دعوتِ اسلامی کے زیراہتمام 26 ستمبر 2026ء کو مدنی مرکزفیضانِ مدینہ بولونیا اٹلی (Bologna Italy) میں ایک عظیم الشان ”گرینڈ اجتماع“کا انعقاد کیا گیا۔ اس روحانی و اخلاقی پروگرام میں اٹلی اور گرد و نواح سے کثیر تعداد میں عاشقان رسول نے شرکت کی جن میں بزنس مین اور مختلف شعبہ جات کے پروفیشنلز بھی شریک تھے۔

اجتماع کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک، حمد و ثناء اور درودِ پاک کی معطر صداؤ ں سے ہوا۔ اس موقع پر درودِ پاک کے فضائل بیان کرتے ہوئے رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمانِ عالی شان پیش کیا گیا کہ قیامت کی دشوار گزار گھاٹیوں سے جلد نجات پانے والا شخص وہ ہوگا جس نے دنیا میں سب سے زیادہ درود پڑھے ہوں گے۔

اجتماع میں نگرانِ شوریٰ دعوتِ اسلامی مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے رقت و فکر انگیز بیان کیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں دنیا کی فانی حقیقت، لمبی امیدوں کے نقصانات، اور موت کی تیاری پر مفصل روشنی ڈالی۔

نگران شوریٰ نے لمبی امیدیں اور دنیا کی حقیقت پر گفتگو کرتے ہوئے امام غزالی رحمۃُ اللہِ علیہ کی کتاب”احیاء العلوم“ سے حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور ایک بوڑھے شخص کا ایمان افروز واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح لمبی امیدیں انسان کو غفلت میں ڈالتی ہیں۔ نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ارشادات کی روشنی میں انہوں نے واضح کیا کہ خواہشات کی پیروی انسان کو حق سے روکتی ہے اور لمبی امیدیں دنیا کی محبت پیدا کرتی ہیں۔

یورپ اور اٹلی میں سالہا سال سے مقیم مسلمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسان دنیا کمانے میں زندگی گزار دیتا ہے مگر اکثر موت اسے اچانک آ لیتی ہے۔ انہوں نے ہر مسلمان کو مدینہ منورہ میں ایمان و عافیت کے ساتھ شہادت کی تمنا رکھنے کی ترغیب دی اور حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی دعا کا حوالہ دیا۔

سورۃ التکاثر کی تفسیر بیان کرتے ہوئے نگرانِ شوریٰ نے خبردار کیا کہ قیامت کے دن انسان سے پانچ بنیادی سوالات کیے جائیں گے: عمر، جوانی، مال کمانے اور خرچ کرنے کی جگہ، اور علم پر عمل۔ نیز ٹھنڈے پانی اور سائے جیسی نعمتوں کا بھی حساب ہوگا۔

بیان میں دیارِ غیر میں بچوں اور نسلوں کے دین و عقائد کی حفاظت پر زور دیتے ہوئے والدین کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے گھروں میں 'فیضان آن لائن اکیڈمی' کے ذریعے بچوں کی دینی تعلیم و تربیت کا اہتمام کریں اور انہیں حبِ نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم، حبِ اہل بیت اور تلاوتِ قرآن کی تعلیم دیں۔

اجتماع کے دوران رکن شوریٰ مولانا حاجی عبدالحبیب عطاری اور دیگر ذمہ داران کی جانب سے جامعۃ المدینہ اور فیضان آن لائن اکیڈمی سے درس نظامی (عالم کورس) اور دیگر کورسز کرنے والے اسٹوڈنٹس کو اسناد (Certificates) اور انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر ایک بڑی خوشخبری سنائی گئی کہ اگلے سال اٹلی کے جامعۃ المدینہ میں درجہ ٔ دورۃ الحدیث شریف کا باقاعدہ آغاز کیا جا رہا ہے۔

بیان کے اختتام پر تمام حاضرین نے اپنے گناہوں سے سچی توبہ کی اور امیرِ اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے سلسلے (قادریہ رضویہ عطاریہ) میں بیعت کی سعادت حاصل کی۔ آخر میں امتِ مسلمہ کی بخشش، والدین کی مغفرت اور مدینہ منورہ کی حاضری کے لیے رقت انگیز دعا کی گئی اور بارگاہِ رسالت میں صلوٰۃ و سلام پیش کیا گیا۔