قرآنِ کریم اللہ تعالیٰ کی وہ عظیم کتاب ہے جو انسانی زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی فراہم کرتی ہے، مگر اس کی صحیح سمجھ اور عملی صورت احادیثِ نبویہ کے بغیر ممکن نہیں۔ شریعت کے بہت سے احکام قرآن میں اجمالی طور پر بیان ہوئے ہیں جن کی تفصیل ہمیں حدیث سے حاصل ہوتی ہے۔جیسےنماز کی مثال:ارشادِ باری تعالیٰ ہے: اَقِیْمُوا الصَّلٰوةَ ترجمہ کنز العرفان:اور نماز قائم رکھو ۔(البقرۃ:43)

لیکن نماز کی حقیقت، اس کا طریقہ، ارکان اور شرائط ہمیں رسول اللہ ﷺ کی سنت اور احادیث کے ذریعے ہی معلوم ہوتی ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ حدیث کے بغیر قرآن پر عمل ممکن نہیں۔

قرآنِ کریم نے رسول اللہ ﷺ کی اطاعت کو لازم قرار دیا ہے:

وَ مَاۤ اٰتٰىكُمُ الرَّسُوْلُ فَخُذُوْهُۗ-وَ مَا نَهٰىكُمْ عَنْهُ فَانْتَهُوْا ترجمہ کنز العرفان:اوررسول جو کچھ تمہیں عطا فرمائیں وہ لے لو اور جس سے تمہیں منع فرمائیں تو تم باز رہو۔(سورۃ الحشر، آیت: 7)

یہ آیت صراحت کے ساتھ اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ رسول اللہ ﷺ کا کسی چیز کا حکم دینا اور کسی چیز سے منع کرنا ضروری ہیں، اور یہی حدیث کی شرعی حیثیت کی بنیاد ہے۔

مزید اللہ تعالیٰ نے میں ارشاد فرمایا: وَ مَا یَنْطِقُ عَنِ الْهَوٰىؕ(۳) اِنْ هُوَ اِلَّا وَحْیٌ یُّوْحٰىۙ(۴) ترجمہ کنزالعرفان: اور وہ کوئی بات خواہش سے نہیں کہتے۔ وہ وحی ہی ہوتی ہے جو انہیں کی جاتی ہے۔ (سورۃ النجم، آیات: 3 اور 4 )

یہ آیت اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ رسول اللہ ﷺ شریعت کے معاملے میں اپنی خواہش سے کوئی بات نہیں فرماتے بلکہ آپ ﷺ کی رہنمائی وحی پر ہوتی ہے۔

اسی طرح اطاعتِ رسول کو اطاعتِ الٰہی قرار دیا گیا: میں ارشاد فرماتا ہے: مَنْ یُّطِعِ الرَّسُوْلَ فَقَدْ اَطَاعَ اللّٰهَۚ ترجمہ کنز العرفان:جس نے رسول کا حکم مانا بیشک اس نے اللہ کا حکم مانا ۔(سورۃ النساء، آیت: 80)

مطالعہ حدیث کی ضرورت اس لیے بھی تسلیم ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی اطاعت کو رسول ﷺ کی اطاعت قرار دیا ہے۔ حدیث کے بغیر نہ تو قرآن کے مفا ہیم تک رسائی ممکن ہے اور نہ ہی دین کے عملی تقاضوں کو پورا کیا جا سکتا ہے۔ لہٰذا، ایک مسلمان کے لیے کامل ہدایت اور رضائے الٰہی کا حصول تب ہی ممکن ہے جب وہ قرآنِ مجید کو حدیثِ مبارکہ کی روشنی میں سمجھے اور اپنی زندگی کے ہر شعبے میں سنتِ نبوی ﷺ کو مشعلِ راہ بنائے۔ یہی وہ واحد راستہ ہے جو انسان کو گمراہی سے بچا کر صراطِ مستقیم پر گامزن رکھتا ہے۔اللہ تعالیٰ ہمیں حدیث سے شوق و محبت نصیب کرے آمین۔


اسلام میں علم کی قدر و قیمت سب سے بلند ہے۔ اللہ تعالیٰ نے انسان کو عقل و فہم عطا کی اور نبی کریم صلى الله علیہ وسلم نے اپنی سنت کے ذریعے انسانیت کو ہدایت کی روشنی دی۔ قرآن پاک پر غور و فکر کرنا اور احادیثِ مبارکہ کو سمجھنا، صرف معلومات حاصل کرنے تک محدود نہیں بلکہ یہ دین کو صحیح انداز میں اپنانے عمل میں لانے اور زندگی کو سنوارنے کا ایک لازمی ذریعہ ہے حدیث کی تفسیر پڑھنا اور اس کے مفاہیم کو سمجھنا ہر مسلمان کے لیے نہایت ضروری ہے۔

(1) علم سے روشنی پاتا ہے :جو شخص حدیث کو سمجھے بغیر پڑھتا ہے، اس کی محنت ضائع ہوتی ہےسمجھ کر پڑھنے والا علم سے روشنی پاتا ہے اور عمل پر ثابت رہتا ہے۔صرف الفاظ یاد کرنا دین کی خدمت نہیں، بلکہ سمجھنا اور عمل کرنا دین کی حفاظت ہے۔

(2) حقیقی فائدے میں بدلنا:اگر انسان حدیث کو صرف لفظوں میں پڑھے، تو اس سے عمل اور عقیدہ پر اثر نہیں پڑتا احادیث پڑھنا کافی نہیں تفسیر اور سمجھ کے ساتھ پڑھنا ضروری ہے۔یہ علم کو حقیقی فائدے میں بدل دیتا ہے اور عمل کو درست کرتا ہے ۔

(3) بلند مقام والا : علم کا حاصل کرنا آسان نہیں لیکن جس نے حدیث اور قرآن کو سمجھا اور اس پر عمل کیا اللہ اسے بلند مقام عطا فرماتا ہےحدیث کا صحیح مفہوم سمجھنا فرض ہے ۔

(4) اصل اجر کا ملنا :جو شخص حدیث کو سمجھے بغیر سن لےوہ صرف لفظ یاد کرتا ہےاصل اجر اس کے لیے ہے جو اس کا مفہوم سمجھ کر عمل کرے حدیث کو صرف جمع کرنا کافی نہیں اس کی تفسیر سبب اور حکم جاننا لازمی ہے۔

(5) محض حافظ ہوتا ہے:علم وہی ہے جو عقل اور عمل کے ساتھ ہوحدیث کو سمجھ کر نہ پڑھنے والا محض حافظ ہے عالم نہیں حدیث کی تفسیر اور مفہوم پر غور کرنا ہر عالم کا فرض ہے۔

حدیث کی تفسیر پڑھنے سے انسان کے دل میں فہم و بصیرت پیدا ہوتی ہے وہ اپنی زندگی کے فیصلے بہتر انداز میں کر سکتا ہے اور دین کے ہر معاملے میں روشنی حاصل کرتا ہےلہٰذا حدیث کی تفسیر پڑھنا اور اس پر غور و فکر کرنا ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے۔ یہ صرف علمی مشغلے کی بات نہیں، بلکہ دل کے عمل کی اصلاح اور آخرت میں کامیابی کا سب سے بہترین ذریعہ ہے اللہ پاک ہم سب کو حدیث کی تفسیر کا مطالعہ کرنے کی توفیق عطا کرے آمین۔


آپ صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم کی حیات مبارکہ انسان کی رہنمائی کے لیے بہترین اور کامل نمونہ ہے لوگ آپ کی زندگی سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں آپ صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم کے اقوال و افعال کو حدیث کہتے ہیں حدیث قرآن کی تشریح ہے جیسے نماز کا حکم قران مجید میں صاف صاف ہے لیکن نماز کا طریقہ حدیث میں بیان ہے لہذا حدیث کا مطالعہ نہایت ہی ضرورت ہے مسلمانوں کے لیے اپنی زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے حدیث شریف کا مطالعہ کیا جائے آج ہم حدیث شریف کی ضرورت و اہمیت کے بارے میں پڑھتے ہیں ۔

حَدَّثَنَا أَبُو عَاصِمٍ الضَّحَّاكُ بْنُ مَخْلَدٍ ، ‏‏‏‏‏‏أَخْبَرَنَا الْأَوْزَاعِيُّ ، ‏‏‏‏‏‏حَدَّثَنَا حَسَّانُ بْنُ عَطِيَّةَ ، ‏‏‏‏‏‏عَنْ أَبِي كَبْشَةَ ، ‏‏‏‏‏‏عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرٍو ، ‏‏‏‏‏‏أَنّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، ‏‏‏‏‏‏قَالَ:‏‏‏‏ بَلِّغُوا عَنِّي وَلَوْ آيَةً وَحَدِّثُوا عَنْ بَنِي إِسْرَائِيلَ وَلَا حَرَجَ وَمَنْ كَذَبَ عَلَيَّ مُتَعَمِّدًا فَلْيَتَبَوَّأْ مَقْعَدَهُ مِنَ النَّارِ.ترجمہ:ہم سے ابوعاصم ضحاک بن مخلد نے بیان کیا، کہا ہم کو اوزاعی نے خبر دی، کہا ہم سے حسان بن عطیہ نے بیان کیا، ان سے ابوکبشہ نے اور ان سے عبداللہ بن عمر نے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا میرا پیغام لوگوں کو پہنچاؤ! اگرچہ ایک ہی آیت ہو اور بنی اسرائیل کے واقعات تم بیان کرسکتے ہو، ان میں کوئی حرج نہیں اور جس نے مجھ پر قصداً جھوٹ باندھا تو اسے اپنے جہنم کے ٹھکانے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔(صحیح بخاری،کتاب: انبیاء علیہم السلام کا بیان،باب: بنی اسرائیل کے واقعات حدیث نمبر: 3461)

حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ، ‏‏‏‏‏‏حَدَّثَنَا يَحْيَى، ‏‏‏‏‏‏عَنْ شُعْبَةَ، ‏‏‏‏‏‏حَدَّثَنِي عُمَرُ بْنُ سُلَيْمَانَ مِنْ وَلَدِ عُمَرَ بْنِ الْخَطَّابِ، ‏‏‏‏‏‏عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ أَبَانَ، ‏‏‏‏‏‏عَنْ أَبِيهِ، ‏‏‏‏‏‏عَنْ زَيْدِ بْنِ ثَابِتٍ، ‏‏‏‏‏‏قَالَ:‏‏‏‏ سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، ‏‏‏‏‏‏يَقُولُ:‏‏‏‏ نَضَّرَ اللَّهُ امْرَأً سَمِعَ مِنَّا حَدِيثًا فَحَفِظَهُ حَتَّى يُبَلِّغَهُ، ‏‏‏‏‏‏فَرُبَّ حَامِلِ فِقْهٍ إِلَى مَنْ هُوَ أَفْقَهُ مِنْهُ، ‏‏‏‏‏‏وَرُبَّ حَامِلِ فِقْهٍ لَيْسَ بِفَقِيهٍ.ترجمہ:زید بن ثابت کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا: اللہ تعالیٰ اس شخص کو تروتازہ رکھے جس نے ہم سے کوئی بات سنی اور اسے یاد رکھا یہاں تک کہ اسے دوسروں تک پہنچا دیا کیونکہ بہت سے حاملین فقہ ایسے ہیں جو فقہ کو اپنے سے زیادہ فقہ و بصیرت والے کو پہنچا دیتے ہیں، اور بہت سے فقہ کے حاملین خود فقیہ نہیں ہوتے ہیں ۔ (سنن ابوداؤد،کتاب: علم کا بیان،باب: علم کی نشرواشاعت کی فضیلت،حدیث نمبر: 3660)

حَدَّثَنَا أَبُو نُعَيْمٍ ، ‏‏‏‏‏‏حَدَّثَنَا سَعِيدُ بْنُ عُبَيْدٍ ، ‏‏‏‏‏‏عَنْ عَلِيِّ بْنِ رَبِيعَةَ ، ‏‏‏‏‏‏عَنْ الْمُغِيرَةِ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ،‏‏‏‏ قَالَ:‏‏‏‏ سَمِعْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ،‏‏‏‏ يَقُولُ:‏‏‏‏ إِنَّ كَذِبًا عَلَيَّ لَيْسَ كَكَذِبٍ عَلَى أَحَدٍ مَنْ كَذَبَ عَلَيَّ مُتَعَمِّدًا، ‏‏‏‏‏‏فَلْيَتَبَوَّأْ مَقْعَدَهُ مِنَ النَّارِ، ‏‏‏‏‏‏سَمِعْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ،‏‏‏‏ يَقُولُ:‏‏‏‏ مَنْ نِيحَ عَلَيْهِ يُعَذَّبُ بِمَا نِيحَ عَلَيْهِ.

ترجمہ:ہم سے ابونعیم نے بیان کیا کہا کہ ہم سے سعید بن عبید نے ان سے علی بن ربیعہ نے اور ان سے مغیرہ بن شعبہ نے کہ میں نے نبی کریم ﷺ سے سنا آپ ﷺ فرماتے تھے کہ میرے متعلق کوئی جھوٹی بات کہنا عام لوگوں سے متعلق جھوٹ بولنے کی طرح نہیں ہے جو شخص بھی جان بوجھ کر میرے اوپر جھوٹ بولے وہ اپنا ٹھکانا جہنم میں بنا لے۔ اور میں نے نبی کریم ﷺ سے یہ بھی سنا کہ کسی میت پر اگر نوحہ و ماتم کیا جائے تو اس نوحہ کی وجہ سے بھی اس پر عذاب ہوتا ہے۔ (صحیح بخاری،کتاب: جنازوں کا بیان، باب: میت پر نوحہ کرنا مکروہ ہے،حدیث نمبر: 1291)

مذکورہ احادیث سے معلوم ہوا آپ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے فرمایا کہ میرا پیغام لوگوں تک پہنچاؤ یعنی حدیث کو عام کرو اب ظاہر سی بات ہے کہ جب حدیث کا مطالعہ کیا جائے گا تب ہی ہم اسے لوگوں تک پہنچا سکیں گے اور گمراہی سے بچا سکیں گے اور سنت پر عمل کر سکیں گے اور آپ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے یہ بھی فرمایا کہ جس نے مجھ پر جان بوجھ کر جھوٹ باندھا وہ جہنم میں اپنا ٹھکانہ بنا دے اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ اگر حدیث کا مطالعہ نہ کیا جائے اور بغیر کسی دلیل کے کوئی بات حضور صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کی طرف منسوب کر دی جائے تو اس کا نتیجہ جہنم ہی ہے لہذا ہمیں حدیث کا مطالعہ کرنے کی کوشش کرنی چاہیے کوشش نہیں بلکہ آپ صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم ہی ہمارے لیے سب کچھ ہے تو ان کی حدیث کو پڑھنا ہم پر فرض ہے کیونکہ قران کی تشریح حدیث ہے لہذا اللہ تعالی ہمیں حدیث کا مطالعہ کرنے سنت پر چلنے اور دوسروں کو چلانے کی بھی توفیق عطا فرمائے۔امین بجاہ نبی الامین صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم


اسلامی تعلیمات کا اصل سرچشمہ قرآنِ کریم ہے، اور قرآن کی عملی تشریح اور زندگی میں اس کے اطلاق کا بہترین معیار سنتِ نبوی ہے، جو احادیثِ مبارکہ کے ذریعے محفوظ ہے۔ احادیث نہ صرف رسول اللہ ﷺ کے ارشادات اور اعمال کو محفوظ کرتی ہیں بلکہ ایمان، عبادات، اخلاق اور معاملات کے ہر پہلو پر رہنمائی کا روشن چراغ بھی ہیں۔مسلمان کے لیے دین کو صحیح طور پر سمجھنا، اس پر عمل کرنا اور اپنی شخصیت کو نبوی کردار کے مطابق ڈھالنا تب ہی ممکن ہے جب وہ احادیث کا باقاعدہ مطالعہ کرے۔

مطالعۂ حدیث انسان کے علم میں اضافہ کرتا ہے، دل میں ایمان کی پختگی پیدا کرتا ہے، اخلاقی تربیت کو مضبوط بناتا ہے اور دین کے مختلف مسائل کو سمجھنے میں اعتماد بخشتا ہے۔ سنتِ رسول ﷺ کو جانے بغیر ایک مسلمان کی دینی زندگی ادھوری رہتی ہے، اسی لیے علماء نے ہمیشہ احادیث کے علم کو ’’فہمِ دین کی بنیاد‘‘ قرار دیا ہے۔آئیے اس کے متعلق چند آیت مبارکہ ملاحظہ ہوں:

ترجمۂ کنز الایمان:جس نے رسول کا حکم مانا بے شک اس نے اللہ کا حکم مانا اور جس نے منہ پھیرا تو ہم نے تمہیں ان کے بچانے کو نہ بھیجا۔(النساء آیت نمبر 80)

ترجمۂ کنز الایمان:تو اے محبوب تمہارے رب کی قسم وہ مسلمان نہ ہوں گے جب تک اپنے آپس کے جھگڑے میں تمہیں حاکم نہ بنائیں پھر جو کچھ تم حکم فرما دو اپنے دلوں میں اس سے رکاوٹ نہ پائیں اور جی سے مان لیں۔(النساء آیت نمبر 65)

ترجمۂ کنز الایمان: جو غنیمت دلائی اللہ نے اپنے رسول کو شہر والوں سے وہ اللہ اور رسول کی ہے اور رشتہ داروں اور یتیموں اور مسکینوں اور مسافروں کے لیے کہ تمہارے اغنیا کا مال نہ ہوجائے اور جو کچھ تمہیں رسول عطا فرمائیں وہ لو اور جس سے منع فرمائیں باز رہو اور اللہ سے ڈروبےشک اللہ کا عذاب سخت ہے ۔ (الحشر:7)

آخر میں یہ حقیقت واضح ہوجاتی ہے کہ احادیثِ نبویہ کا مطالعہ ہر مسلمان کی روحانی، اخلاقی اور عملی زندگی کا بنیادی ستون ہے۔ قرآنِ کریم کی صحیح تفہیم، عبادات کی درست ادائیگی، معاملات میں انصاف، اور اخلاق میں خوبصورتی یہ سب تبھی ممکن ہیں جب ہم نبی کریم ﷺ کی سنت کو علم و عمل کے ساتھ اپنائیں۔ احادیث ہمیں نہ صرف دین کا صحیح راستہ بتاتی ہیں بلکہ زندگی کے ہر موڑ پر راہنمائی فراہم کرتی ہیں۔

لہٰذا ضروری ہے کہ مسلمان نوجوان اور بڑے سبھی سنتِ نبوی ﷺ سے مضبوط تعلق قائم کریں، صحیح احادیث کا مطالعہ کریں اور اپنی عملی زندگی کو ان کے مطابق سنوارنے کی کوشش کریں۔ یہی رویہ ہمارے ایمان کو مضبوط، کردار کو روشن اور معاشرے کو بہتر بناتا ہے۔اللہ پاک سے دعا ہے جو کچھ سیکھا اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین بجاہ الخاتم النبیین


اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے جو انسان کی زندگی کے ہر پہلو میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ اس جامع نظام کو صحیح طور پر سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کے لیے مطالعۂ حدیث کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔ حدیث دراصل وہ ذریعہ ہے جس کے ذریعے اسلامی تعلیمات عملی شکل میں ہمارے سامنے آتی ہیں اور ہمیں زندگی گزارنے کا صحیح سلیقہ سکھاتی ہیں۔

رسول اللہ ﷺ کی ذاتِ مبارکہ اسلام کی عملی تصویر ہے۔ آپ ﷺ کی زندگی اخلاق، عدل، رحمت اور اعتدال کا بہترین نمونہ ہے۔ مطالعۂ حدیث کے ذریعے ہمیں رسول اللہ ﷺ کے اقوال، افعال اور طریقہ زندگی سے واقفیت حاصل ہوتی ہے، جس سے ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ ایک مسلمان کو عملی طور پر کیسا ہونا چاہیے۔ یوں مطالعۂ حدیث ہمیں رسول اللہ ﷺ کی سیرت سے جوڑنے کا معتبر ذریعہ بنتا ہے۔

مطالعۂ حدیث کی ایک بڑی ضرورت یہ ہے کہ یہ انسان کی اخلاقی اور روحانی تربیت کرتا ہے۔ اس کے ذریعے سچائی، دیانت، صبر، برداشت اور حسنِ سلوک جیسی صفات میں پختگی آتی ہے۔ جب فرد اپنی زندگی کو رسول اللہ ﷺ کے اسوۂ حسنہ کی روشنی میں ڈھالتا ہے تو اس کا کردار نکھر جاتا ہے اور وہ معاشرے کے لیے فائدہ مند بن جاتا ہے۔

اسی طرح ہمیں قرآن پاک میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرمان کی اہمیت کو سمجھاتے ہوئے ایک آیت میں بتایا جارہا ہے کہ : مَنْ یُّطِعِ الرَّسُوْلَ فَقَدْ اَطَاعَ اللّٰهَۚ-وَ مَنْ تَوَلّٰى فَمَاۤ اَرْسَلْنٰكَ عَلَیْهِمْ حَفِیْظًاؕ(۸۰) ترجمہ کنزالایمان :جس نے رسول کا حکم مانا بے شک اس نے اللہ کا حکم مانا اور جس نے منہ پھیرا تو ہم نے تمہیں ان کے بچانے کو نہ بھیجا۔( النساء 4 آیت 80 )

اس آیت کے مطابق جس نے ان کی اطاعت سے اِعراض کیا تو اس کا وبال اسی پر ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے انہیں اس لئے نہیں بھیجا کہ آپ ص ﷺ بہرصورت انہیں جہنم سے بچائیں بلکہ صرف تبلیغ کیلئے بھیجا ہے تو ہمیں چاہیے کہ ہم حدیث پاک کا مطالعہ کریں تاکہ ہم لوگ اس کی ضرورت و اہمیت سے واقف رہیں ۔

قران پاک میں ایک آیت کے ذریعے ہمیں سمجھایا جا رہا ہے کہ رسول پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے فرمان کی کتنی اہمیت ہے اور اگر کوئی ان کے فرمان سے روگردانی کرتا ہے تو اس کی کیا سزا ہوگی آیت ملاحظہ ہوں : فَلَا وَ رَبِّكَ لَا یُؤْمِنُوْنَ حَتّٰى یُحَكِّمُوْكَ فِیْمَا شَجَرَ بَیْنَهُمْ ثُمَّ لَا یَجِدُوْا فِیْۤ اَنْفُسِهِمْ حَرَجًا مِّمَّا قَضَیْتَ وَ یُسَلِّمُوْا تَسْلِیْمًا(۶۵) ترجمہ کنزالایمان : تو اے محبوب تمہارے رب کی قسم وہ مسلمان نہ ہوں گے جب تک اپنے آپس کے جھگڑے میں تمہیں حاکم نہ بنائیں پھر جو کچھ تم حکم فرمادو اپنے دلوں میں اس سے رکاوٹ نہ پائیں اور جی سے مان لیں ۔( النساء 4 آیت 65)

اس آیت میں ہمیں بتادیا گیا کہ حبیب ِ خدا، محمد مصطفٰی ص ﷺ کے حکم کو تسلیم کرنا فرضِ قطعی ہے۔ جو شخص تاجدارِ رسالت ص ﷺ کے فیصلے کو تسلیم نہیں کرتا وہ کافر ہے، ایمان کا مدار ہی اللہ کے رسول ص ﷺ کے حکم کو تسلیم کرنے پر ہے۔

ان آیات کریمہ سے ہمیں معلوم ہوا کہ رسول اللہ کے فرمان اور ان کے حکم کی بلند و بالا اہمیت ہے اور ان احکام کو جاننے کے لیے ہمیں حدیث کو ضروری طور پر اختیار کرنا ہوگا ۔

مختصر یہ کہ مطالعۂ حدیث ایک مسلمان کے لیے نہایت ضروری ہے۔ یہ نہ صرف ہمیں رسول اللہ ﷺ کی ذاتِ اقدس سے گہرا تعلق قائم کرنے میں مدد دیتا ہے بلکہ ہماری فردی زندگی، اخلاق اور معاشرت کو سنوارنے کا مؤثر ذریعہ بھی ہے۔ اسی لیے کامیاب اور بامقصد زندگی کے لیے مطالعۂ حدیث کو مستقل اہتمام کے ساتھ اپنانا چاہیے۔رب تعالی ہمیں مطالعہ حدیث کی ضرورت و اہمیت کو سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے امین بجاہ نبی الامین صلی اللہ علیہ والہ آصحابہ وبارک وسلم۔


اسلام ایک کامل اور مکمل مذہب ہے جو ہر طرح کے عیب و نقص اور کمی سے پاک و صاف اور منزہ ہے اسلام ہی وہ واحد مذہب ہے جو اللہ پاک کا محبوب اور پسندیدہ ترین مذہب اسی مذہب کی تعلیم کے لئے اللہ پاک نے اپنے پیارے بندوں کو مبعوث فرمایا اور انہیں رسالت و نبوت کے اعلی منصب پر فائز فرمایا دین اسلام کے بنیادی ستون ہیں جو کہ قرآن و حدیث ہیں یہی دین اسلام کی تعلیمات کے بنیادی ماخذ ہیں ،دین اسلام کے دوسرے ستون یعنی حدیث رسول کا وہ مقام وہ مرتبہ ہے کہ اس کے بغیر کتاب اللہ کا فہم اور اس کا ادراک اور اس کے احکامات پر عمل نہیں ہوسکتا کیونکہ قرآن کریم میں اجمالی حکم دیا گیا اور حدیث مبارکہ سے اس کی تفصیل اور تفسیر ہوتی ہے اس کی کئی مثالیں ہیں جن میں سے چند درج ذیل ہیں:

(1) نماز:اللہ کریم نے قرآن کریم میں کئی مقامات پر نماز کا حکم دیا اور اس کی فرضیت کو بیان کیا لیکن نماز کیسے پڑھی جائے اس میں کتنی رکعتیں ہیں کتنے سجدے ہیں کتنی قراءت کرنی ہے نماز کے کیا فرائض کیا واجبات اور کیا سنتیں ہیں ان چیزوں کو قرآن کریم میں بیان نہ کیا بلکہ ان کی تفصیل ہمیں احادیث مبارکہ سے ملی کہ اتنی رکعتیں ہیں یہ یہ فرائض ہیں یہ شرائط اور یہ واجبات ہیں ۔

(2) زکوٰۃ:اللہ کریم نے قرآن کریم میں بہت سے مقامات پر زکوٰۃ کا حکم دیا لیکن اس بات کو بیان نہ کیا کہ کتنے مال میں زکوٰۃ ہوگی اور کتنی زکوٰۃ ہوگی اور کب لازم ہوگی یہ تمام باتیں ہمیں احادیث مبارکہ سے معلوم ہوئی کہ زکوٰۃ کا نصاب کیا ہے کب واجب ہوتی ہے اور کتنی زکوٰۃ ہوگی۔

(3) چوری پرہاتھ کاٹنا:اللہ کریم نے قرآن مجید میں فرمایا :وَ السَّارِقُ وَ السَّارِقَةُ فَاقْطَعُوْۤا اَیْدِیَهُمَا جَزَآءًۢ بِمَا كَسَبَا نَكَالًا مِّنَ اللّٰهِؕ-وَ اللّٰهُ عَزِیْزٌ حَكِیْمٌ(۳۸) ترجمۂ کنز الایمان:اور جو مرد یا عورت چور ہو تو ان کا ہاتھ کاٹو ان کے کیے کا بدلہ اللہ کی طرف سے سزااور اللہ غالب حکمت والا ہے۔(پ 6 مائدہ آیت 38)

اس آیت میں اللہ پاک نے فرمایا کہ چوری پر ہاتھ کاٹیں جائیں لیکن یہ بیان نہیں کیا کہ کتنا مال چرانے پر ہاتھ کاٹیں جائیں اور کہاں سے کاٹیں جائیں یہ باتیں فرمان رسول سے معلوم ہوئی۔

چناچہ حدیث مبارکہ میں آیا ہے:وَعَنِ ابْنِ عُمَرَ، قَالَ: قَطَعَ النَّبِيُّ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَدَ السَّارِقِ فِي مِجَنِّ ثَمَنُهُ ثَلَاثَةُ دَرَاهِمَ مُتَّفَقٌ عَلَيْهِ.روایت ہے حضرت ابن عمر سے فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے چور کے ہاتھ اس ڈھال میں کاٹے جس کی قیمت تین درہم تھی۔ (مشکوۃ المصابیح رقم الحدیث 3591)

اس حدیث سے معلوم ہوا کہ کم ازکم ایک دینار کی چوری ہوئی ہو تب چور کے ہاتھ کاٹیں جائیں ۔

(4) نماز قصر:اللہ کریم فرماتا ہے: وَ اِذَا ضَرَبْتُمْ فِی الْاَرْضِ فَلَیْسَ عَلَیْكُمْ جُنَاحٌ اَنْ تَقْصُرُوْا مِنَ الصَّلٰوةِ اِنْ خِفْتُمْ اَنْ یَّفْتِنَكُمُ الَّذِیْنَ كَفَرُوْاؕ-اِنَّ الْكٰفِرِیْنَ كَانُوْا لَكُمْ عَدُوًّا مُّبِیْنًا(۱۰۱) ترجمۂ کنز الایمان :اور جب تم زمین میں سفر کرو تو تم پر گناہ نہیں کہ بعض نمازیں قصر سے پڑھو اگر تمہیں اندیشہ ہو کہ کافر تمہیں ایذا دیں گے بے شک کفار تمہارے کھلے دشمن ہیں۔(پ 5 نساء آیت 101)

اس آیت میں نماز قصر کو خوف کے ساتھ خاص کیا گیا ہے لیکن حدیث سے یہ بات معلوم ہوئی کہ حالت امن میں بھی نماز قصر پڑھ سکتے ہیں۔اس طرح کی کئی مثالیں موجود ہیں جو کہ ہمیں حدیث مبارکہ سے معلوم ہوئے ۔

اس سے یہ واضح ہوگیا کہ حدیث کی اہمیت کیا ہے مزید یہ کہ اللہ کریم نے خود نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع اور پیروی کا حکم دیا ہے چناچہ ارشاد باری ہے:قُلْ اَطِیْعُوا اللّٰهَ وَ الرَّسُوْلَۚ-فَاِنْ تَوَلَّوْا فَاِنَّ اللّٰهَ لَا یُحِبُّ الْكٰفِرِیْنَ ترجمۂ کنز الایمان:تم فرمادو کہ حکم مانو اللہ اور رسول کاپھر اگر وہ منہ پھیریں تو اللہ کو خوش نہیں آتے کافر۔(پ 3 آل عمران آیت 32)

اب بھی اگر کوئی کہے کہ ہمیں حدیث کی حاجت نہیں قرآن ہی کافی ہے تو وہ نماز اور زکوٰۃ اور دیگر احکام میں حدیث پر عمل نہ کرے بلکہ خود نیا طریقہ ایجاد کرے اور یہ بھی کہ منکرین حدیث گمراہ اور جاہل ہیں ۔

اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمیں صحیح معنوں میں قرآن و حدیث پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین ۔


اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو نہ صرف عقائد و عبادات بلکہ اخلاق، معاملات، معاشرت، سیاست، تعلیم اور تربیت تک کی مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ اس کامل دین کی بنیاد دو اہم ستونوں پر قائم ہے قرآن کریم اور احادیث نبویہ۔جہاں قرآن مجید اللہ تعالیٰ کا کلام ہے، وہیں احادیث نبویہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اقوال، افعال، اور تقریر پر مشتمل ہیں، جو قرآن کی وضاحت، تشریح اور عملی تفسیر پیش کرتی ہیں۔ لہٰذا مطالعہ حدیث، ایک مسلمان کی دینی، اخلاقی اور روحانی زندگی میں غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔

قرآن کی تفسیر اور تکمیل:قرآن کریم کے بہت سے احکامات اجمالی انداز میں نازل ہوئے ہیں، جن کی تفصیلات ہمیں صرف سنت اور حدیث سے حاصل ہوتی ہیں۔ مثال کے طور پرقرآن میں نماز کا حکم ہے، مگر نماز کے طریقے، رکعتیں، اذکار یہ سب ہمیں حدیث سے ملتے ہیں۔زکٰوۃ کی شرح، روزے کے مسائل، اور حج کے مناسک بھی حدیث کی رہنمائی کے بغیر سمجھنا ممکن نہیں۔

نبی ﷺ کی سنت، بہترین عملی نمونہ:اللہ تعالیٰ نے فرمایا: لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِیْ رَسُوْلِ اللّٰهِ اُسْوَةٌ حَسَنَةٌ

ترجمہ کنز الایمان: بےشک تمہیں رسول اللہ کی پیروی بہتر ہے۔(الاحزاب: 21)

یہ ہمیں سیرت اور حدیث کے ذریعے ہی حاصل ہوتا ہے۔ نبی ﷺ کے اقوال و افعال ہی اصل اسلام کی عملی شکل ہیں۔

ایمان کی مضبوطی اور روحانیت میں اضافہ:حدیث کا مطالعہ ایمان کو تازہ کرتا ہے، دل میں نبی ﷺ کی محبت بڑھاتا ہے، اور اللہ سے تعلق کو مضبوط بناتا ہے۔ جب انسان نبی ﷺ کے اخلاق، تواضع، عدل، حلم اور صبر کو پڑھتا ہے تو اس کے اندر ان صفات کو اپنانے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔

فتنوں سے بچاؤ:آج کے دور میں بے شمار فتنے، غلط عقائد، اور بدعات پھیل چکے ہیں۔ مطالعہ حدیث انسان کو صحیح علم دیتا ہے، جس کی مدد سے وہ ان فتنوں سے بچ سکتا ہے، اور صراطِ مستقیم پر قائم رہ سکتا ہے۔

علم و عمل کا ذریعہ:حدیث صرف معلومات نہیں دیتی، بلکہ انسان کے عمل کو سنوارتی ہے۔ نبی ﷺ کی ہر بات میں حکمت، ہر فعل میں توازن، اور ہر تعلیم میں خیر کا پہلو موجود ہے۔ جو شخص حدیث کو سیکھتا ہے، اس کی سوچ، گفتار، اور کردار میں بھی بہتری آتی ہے۔

آخرت کی تیاری:نبی ﷺ کی احادیث ہمیں قیامت، قبر، حساب کتاب، جنت و جہنم کے بارے میں خبر دیتی ہیں۔ یہ باتیں انسان کو نیک عمل کی طرف راغب کرتی ہیں اور دنیا کی غفلت سے نکال کر آخرت کی فکر دیتی ہیں۔

مطالعہ حدیث کوئی معمولی عمل نہیں، بلکہ یہ نجات کا ذریعہ ہے۔ یہ ہمیں نبی ﷺ کی زبانِ مبارک سے نکلی ہوئی وہ ہدایت فراہم کرتا ہے جو قیامت تک انسانیت کے لیے چراغ راہ ہے۔ ہمیں چاہیے کہ روزانہ وقت نکال کر احادیث کا مطالعہ کریں، ان کو سمجھیں، ان پر عمل کریں اور دوسروں تک پہنچائیں۔


اسلام ایک مکمل دین ہے جو انسان کی زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ قرآن مجید کے ساتھ ساتھ نبی کریم ﷺ کی احادیث اسلامی تعلیمات کا دوسرا ستون ہیں۔ حدیث، نبی ﷺ کے اقوال، افعال اور تقریرات کا مجموعہ ہے جو قرآن کی تشریح اور عملی اطلاق میں مدد دیتا ہے۔ اس کی ضرورت اور اہمیت کو سمجھنا ہر مسلمان کے لیے لازم ہے۔

سب سے پہلے، حدیث قرآن کی وضاحت اور تفہیم میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ قرآن کریم میں احکام اور ہدایات تو بیان کی گئی ہیں، مگر ان کی تفصیل اور عملی صورت حدیث سے ہی معلوم ہوتی ہے۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن میں ارشاد فرمایا:وَ مَاۤ اٰتٰىكُمُ الرَّسُوْلُ فَخُذُوْهُۗ-وَ مَا نَهٰىكُمْ عَنْهُ فَانْتَهُوْا ترجمہ کنز الایمان: اور جو کچھ تمہیں رسول عطا فرمائیں وہ لو اور جس سے منع فرمائیں باز رہو۔(الحشر:7)

اس آیت سے واضح ہوتا ہے کہ قرآن اور سنت دونوں پر عمل کرنا فرض ہے۔

اہل سنت وجماعت کے لیے احادیث کی مطالعہ کی ایک اور اہم وجہ فقہ اور شرعی احکام کی درست سمجھ ہے۔ فقہاء نے قرآن اور حدیث کی بنیاد پر شریعت کے اصول وضع کیے ہیں۔ اگر حدیث کو نہ سمجھا جائے تو دین کی عملی شکل غیر مستند ہو سکتی ہے۔ امام بخاری اور امام مسلم کی صحیحین میں ایسی کئی احادیث موجود ہیں جو نماز، روزہ، زکاۃ اور حج کے احکام کی وضاحت کرتی ہیں۔ مثال کے طور پر، امام بخاری کی کتاب صحیح البخاری میں نماز کے متعلق مکمل احکام بیان ہوئے ہیں، اور یہ حدیثوں کے بغیر ممکن نہ تھا۔

مطالعہ حدیث اخلاقی اور روحانی تربیت کے لیے بھی ضروری ہے۔ نبی ﷺ کی سیرت اور کردار مسلمانوں کے لیے بہترین نمونہ ہیں۔

یہاں سے یہ واضح ہوتا ہے کہ صرف عبادت کرنا ہی کافی نہیں بلکہ اخلاقی تربیت بھی حدیث کے مطالعہ سے حاصل ہوتی ہے۔مزید برآں، جدید زمانے میں فتنہ اور غلط فہمیاں عام ہیں۔ ایسے میں صحیح حدیث کی پہچان اور مطالعہ مسلمانوں کو ان غلط فہمیوں سے بچاتا ہے۔

اہمیت کا ایک اور پہلو یہ ہے کہ حدیث کے مطالعہ سے فقہ اور شریعت کی بنیاد مضبوط ہوتی ہے۔ نبی ﷺ کی احادیث قرآن کے عملی اور نظریاتی مفہوم کو واضح کرتی ہیں، جس سے مسلمانوں کو درست رہنمائی حاصل ہوتی ہے۔ امام نسائی اور امام ابو داؤد کی کتب میں بھی فقہی مسائل کی وضاحت میں احادیث کا لازمی کردار واضح ہے۔آخر میں کہا جا سکتا ہے کہ حدیث کا مطالعہ ہر مسلمان کے لیے فرضی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ نہ صرف دینی علم بڑھاتا ہے بلکہ اخلاقی تربیت، معاشرتی ہدایات، اور فقہی مسائل کی سمجھ بھی فراہم کرتا ہے۔ لہذا اہل سنت کی معتبر کتب جیسے: صحیح البخاری، صحیح مسلم، سنن ترمذی، سنن نسائی، سنن ابوداؤد، اور فتح الباری کا مطالعہ ہر مسلمان کی زندگی میں رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔


قرآنِ مجید کے بعد احادیثِ نبویہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فقہ اسلامی کا دوسرا مآخذ ہے کیونکہ ذاتِ باری تعالیٰ کے بعد حضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ وسلم اس کائنات کی افضل و اعلیٰ شخصیت ہیں جن کا مقام و مرتبہ سب سے بلند و بالا ہے.

قرآن کی تفسیر کا ماخذ :مطالعہ حدیث کی ضرورت و اہمیت اِتنی ہی زیادہ اہم ہے جتنی مطالعہ قرآن و تفسیر کی اہمیت ہے۔احادیثِ مبارکہ کا مطالعہ کرنے سے ہی قرآن کے اسرار و رموز کی صحیح تشریح اور بہترین تفسیر حاصل ہوتی ہے۔ بلکہ قرآن کی معتبر و مستند تفسیر احادیث میں ہی موجود ہےفنّ حدیث اور مطالعہ حدیث کی ضرورت و اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ علماء محدّثین نے احادیث کے انمول خزانے کو اُمتِ محمّدیہ (علی صاحبھا الصلوٰۃ والسلام) تک پہنچانے کیلئے احادیث کی اسناد و متون،احادیث کی اقسام،راویوں کے حالات و واقعات اور احادیث کی تشریح و تصحیح،تحکیمِ حدیث و علومِ حدیث پر بے شمار کُتب مرتّب کیں تاکہ ہر کوئی حدیث کے علوم و معارف سے آگاہی حاصل کر کے آخرت میں سرخ رُو ہو سکے۔

اس کی چند امثلہ درج ذیل ہیں:قرآن پاک میں اللہ تبارک وتعالیٰ کا فرمان ہے:

وَ اَقِیْمُوا الصَّلٰوةَ وَ اٰتُوا الزَّكٰوةَ وَ ارْكَعُوْا مَعَ الرّٰكِعِیْنَ(۴۳) ترجمۂ کنز الایمان : اور نماز قائم رکھو اور زکوٰۃ دو اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرو۔ (پارہ 1 سورۃ البقرۃآیت نمبر 43)

اس آیت میں تین چیزیں اجمالاً بیان کی گئی ہیں جن کی عملی تشریح کا مکمل علم مطالعہ احادیث سے ہی حاصل ہوگا۔

(1) وَ اَقِیْمُوا الصَّلٰوةَ :نماز قائم رکھو۔قرآنِ کریم میں نماز ادا کرنے کا بنیادی حکم تو بیان ہوا ہے، مگر نماز کی تفصیلات جیسے اس کے فرائض و واجبات اورشرائط،مستحبات و مباحات، مکروہات اور مفسدات سب کی مکمل وضاحت حدیثِ نبوی ﷺ سے ہی معلوم ہوتی ہے۔

(2) وَ اٰتُوا الزَّكٰوةَ : اور زکوٰۃ دو۔ آیت کے اس حصے میں صرف اور صرف زکوٰۃ ادا کرنے کا بنیادی حکم موجود ہے البتہ زکوٰۃ کانصاب،مقدار،زکوٰۃ کے مصارف، یعنی کون لوگ زکوۃ کے مستحق ہیں اور کون نہیں؟ کن لوگوں پر زکوۃ فرض اور کن پر نہیں؟ اس کی مکمّل تشریح و توضیح مطالعہ احادیث سے ہی معلوم ہوگی۔

(3) وَارْكَعُوْا مَعَ الرّٰكِعِیْنَ : اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرو۔ آیت کے اس حصّے میں جماعت کے ساتھ نماز ادا کرنے کی ترغیب دلائی گئی ہے۔ جبکہ باجماعت نماز ادا کرنے کے فضائل و برکات، جماعت کا واجب ہونا ، ترک جماعت کے اعذار وغیرہ تمام کا تفصیلاً بیان احادیث کریمہ سے ہی حاصل ہوگا۔

المختصر یہ کہ قرآن پاک حکم دیتا ہے اور حدیث اس کی عملی تشریح و تکمیل فراہم کرتی ہے احادیث سے رو گردانی کر کے قرآن کی من و عن تشریح اور قرآن کے مطالب و مفاہیم کو سمجھنا نا ممکن ہے۔

اس کے باوجود جو لوگ حدیث کے منکر ہیں اُن سے اگر یوں کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کہ احادیث کے بغیر قرآن کا صحیح ہونا کہاں سے معلوم ہوگا اور قرآن کا تشکیک و تحریف سے پاک ہونا بھی ثابت نہیں ہوگا کیونکہ قرآن بھی روایت و درایت کے ذریعے ہم تک پہنچا ہے۔

الغرض قرآنِ کریم کے احکام کی مکمل عملی وضاحت احادیث سے ہی حاصل ہوتی ہے۔ حدیث نبی کریم ﷺ کے قول، فعل اور تقریر کا مجموعہ ہے جو دین کی صحیح سمجھ، عبادات کا طریقہ، اخلاق و معاملات کی رہنمائی اور شریعت کی تفصیل فراہم کرتا ہے۔ حدیث کے بغیر نماز، روزہ،حج زکوٰۃ اور دیگر تمام احکام کی صحیح کیفیت معلوم نہیں ہو سکتی۔ اسی طرح حدیث دین میں بگاڑ سے حفاظت کرتی ہے، سنتِ نبوی کو زندہ رکھتی ہے، ایمان کو مضبوط کرتی ہے اور مسلمانوں کی عملی زندگی کو نبی ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے میں مدد دیتی ہے۔ لہٰذا قرآن کے بعد سب سے معتبر اور مستند ذریعۂ ہدایت حدیث ہے، جس کا مطالعہ ہر مسلمان کے لیے نہایت اہم اور مفید بلکہ ضروری ہے۔


اسلامی تعلیمات کی بنیادی اور اصل بنیاد قرآنِ مجید ہے، جبکہ قرآن کا عملی مفہوم اور روزمرہ زندگی میں اس کے نفاذ کا کامل نمونہ سنتِ نبوی ﷺ ہے، جو احادیثِ مبارکہ کے ذریعے ہم تک پہنچی ہے۔ احادیثِ رسول ﷺ نہ صرف آپ کے اقوال و افعال کو محفوظ کرتی ہیں بلکہ عقیدہ، عبادات، اخلاق اور معاشرتی معاملات سمیت دین کے ہر پہلو میں واضح رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔ ایک مسلمان کے لیے دین کو درست طور پر سمجھنا، اس پر عمل پیرا ہونا اور اپنی زندگی کو سیرتِ نبوی ﷺ کے مطابق ڈھالنا اسی وقت ممکن ہوتا ہے جب وہ احادیث کا سنجیدگی سے مطالعہ کرے۔

مطالعۂ حدیث علم میں وسعت پیدا کرتا ہے، دل میں ایمان کو مضبوط کرتا ہے، اخلاقی کردار کی تعمیر کرتا ہے اور دینی مسائل کو سمجھنے میں یقین اور بصیرت عطا کرتا ہے۔ سنتِ رسول ﷺکے علم کے بغیر مسلمان کی دینی زندگی نامکمل رہتی ہے، اسی بنا پر علماء کرام نے علمِ حدیث کو ہمیشہ دین کی سمجھ کا بنیادی ستون قرار دیا ہے۔آئیے اس کے متعلق چند آیت مبارکہ ملاحظہ ہوں:

ترجمۂ کنز الایمان:جس نے رسول کا حکم مانا بے شک اس نے اللہ کا حکم مانا اور جس نے منہ پھیرا تو ہم نے تمہیں ان کے بچانے کو نہ بھیجا۔(النساء آیت نمبر 80)

ترجمۂ کنز الایمان:تو اے محبوب تمہارے رب کی قسم وہ مسلمان نہ ہوں گے جب تک اپنے آپس کے جھگڑے میں تمہیں حاکم نہ بنائیں پھر جو کچھ تم حکم فرما دو اپنے دلوں میں اس سے رکاوٹ نہ پائیں اور جی سے مان لیں۔(النساء آیت نمبر 65)

ترجمۂ کنز الایمان:جو غنیمت دلائی اللہ نے اپنے رسول کو شہر والوں سے وہ اللہ اور رسول کی ہے اور رشتہ داروں اور یتیموں اور مسکینوں اور مسافروں کے لیے کہ تمہارے اغنیا کا مال نہ ہوجائے اور جو کچھ تمہیں رسول عطا فرمائیں وہ لو اور جس سے منع فرمائیں باز رہو اور اللہ سے ڈرو بے شک اللہ کا عذاب سخت ہے۔(سورۃ الحشر آیت نمبر 7)

آخرکار یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ احادیثِ نبوی ﷺ کا مطالعہ ہر مسلمان کی روحانی، اخلاقی اور عملی زندگی کی مضبوط بنیاد ہے۔ قرآنِ کریم کو صحیح طور پر سمجھنا، عبادات کو درست طریقے سے ادا کرنا، معاملات میں عدل و انصاف قائم رکھنا اور اخلاق کو حسین بنانا اسی وقت ممکن ہے جب ہم علم اور عمل کے ساتھ سنتِ رسول ﷺ کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ احادیث نہ صرف ہمیں دین کا درست راستہ دکھاتی ہیں بلکہ زندگی کے ہر مرحلے میں ہماری رہنمائی کرتی ہیں۔

لہٰذا یہ نہایت ضروری ہے کہ مسلمان، خواہ نوجوان ہوں یا بزرگ، سب سنتِ نبوی ﷺ سے گہرا تعلق قائم کریں، مستند احادیث کا مطالعہ کریں اور اپنی عملی زندگی کو ان کی روشنی میں ڈھالنے کی کوشش کریں۔ یہی طرزِ عمل ایمان کو مضبوط کرتا ہے، کردار کو نکھارتا ہے اور معاشرے کو اصلاح کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں جو کچھ سیکھنے کی توفیق ملی ہے، اس پر عمل کرنے کی قدرت عطا فرمائے۔ آمین، بحقِّ خاتم النبیین ﷺ


اسلام میں قرآن مجید کے بعد حدیث شریف کا مقام بہت بلند ہے۔ حدیثیں نبی کریم ﷺ کے اقوال، افعال اور تقریر کا مجموعہ ہیں جو مسلمانوں کے لیے زندگی گزارنے کے صحیح اور درست اصول فراہم کرتی ہیں۔ قرآن مجید ہمیں اصول بتاتا ہے اور حدیثیں ان اصولوں کی عملی وضاحت کرتی ہیں۔ اس وجہ سے، مسلمانوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ حدیث شریف کا مطالعہ کریں اور اس کی تعلیمات کو اپنی زندگی میں اپنائیں۔

(1)قرآن و سنت کی روشنی:حدیث شریف کا مطالعہ کرنے کی سب سے بڑی ضرورت یہ ہے کہ یہ ہمیں قرآن مجید کی بہتر سمجھ عطا کرتی ہیں۔ قرآن کی بعض آیات کی صحیح تعبیر اور سمجھ کے لیے نبی کریم ﷺ کی سنت کو جاننا ضروری ہے۔ مثال کے طور پر، نماز، روزہ، زکاۃ، اور حج جیسے عبادات کے صحیح طریقے کو سمجھنے کے لیے حدیث کی رہنمائی انتہائی اہم ہے۔ اگر مسلمان قرآن کو صرف الفاظ کے طور پر پڑھیں اور حدیث سے لاعلم ہوں تو عبادات میں کمی یا غلط فہمی پیدا ہو سکتی ہے۔

(2) اسلامی اخلاق اور کردار کی تربیت:حدیث شریف میں نبی کریم ﷺ کے اخلاقی اصولوں اور روزمرہ کے رویوں کی تفصیل موجود ہے۔ یہ ہمیں سکھاتی ہیں کہ کس طرح والدین، دوستوں، ہمسایوں اور معاشرے کے دیگر افراد کے ساتھ حسن سلوک کیا جائے۔

حدیث کے مطالعہ سے ہمیں ایمان، تقویٰ، صبر، شکر، اور حسن اخلاق کی عملی تربیت ملتی ہے جو زندگی کو آسان اور معاشرتی تعلقات کو خوشگوار بناتی ہے۔

(3)دین کی صحیح تفہیم:حدیث کے مطالعہ سے انسان کو اسلامی فقہ، عبادات، معاملات اور اخلاقیات کی صحیح سمجھ حاصل ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر، روزمرہ کے کاروباری معاملات، سود، تجارتی لین دین، وعدے کی پاسداری، اور حقوق العباد کے مسائل پر واضح رہنمائی حدیث میں موجود ہے۔ اس کے بغیر انسان غلط فہمیاں اختیار کر سکتا ہے یا دین کے اصولوں کے مطابق زندگی گزارنے میں ناکام ہو سکتا ہے۔

(4) روحانی ترقی اور ہدایت:حدیث شریف انسان کے دل و دماغ پر گہرا اثر ڈالتی ہے۔ نبی کریم ﷺ کے اقوال و افعال انسان کو اللہ کی رضا کی طرف راغب کرتے ہیں۔ حدیث کے مطالعہ سے انسان کے دل میں ایمان کی مضبوطی، خوف خدا، اور عمل صالح کی رغبت پیدا ہوتی ہے۔

اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حدیث نہ صرف علم بلکہ عمل کی ترغیب بھی دیتی ہے۔

(5) معاشرتی اصلاح اور امن قائم کرنا:حدیثیں ہمیں یہ سکھاتی ہیں کہ معاشرے میں عدل، انصاف، بھائی چارہ، اور محبت کس طرح قائم رکھی جائے۔ نبی کریم ﷺ نے معاشرتی زندگی میں حقوق العباد اور انسانی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ مثال کے طور پر، غریبوں، یتیموں، اور محتاجوں کے ساتھ حسن سلوک کی تاکید، ظلم و زیادتی سے بچنے کی ہدایت، اور عدل و انصاف کے اصول سب حدیث میں موجود ہیں۔ اگر معاشرے کے لوگ حدیث پر عمل کریں تو معاشرتی بدامنی، جھوٹ، دھوکہ اور فساد کم ہو جاتا ہے۔

(6) قیامت کی تیاری اور آخرت کی ہدایت:حدیثیں انسان کو آخرت کی زندگی کے لیے تیار کرتی ہیں۔ دنیاوی زندگی عارضی ہے، اور حدیثیں ہمیں بتاتی ہیں کہ کیسے ہم اپنی زندگی کو اللہ کی رضا کے مطابق گزاریں۔ نماز، روزہ، زکاۃ اور دیگر عبادات کی اہمیت کے ساتھ ساتھ، نیکی، صدقہ، اور دوسروں کے حقوق کا خیال رکھنے کی تاکید بھی حدیث میں موجود ہے۔ یہ انسان کو نیک اعمال کی طرف راغب کرتی ہیں تاکہ قیامت کے دن خوشی حاصل ہو۔

(7) علم کی حفاظت اور نسل در نسل منتقل ہونا:حدیث شریف کا مطالعہ کرنا علم کی حفاظت کا ذریعہ بھی ہے۔ حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کو سمجھ کر محفوظ کرنا اور دوسروں تک پہنچانا اسلامی ذمہ داری ہے۔ علماء اور فقہاء نے صدیوں سے حدیثیں جمع کیں اور ان کی حفاظت کی تاکہ مسلمان اپنی زندگی میں ان کی رہنمائی سے فائدہ اٹھائیں۔ اگر آج ہم حدیث کا مطالعہ کریں گے تو یہ علم نسل در نسل منتقل ہوتا رہے گا۔

(8) مشکلات میں رہنمائی:زندگی کے ہر شعبے میں مشکلات اور آزمائشیں آتی ہیں۔ حدیثیں انسان کو یہ سکھاتی ہیں کہ صبر اور استقامت کے ساتھ مشکلات کا مقابلہ کیسے کیا جائے۔ مثال کے طور پر، مصیبت، بیماری، غربت یا تنہائی میں انسان کو دعا، صبر، اور شکر کا طریقہ سکھاتی ہیں۔ حدیثوں میں آنے والے یہ عملی اصول انسان کو دنیوی اور روحانی سکون عطا کرتے ہیں۔

یوں، حدیث شریف کا مطالعہ ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے۔ یہ نہ صرف قرآن کی سمجھ بوجھ کو بڑھاتی ہیں بلکہ اخلاقی تربیت، عملی زندگی کے اصول، معاشرتی تعلقات، روحانی ترقی، اور قیامت کی تیاری میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ حدیث کے بغیر دین مکمل نہیں ہوتا، کیونکہ یہ نبی کریم ﷺ کی زندگی اور ان کی تعلیمات کا عملی مظاہرہ ہے۔ہمیں چاہیے کہ ہم روزانہ وقت نکال کر حدیث شریف کا مطالعہ کریں، سمجھیں اور عمل کریں تاکہ زندگی میں سکون، خوشحالی، اور آخرت میں نجات حاصل ہو۔


اسلامی تعلیمات میں قرآن مجید کے ساتھ حدیث کو بھی بنیادی ستون قرار دیا گیا ہے۔ قرآن اللہ کا کلام ہے، لیکن حدیث رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اقوال، افعال اور تقریر پر مشتمل ہے، جو ہمیں قرآن کی تعلیمات کی عملی وضاحت فراہم کرتی ہے۔ حدیث کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اسلامی فقہ، اخلاقیات، عقائد اور روزمرہ کے اعمال کی رہنمائی میں اس کا کردار ناقابلِ انکار ہے۔

حدیث کی تعریف اور اقسام:حدیث عربی لفظ ہے جس کا مطلب ہے "بات" یا "خبر"۔ فقہاء نے حدیث کو اس طور بیان کیا ہے کہ یہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اقوال، اعمال، یا تقریر پر مشتمل علم ہے جو ہمیں شرعی اور عملی زندگی کے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ حدیث کی بنیادی اقسام میں صحیح، حسن، ضعیف اور موضوع شامل ہیں۔ صحیح حدیث وہ ہے جس کی سند مستند اور متن غیر متنازع ہو۔ حسن حدیث وہ ہے جس میں کچھ کمزوریاں ہوں مگر مجموعی طور پر قابل اعتماد ہو۔ ضعیف حدیث میں سند یا متن میں کمزوری ہو اور موضوع حدیث وہ ہے جو جھوٹ یا فرضی ہو۔

مطالعہ حدیث کی ضرورت:ہماری روزمرہ زندگی میں اکثر ایسے مواقع آتے ہیں جہاں ہمیں معلوم نہیں ہوتا کہ کوئی عمل صحیح ہے یا غلط۔ مثال کے طور پر نماز، روزہ، زکاۃ یا دیگر عبادات کے طریقے۔ قرآن ہمیں عمومی ہدایات دیتا ہے، لیکن عملی تفصیلات میں حدیث کی مدد لازمی ہے۔ اگر ہم صرف قرآن پر انحصار کریں تو بعض معاملات میں ہمارا فہم محدود رہ سکتا ہے۔مزید یہ کہ، حدیث ہمیں اخلاقی تربیت اور سماجی اصول بھی سکھاتی ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اقوال ہمیں صبر، عاجزی، احسان، اور انسانیت کی اعلیٰ قدروں کی طرف رہنمائی کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر، غریب کی مدد، یتیموں کے حقوق، والدین کے ساتھ حسن سلوک اور معاشرتی عدل و انصاف کی تعلیمات سبھی حدیث سے مستفاد ہوتی ہیں۔

مطالعہ حدیث کے فوائد:

(1)علمی روشنی: حدیث کا مطالعہ علم دین میں اضافہ کرتا ہے۔ جب ہم حدیث کو سمجھتے ہیں تو قرآن کی تعلیمات بھی واضح ہو جاتی ہیں۔

(2)عملی رہنمائی: حدیث کے ذریعے ہم جان سکتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مختلف حالات میں کیسے فیصلے کیے اور کس طرح عبادات ادا کیں۔ یہ ہماری عملی زندگی کے لیے ایک مکمل رہنما ہے۔

(3)اخلاقی تربیت: حدیث ہمیں اعلیٰ اخلاقیات سکھاتی ہے۔ جیسے سچ بولنا، صبر کرنا، دوسروں کی مدد کرنا، اور انصاف پر قائم رہنا۔ یہ صفات نہ صرف فرد کی زندگی بہتر بناتی ہیں بلکہ معاشرے میں بھی امن اور محبت کو فروغ دیتی ہیں۔

(4)روحانی ترقی: حدیث کا مطالعہ ایمان میں اضافہ کرتا ہے اور اللہ تعالیٰ کے قرب کی راہ ہموار کرتا ہے۔ یہ دل کو سکون دیتا ہے اور روحانی زندگی کو مستحکم کرتا ہے۔

(5) فقہی علم: فقہ کی بنیاد اکثر حدیث پر ہے۔ اگر ہم صحیح طریقے سے عبادات اور معاملات انجام دینا چاہتے ہیں تو حدیث کا مطالعہ ضروری ہے۔

حدیث پڑھنے اور سمجھنے کے طریقے

(1)سند اور متن پر دھیان: ہر حدیث کی سند اور متن کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ سند سے معلوم ہوتا ہے کہ حدیث کس طرح ہم تک پہنچی اور متن سے اصل پیغام سمجھا جاتا ہے۔

(2) معنی پر غور: صرف لفظی مطالعہ کافی نہیں، بلکہ معنی و مفہوم کو سمجھنا ضروری ہے۔ اس کے لیے علماء کے تفسیر اور شرح کا مطالعہ مفید ہے۔

(3)روزمرہ زندگی میں اطلاق: حدیث کا اصل مقصد عمل ہے۔ صرف یاد کرنا کافی نہیں، بلکہ روزمرہ زندگی میں اس پر عمل کرنا بھی اہم ہے۔

(4)معتبر کتب کا انتخاب: صحیح بخاری، صحیح مسلم، جامع ترمذی، سنن ابی داؤد اور دیگر معتبر کتب کا مطالعہ کریں تاکہ مطالعہ مؤثر اور مفید ہو۔

(5)استاد یا عالم سے رہنمائی: بعض احادیث کے معنی پیچیدہ ہو سکتے ہیں، اس لیے کسی عالم یا استاد کی رہنمائی مفید ثابت ہوتی ہے تاکہ غلط فہمی نہ ہو۔

مطالعہ حدیث اور آج کا دور:آج کے دور میں جہاں دنیا بھر میں مختلف نظریات، فتنہ اور مغالطے پھیل رہے ہیں، حدیث کا مطالعہ نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ نوجوان نسل کو صحیح دین سکھانے اور اسلامی تعلیمات کو سمجھانے کے لیے حدیث کا علم لازمی ہے۔ یہ صرف عبادات تک محدود نہیں، بلکہ سماجی مسائل، اخلاقیات اور بین الاقوامی تعلقات میں بھی رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

مطالعہ حدیث ایک ایسا عمل ہے جو انسان کی علمی، اخلاقی، روحانی اور عملی زندگی کو مکمل کرتا ہے۔ یہ صرف علمی مشغولیت نہیں بلکہ ہر مسلمان کے لیے ایک لازمی ضرورت ہے۔ حدیث کے مطالعہ سے ہم نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقہ زندگی کو سمجھتے ہیں، اپنے اعمال کی اصلاح کرتے ہیں اور اللہ کے قریب تر ہوتے ہیں۔ لہذا ہر مسلمان کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ حدیث کو نہ صرف پڑھے بلکہ اس پر عمل بھی کرے تاکہ زندگی کے ہر شعبے میں کامیابی اور سکون حاصل ہو۔