سراج الاُمَّہ، امامُ الاَئِمَّہْ،
فَقِیْہِ اَفْخَمْ،اِمام ِاعظم ابوحنیفہ نعمان بن ثابت رضی اللہ عنہ کو اللہ
تعالیٰ نے علم و فضل کا آفتاب بنایا ہے۔آپ رضی اللہ عنہ کا ایک مشہور
لقب ’’ امامُ الاَئِمَّہ‘‘ہے،جس
کا معنی’’اماموں کا امام‘‘ ہے۔ علمِ تفسیر،علمِ حدیث،علمِ فقہ اور دین کے دیگر
فنون کے ماہرین،علماء اورائمہ کا اگر شجرہ علمی دیکھا جائے تو وہ اُوپر جا کر امامِ
اعظم ابوحنیفہ رحمہ
اللہ تعالی
سے جاملتا ہے اور بعد کے ائمہ و علماء بالواسطہ یا بلاواسطہ امامِ اعظم رضی اللہ عنہ کے
شاگرد بنتے ہیں۔ مثلاً فقہ کے ائمہ ثلاثہ امام مالک، امام شافعی اور امام احمد بن حنبل کا شجرہ علمی ملاحظہ ہو:
٭ امام ِمالک : یہ امام اعظم کے
بلا واسطہ شاگرد ہیں۔
٭ امام شافعی : امام
اعظم کے شاگرد امام محمداور امام محمد کے شاگرد امام شافعی ہیں۔
٭ امام احمد بن حنبل : امام اعظم
کے شاگرد امام محمد،امام محمد کے شاگرد امام شافعی اور امام شافعی کے شاگرد امام
احمد بن حنبل ہیں۔
علم حدیث کے ہزاروں علمائے کرام،محدثین کا
شجرہ علمی امام اعظم رحمۃ اللہ علیہ تک پہنچتا ہے۔ سرِدَست چھ مشہور
ائمہ،اصحاب صحاح ستہ یعنی امام بخاری،امام مسلم،امام ابوداؤد،امام نسائی،امام
ترمذی اور امام ابن ماجہ کا شجرہ علمی ملاحظہ ہو:
٭ امام بخاری : امام اعظم کے
شاگرد امام محمد،امام محمد کے شاگرد امام شافعی،امام شافعی کے شاگرد امام احمد بن
حنبل اور امام احمد بن حنبل کے شاگرد امام بخاری ہیں۔
٭ امام مسلم : امام اعظم کے
شاگرد امام محمد،امام محمد کے شاگرد امام شافعی، امام شافعی کے شاگرد امام احمد بن
حنبل اور امام احمد بن حنبل کے شاگرد امام مسلم ہیں۔
٭ امام ابوداؤد : امام اعظم کے
شاگرد امام محمد،امام محمد کے شاگرد امام شافعی،امام شافعی کے شاگرد امام احمد بن
حنبل اور امام احمد بن حنبل کے شاگرد امام ابوداؤد ہیں۔
٭ امام نسائی : امام اعظم کے
شاگرد امام محمد،امام محمد کے شاگرد امام شافعی،امام شافعی کے شاگرد امام احمد بن
حنبل،امام احمد بن حنبل کے شاگرد امام ابو داؤد اور امام ابو داؤد کے شاگرد امام
نسائی ہیں۔
٭ امام ترمذی :امام اعظم کے
شاگرد امام محمد،امام محمد کے شاگرد امام شافعی،امام شافعی کے شاگرد امام احمد بن
حنبل،امام احمد بن حنبل کے شاگرد امام بخاری اور امام بخاری کے شاگرد امام ترمذی
ہیں۔
٭ امام ابن ماجہ : امام اعظم کے
شاگرد امام عبداللہ بن مبارک،امام عبداللہ بن مبارک کے شاگرد امام ابوبکر بن ابی
شیبہ اور امام ابو بکر بن ابی شیبہ کے شاگرد امام ابن ماجہ ہیں۔
وللہ الحمد ۔
اللہ
کریم ہمیں بھی امام ِاعظم ابوحنیفہ نعمان بن ثابت رضی اللہ عنہ کا
علمی و روحانی فیضان نصیب فرمائے۔آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم
کَتَبَہُ:
ابوالحقائق راشدعلی عطاری رضوی مدنی۔