کائنات کی بہترین خوشبو

Sat, 14 Nov , 2026
14 hours ago

ہر انسان کو پسینہ آتا ہے اور اس میں بدبو بھی ہوتی ہے بعض کے پسینے میں زیادہ اور بعض کے کم، مگر اس کائنات کی سب سے عظیم ترین ہستی،سب سے افضل واعلیٰ واکرم ،سب سے کامل و اکمل ،سب سے حسین و جمیل ، بے مثل و بے مثال کے مبارک پسینے کی بھی کیا ہی بات ہے کہ جس میں خوشبو ہی خوشبو ہے اور ایسی خوشبو کائنا ت میں ہے ہی نہیں جیسی خوشبو ہمارے پیارے پیارے آخری نبی،مکی مدنی محمدعربی صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے مبارک پسینے میں ہے اور جسے ان کا پسینۂ مبارک مل گیا تو پھر اسے دنیا کی کسی خوشبو کی قطعاً کوئی حاجت ہی نہیں بلکہ یوں کہا جائے کہ خوشبوئیں بنیں ہی ان کے مبارک پسینے سے ہیں ۔ پسینۂ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم پر کلام کرنے سے پہلے کچھ” خوشبو“ کے لفظ پر غور کرتے ہیں کہ ہمارے علمائے کرام رحمۃُ اللہِ علیھم نے اس لفظ کا کیا معنی ومفہوم بیان کیا ہے اور اس کی کتنی اقسام بیان فرمائی ہیں ۔

خوشبو کی تعریف

عربی زبان میں خوشبو کے لئے ’’طِیْب‘‘ کا لفظ استعمال کیا جاتا ہے۔ لغوی طور پر اس سے مراد وہ شے ہے جس سے خوشبو حاصل کی جائے۔ علامہ ابوالفضل جمال الدین محمد بن مکرم بن منظور افریقی رحمۃُ اللہِ علیہ لسان العرب( ج 1، ص 564، مطبوعہ دارالفکر بیروت)اور علامہ مرتضیٰ زبیدی رحمۃُ اللہِ علیہ تاج العروس( ج 3، ص 284 ، مطبوعہ دارالھدایہ بیروت)میں بیان فرماتے ہیں :”اَلطِّیْبُ ما یُطَیَّب بِہٖ وَقَدْ تَطَیّبَ بِالشَّیء وَطَیَّبَ فلانُ فلاناً بِالطَّیِبِ “یعنی طِیْب وہ شے ہے جس سے خوشبودار ہواجائے۔( کہا جاتا ہے) وہ شے کے ساتھ خوشبو دار ہوا اور فلاں نے فلاں کو خوشبودار کیا۔

خوشبو کی اقسام

اولاً یاد رہے کہ جسم ، لباس اور منہ ان میں سے ہر ایک کے لئے اپنی اپنی نوعیت کے اعتبارسے علیحدہ علیحدہ خوشبو ہوتی ہے۔

(1)بعض خوشبوئیں ایسی ہیں کہ جن کو جسم پر استعمال کیا جاتا ہے۔ جیسا کہ باڈی اسپرے، خوشبو دار تیل ، مہندی، خوشبودارپاؤڈر وغیرہ۔

(2)بعض کا استعمال لباس پر ہوتاہے جیسا کہ عام عطریات اور کستوری وغیرہ اور

(3) بعض منہ کے لئے بطورِ خوشبو استعمال کی جاتی ہیں جیسے الائچی وغیرہ ۔

اس وضاحت سے یہ بات ہم پر واضح ہوگئی کہ خوشبو کا لفظ کوئی عام لفظ نہیں بلکہ اس پر بھی ہمارے علمائے کرا م نے تحقیق فرمائی ہے ۔ اب بات کرتے ہیں کائنات کی سب سے بہترین خوشبو یعنی پسینۂ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی ۔ چنانچہ

بیٹی کی شادی

ایک شخص بارگاہِ رسالت میں حاضر ہوکرعرض گزارہوا: یَارسولَ اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم ! میں اپنی بیٹی کی شادی کررہا ہوں اور میں چاہتا ہوں کہ آپ اس میں میری مدد کریں۔ سرکارِ مدینہ،صاحِبِ مُعطَّر پسینہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا: کل تم ایک کُھلے مُنہ والی شیشی اور اور ایک لکڑی لے کر آنا۔ اگلے دن وہ صاحب ایک کھلے منہ والی شیشی اور لکڑی لے کر حاضر ہوئے، پیارے آقا صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے اپنے دونوں نورانی بازوؤں سے اس شیشی میں پسینہ ڈالنا شروع کیا یہاں تک کہ وہ بھرگئی، پھر ارشاد فرمایا:اسے لے لو اور اپنی بیٹی سے کہو کہ جب وہ خوشبو لگانا چاہے تو اس لکڑی کو شیشی میں ڈال کر استعمال کرے۔

(مجمع الزوائد ،8/503،حدیث:14056ملخصاً)

اعلیٰ حضرت، امام اہلسنت رحمۃُ اللہِ علیہ اپنے نعتیہ دیوان” حدائقِ بخشش“ میں فرماتے ہیں۔

وَاللہ جو مل جائے مرے گُل کا پسینہ

مانگے نہ کبھی عطر نہ پھر چاہے دلہن پُھول (حدائقِ بخشش،ص78)

الفاظ و معانی:وَاللہ یعنی اللہ کی قسم۔ گُل بمعنی پھول۔ اس شعر میں ”گُل“ سے سرکارِ مدینہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی ذاتِ گرامی مراد ہے۔

شرح کلامِ رضا:اللہ پاک کی قسم!اگرسرکارِ مدینہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کامُبارک پسینہ مل جائے تو پھر دلہن کو خوشبو کے لئے کسی عطر اور پھول کی ضَرورت نہیں رہے گی۔

دنیا پسند کرتی ہے عطرِ گُلاب کو

لیکن مجھے نبی کا پسینہ پسند ہے

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

جس راستے سے اللہ کے محبوب صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم تشریف لیجاتے وہ راستے مہک جایا کرتے تھے اورمدینے والے سمجھ جاتے کہ آمنہ کے لعل صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم اسی راستے سے گزرے ہیں جیساکہ حدیث ِ مبارکہ میں حضرت جابر رضی اللہُ عنہبیان فرماتے ہیں کہ

”عَنْ جَابِرٍ رَضِیَ اللہُ عَنْہُ أَنَّ النَّبِیَّ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ لَمْ یَسْلُکْ طَرِیْقاً فَیَتْبَعُہُ أَحَدٌ إِلاَّ عَرَفَ أَنَّہُ قَدْ سَلَکَہُ مِنْ طِیبِ عَرْقِہِ أَوْ قَالَ مِنْ رِیحِ عَرَقِہٖ۔‘‘

ترجمہ:”حضرت جابر رضی اللہُ عنہ سے ر وایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم جب کسی راستہ سے گزرتے پھر حضور کے بعد جو بھی اس راستہ سے گزرتا تو حضور کے پسینہ کی خوشبو محسوس کرلیتا کہ حضور اِدھر سے تشریف لے گئے ہیں۔ “(مشکاۃ المصابیح، 2/362، حدیث:5792)

سُبْحَانَ اللہ!پسینۂ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی کیا ہی بات ہے ۔آمنہ کے لعل صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کو جب پسینہ آتا تو آپ کے چہرۂ نور بارپرموتیوں کی مثل لگتا جیساکہ

موتیوں کی مثل پسینہ

اُمُّ الْمؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہُ عنھا فرماتی ہیں :” کَانَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم اَحْسَنَ النَّاسِ وَجْہًا وَاَنْوَرَہُمْ لَوْنًا یعنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم سب سے زیادہ خوبصورت اورخوش رنگ تھے۔ مزید فرماتی ہیں : لَمْ یَصِفْہُ وَاصِفٌ قَطُّ اِلَّا شَبَّہَ وَجْہَہُ بِالْقَمَرِ لَیْلَۃَ الْبَدْرِ یعنی جس نے بھی آپ کی توصیف بیان کی اس نے آپ کو چودہویں کے چاند سے تشبیہ دی، وَکَانَ عَرْقُہٗ فِیْ وَجْہِہٖ مِثْلَ اللُّؤْلُؤِاور آپ کا مبارک پسینہ تو آپ کے چہرۂ انور میں موتیوں کی طرح معلوم ہوتا تھا۔“

(الخصائص الكبری ،۱/115)

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

صحابہ ٔکرام رضی اللہُ عنھم پسینۂ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی وصیت فرماتے تھے جیساکہ

پسینۂ مصطفیٰ کی وصیت

حضرت اَنَس رضی اللہُ عنہ نے یہ وصیت فرمائی تھی کہ میری موت کے بعد میرے بدن اور کفن میں وہی خوشبو لگائی جائے جس میں حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا پسینہ ملا ہوا ہے۔

(بخاری،4/182، حدیث: 6281ماخوذاً)

یہاں تک کہ مدینے والے رسولِ خدا صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے مبارک پسینے کو اپنے پاس جمع کرکے بطور خوشبو لگایا کرتے تھے اور اپنی قسمت پے ناز کیا کرتے تھے جیساکہ

پسینہ مبارک جمع کرلیا

”حبیبِ خدا صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے خادم حضرت انس رضی اللہُ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم ہمارے یہاں تشریف لائے اور قیلولہ فرمایا۔ حالت خواب میں آپ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کو پسینہ آیا، میری ماں ام سُلیم نے ایک شیشی لی اور آپ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا پسینہ مبارک اس میں ڈالنے لگیں۔ آپ بیدار ہوئے اور فرمانے لگے: ام سلیم تم یہ کیا کرتی ہو؟ انہوں نے عرض کیا: یہ آپ کاپسینہ ہے ہم اس کو اپنی خوشبو میں ڈالتے ہیں اور وہ سب خوشبوؤں سے عمدہ خوشبو ہے۔“

( مسلم،ص978،حدیث:6055)

دوسری روایت میں ہے کہ ام سلیم نے یوں عرض کیا ”یارسول اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم ہم اپنے بچوں کے لئے آپ کے عرق مبارک کی برکت کے امیدوار ہیں۔ آپ نے فرمایا: تو نے سچ کہا۔“

( مسلم،ص978،حدیث:6056)

خوشبو لگانا سنت ہے

مدینے کے تاجدار،دوعالم کے مختار ،شفیع روز شما ر صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کوخوشبوبے حد پسند ہے۔ لہٰذاآپ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم ہر وقت معطر معطر رہتے۔ آپ خوشبو کا بہت استعمال فرمایاکرتے تھے تا کہ غلام بھی ادائے سنت کی نیت سے خوشبو لگایا کریں ورنہ اس بات میں کس کو شک و شبہ ہوسکتاہے کہ آپ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا وجود ِمسعود تو قدرتی طو ر پر خو دہی مہکتا رہتا او رتاجدار مدینہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا مبارک پسینہ بذات خود کائنات کی سب سے بہترین خوشبو ہے ۔

مشک وعنبر کیاکرو ں ؟ اے دوست خوشبو کے لئے

مجھ کو سلطان مدینہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کاپسینہ چاہيے

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

خوشبو دار ہاتھ مبارک

حضر تِ جابر بن سمرہ رضی اللہُ عنہ فرماتے ہیں کہ ایک بار اللہ کے محبوب صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے اپنا دستِ پُر انوار میرے چہرہ پر پھیرا میں نے اسے ٹھنڈا اور ایسی خوشبودار ہو اکی طرح پایا جو کسی عطر فرو ش کے عطر دان سے نکلتی ہے ۔

(وسائل الوصول الی شمائل الرسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم،الفصل الرابح فی صفۃ عرقہ....الخ،ص۸۵)

ام المؤمنین کا فرمان

ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ،صدیقہ، طیبہ،طاہرہ،زاہدہ،عابدہ رضی اللہُ عنھا سے مروی ہے ، فرماتی ہیں: ”میں نے اپنے سرتاج ، صاحب معراج،بی بی آمنہ کے لعل صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کو نہایت عمدہ سے عمدہ خوشبو لگاتی تھی یہاں تک کہ اس کی چمک اللہ کے محبوب صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے سر مبارک اور داڑھی شریف میں پاتی ۔“

(بخاری، 4/81،حدیث: 5923)

پیارے اسلامی بھائیو! مردوں کو اپنے لباس پر ایسی خوشبو استعمال کرنی چاہيے جس کی خوشبو پھیلے مگر رنگ کے دھبے وغیرہ نظر نہ آئیں، جیسا کہ گلاب،کیوڑہ ، صندل اور اسی قسم کے بے رنگ عطریات ۔عورتوں کے لئے مہک کی ممانعت اس صورت میں ہے جبکہ وہ خوشبو اجنبی مردوں تک پہنچے ،اگر وہ گھر میں عطر لگائیں جس کی خوشبو خاوند یا اولاد،ماں باپ تک ہی پہنچے تو حرج نہیں ۔

(مراۃالمناجیح،6/113ماخوذاً)

اللہ کریم ہمیں رسولِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی پیاری پیاری اور میٹھی میٹھی سنتوں پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔

آمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد