عالمی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت ہر ہفتے کی طرح آج رات بروز جمعرات مؤرخہ 15 اکتوبر 2026ء دنیا بھر میں ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماعات کا انعقاد کیا جائیگا۔ یہ اجتماعات تزکیۂ نفس، اصلاحِ اعمال اور سنتِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے فروغ کے لیے ایک اہم ترین ذریعہ ہیں۔ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی سمیت پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں قائم مدنی مراکِز و مساجد میں ہزاروں مقامات پر ان اجتماعات کا اہتمام کیا جائے گا جن میں لاکھوں عاشقانِ رسول شرکت کر یں گے۔

اجتماعات کا باقاعدہ آغاز نمازِ مغرب کے بعد تلاوتِ کلامِ پاک اور سرورِ کائنات صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہ میں نعت خوانی سے ہوگا۔تلاوت و نعت کے بعد دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اراکین اور دیگر مبلغین دعوتِ اسلامی مخصوص دینی، اصلاحی اور اخلاقی موضوعات پر سنتوں بھرا بیان فرمائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق آج رات عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی سے مدنی چینل پر براہِ راست (Live) نشر ہونے والے ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں مفتی شفیق عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی سنتوں بھرا بیان فرمائیں گے۔

اس کے علاوہ مدنی مرکز فیضان مدینہ فیصل آباد میں نگران پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری، مدنی مرکز فیضان مدینہ نوید کوٹ دیپالپور میں رکن شوریٰ حاجی رفیع عطاری اور آبا میاں جامع مسجددربار گیٹ پھٹک چھڑی، چٹاگانگ بنگلہ دیش میں رکن شوریٰ عبد المبین عطاری سنتوں بھرا بیان فرمائیں گے۔

اس اجتماع میں تمام عاشقانِ رسول کو شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔