اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو نہ صرف عقائد و عبادات بلکہ اخلاق، معاملات، معاشرت، سیاست، تعلیم اور تربیت تک کی مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ اس کامل دین کی بنیاد دو اہم ستونوں پر قائم ہے قرآن کریم اور احادیث نبویہ۔جہاں قرآن مجید اللہ تعالیٰ کا کلام ہے، وہیں احادیث نبویہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اقوال، افعال، اور تقریر پر مشتمل ہیں، جو قرآن کی وضاحت، تشریح اور عملی تفسیر پیش کرتی ہیں۔ لہٰذا مطالعہ حدیث، ایک مسلمان کی دینی، اخلاقی اور روحانی زندگی میں غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔

قرآن کی تفسیر اور تکمیل:قرآن کریم کے بہت سے احکامات اجمالی انداز میں نازل ہوئے ہیں، جن کی تفصیلات ہمیں صرف سنت اور حدیث سے حاصل ہوتی ہیں۔ مثال کے طور پرقرآن میں نماز کا حکم ہے، مگر نماز کے طریقے، رکعتیں، اذکار یہ سب ہمیں حدیث سے ملتے ہیں۔زکٰوۃ کی شرح، روزے کے مسائل، اور حج کے مناسک بھی حدیث کی رہنمائی کے بغیر سمجھنا ممکن نہیں۔

نبی ﷺ کی سنت، بہترین عملی نمونہ:اللہ تعالیٰ نے فرمایا: لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِیْ رَسُوْلِ اللّٰهِ اُسْوَةٌ حَسَنَةٌ

ترجمہ کنز الایمان: بےشک تمہیں رسول اللہ کی پیروی بہتر ہے۔(الاحزاب: 21)

یہ ہمیں سیرت اور حدیث کے ذریعے ہی حاصل ہوتا ہے۔ نبی ﷺ کے اقوال و افعال ہی اصل اسلام کی عملی شکل ہیں۔

ایمان کی مضبوطی اور روحانیت میں اضافہ:حدیث کا مطالعہ ایمان کو تازہ کرتا ہے، دل میں نبی ﷺ کی محبت بڑھاتا ہے، اور اللہ سے تعلق کو مضبوط بناتا ہے۔ جب انسان نبی ﷺ کے اخلاق، تواضع، عدل، حلم اور صبر کو پڑھتا ہے تو اس کے اندر ان صفات کو اپنانے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔

فتنوں سے بچاؤ:آج کے دور میں بے شمار فتنے، غلط عقائد، اور بدعات پھیل چکے ہیں۔ مطالعہ حدیث انسان کو صحیح علم دیتا ہے، جس کی مدد سے وہ ان فتنوں سے بچ سکتا ہے، اور صراطِ مستقیم پر قائم رہ سکتا ہے۔

علم و عمل کا ذریعہ:حدیث صرف معلومات نہیں دیتی، بلکہ انسان کے عمل کو سنوارتی ہے۔ نبی ﷺ کی ہر بات میں حکمت، ہر فعل میں توازن، اور ہر تعلیم میں خیر کا پہلو موجود ہے۔ جو شخص حدیث کو سیکھتا ہے، اس کی سوچ، گفتار، اور کردار میں بھی بہتری آتی ہے۔

آخرت کی تیاری:نبی ﷺ کی احادیث ہمیں قیامت، قبر، حساب کتاب، جنت و جہنم کے بارے میں خبر دیتی ہیں۔ یہ باتیں انسان کو نیک عمل کی طرف راغب کرتی ہیں اور دنیا کی غفلت سے نکال کر آخرت کی فکر دیتی ہیں۔

مطالعہ حدیث کوئی معمولی عمل نہیں، بلکہ یہ نجات کا ذریعہ ہے۔ یہ ہمیں نبی ﷺ کی زبانِ مبارک سے نکلی ہوئی وہ ہدایت فراہم کرتا ہے جو قیامت تک انسانیت کے لیے چراغ راہ ہے۔ ہمیں چاہیے کہ روزانہ وقت نکال کر احادیث کا مطالعہ کریں، ان کو سمجھیں، ان پر عمل کریں اور دوسروں تک پہنچائیں۔