سرورِ کائنات، فخرِ موجودات حضرت محمد مصطفٰی صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ولادتِ با سعادت کی خوشیاں منانے کے لئے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں تیاریاں عروج پر ہیں۔ اس سلسلہ میں 13 اگست 2026ء کو لاہور ریلوے اسٹیشن سے ایک خصوصی ٹرین ”جشن ولادت ایکسپریس“ روانہ ہوئی جس میں کثیر تعداد میں عاشقانِ رسول اور دعوتِ اسلامی کے مبلغین سوار ہوئے۔

13 اگست کو لاہور اسٹیشن سے روانگی کے وقت عاشقانِ رسول کے چہروں پر سُرور اور زبانوں پر دُرود و سلام کا نذرانہ جاری تھا۔ رائیونڈ ریلوے اسٹیشن پہنچنے پر دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن مولانا حاجی یعفور رضا عطاری نے ٹرین کا شاندار استقبال کیا۔انہوں نے مسافر اسلامی بھائیوں سے ملاقات کی، سفر کے حوالے سے تربیتی مدنی پھول عطا فرمائے اور راہِ خدا کے اس مسافر قافلے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا۔

یہ ٹرین مختلف اسٹیشن سے مزید عاشقانِ رسول کو اپنے ساتھ ملاتی ہوئی کراچی کی جانب گامزن رہی۔ دورانِ سفر ٹرین کے اندر سنتوں بھرے بیانات، درود و سلام کی صدائیں اور ”آقا کی آمد مرحبا“ کے پرجوش نعرے گونجتے رہے جس سے پورا سفر عشقِ رسول کے رنگ میں رنگا رہا۔

بالآخر 14 اگست 2026ء کو ”جشن ولادت ایکسپریس“ کراچی ریلوے اسٹیشن پہنچی۔ کراچی پہنچتے ہی تمام اسلامی بھائیوں نے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کا رخ کیا۔ اس وقت فیضانِ مدینہ کراچی میں برقی قمقموں کی زبردست سجاوٹ، مدنی مذاکروں اور علمِ دین سکھانے کے حلقوں کی وجہ سے ہر سو روحانی خوشیوں کی بہار ہے۔ تمام عاشقانِ رسول سرکارِ مدینہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ولادت کا جشن منانے کے لیے بے حد پرجوش اور متحرک ہیں۔