوتِ قرآن و نعتِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے ہوا جس کے بعد عاشقانِ رسول کے سوالات شروع ہوئے۔ اس دوران شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے علم و حکمت سے بھرپور جوابات ارشاد فرمائے اور عاشقانِ رسول کی دینی و اخلاقی اعتبار سے تربیت و رہنمائی کی۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: قربانی کی کھالیں جمع کرنے اورکروانے کے بارے میں امیراہلسنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا مدنی پھول عطافرمائے ۔

جواب:تمام عاشقان رسول ثواب کی نیت سے اپنے ہاں ہونے والی قربانی کی کھالیں دعوتِ اسلامی کو دیں ،دعوتِ اسلامی بہت سے دینی کام کرتی ہے ،اس میں آپ کا بھی حصہ شامل ہوجائے گا۔اللہ پاک کی رضا کے لیے کھالیں جمع بھی کرنی ہیں۔عموماً لوگ آکر کھالیں جمع نہیں کرواتے، جاجاکر جمع کرنی ہوں گی ،آپ عاشقانِ رسول سے ملاقات کریں اوران کی قربانی کی کھالیں بک کریں ۔خود بھی نیت کریں کہ جب تک زندگی ہے،دعوت اسلامی کے لیے کھالیں جمع کروں گا اوردینے والے بھی نیت کرلیں کہ زندگی بھر اپنے قربانی کےجانورکی کھال دعوتِ اسلامی کودُوں گا،اس نیت کا بھی ثواب ملے گا۔ان شاء اللہ الکریم

عام طورپرکھالیں جمع کرنے والوں کے کپڑے بھی ناپاک ہوجاتے ہیں ،پاک کپڑوں کا جوڑاشاپر میں ساتھ رکھیں ،کھالیں جمع کرنے کےدوران بھی پاک کپڑے پہن کر باجماعت نمازاداکریں ،کوئی بھی نمازقضا نہیں ہونی چاہئے،چاہے کیسی ہی مصروفیت ہو ۔

سوال: قربانی کی کھالیں اورقربانی کاگوشت ضائع نہ ہو، اس کے لیے کیا احتیاط کریں؟

جواب: آج کل گرمی ہے ،اس لیے قربانی کی کھالوں کو پھیلاکرالگ الگ رکھیں،کھال کو فوراً نمک لگادیں۔قربانی کا گوشت برف میں رکھیں ،اس کے لیے بڑے برتن کا استعمال کریں،گوشت کے چاروں طرف برف رکھ دیں اورگوشت کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں ۔چھوٹے پیکٹ بنا کرفریزرمیں رکھیں ۔گوشت کوہمیشہ کے لیے محفوظ کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ اللہ پاک کی رِضا کے لیے عاشقان ِرسول میں تقسیم کردیں ،یہ نیکی ہے اورنیکی ہمیشہ کے لیے باقی رہتی ہے ۔جو بَٹ گیا(یعنی غریبوں میں تقسیم ہوگیا) وہ بچ گیا جو کھالیا وہ فنا ہوگیا۔

سوال: بچےبکرے کو گھُماتے ہوئے کیا احتیاط کریں ؟

جواب:اس کی دُم اورکان نہ کھینچیں ،رسی بھی زورسے نہ کھینچیں کہ جس سے تکلیف ہواوریہ آپ کو بھی تکلیف نہ دے ۔

سوال: بڑی عمروالوں کو کون سے شوز (Shoes)پہننے چاہئیں؟

جواب: میڈیکیٹڈ شوز(Medicated Shoes) استعمال کریں،ان میں پھسلنے کے چانس کم ہوتے ہیں اورچلنے میں بھی آسانی ہوتی ہے ۔

سوال: سوداخریدتے ہوئے بھاؤکم کروانا کیسا ؟

جواب: یہ سنت ہے ،کم کروانے والا بہت کم قیمت بتائے تو دوکاندارکو ناراض نہیں ہونا چاہئے ۔کم زیادہ کروانے میں دوکانداراورخریدارکو جھوٹ نہیں بولنا چاہئے ۔

سوال: قربانی کے جانورکے گوشت کے کتنے حصے کرنےچاہئیں؟

جواب: قربانی کرنے والا تمام گوشت کا مالک ہے ،اس کے لیے اس کے3 حصے کرنا مستحب ہے ،ایک اپنے لیے ،ایک فقراء(غریبوں) کے لیےاور ایک رشتے داروں کے لیے ۔اگرکوئی ساراگوشت اپنے پاس ہی رکھ لے توبھی جائزہے،اُسے بُرا نہیں کہہ سکتے بلکہ اسے بُراکہنا بُراہے ۔

سوال: جانورسرکشی نہ کرے ،اس کے لیے کوئی وظیفہ بتادیں ؟

جواب: نبیِ اکرم صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا: جب تمہارے غلاموں، جانوروں اور بچوں میں سے کسی کا اخلاق بِگڑ جائے (یعنی وہ سرکش و نافرمان ہو جائے)، تو اس کے کان میں (اَفَغَیْرَ دِیْنِ اللّٰهِ یَبْغُوْنَ وَ لَهٗۤ اَسْلَمَ مَنْ فِی السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ طَوْعًا وَّ كَرْهًا وَّ اِلَیْهِ یُرْجَعُوْنَ) پڑھو۔

(المعجم الاوسط، جلد 1، صفحہ 27، رقم الحدیث: 64، الدعوات الکبیر للبیہقی، جلد 2، صفحہ 264، رقم الحدیث: 615)

سوال: جانورکو ذَبح کرتے وقت کیا پڑھنا ہوتاہے؟

جواب: اللہ پاک کا نام لیا جائے ،بِسْمِ اللّٰهِ  اَللّٰهُ اَکْبَرپڑھنامُستحب ہے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ’’ فضول باتوں سے بچنے کی فضیلت ‘‘ پڑھنے یا سُننے والوں کو امیر اہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا ربَّ المصطفٰے! جو کوئی 18 صفحات کارسالہفضول باتوں سے بچنے کی فضیلت پڑھ یا سُن لے، اُسے فضولیات سے بچا، نیک بنا اور بار بار حج و دیدارِ مدینہ کا شرف عطا فرما ۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم