مطالعۂ اسلامی عقائد ہر مسلمان کے لیے نہایت اہم اور بنیادی ضرورت ہے، کیونکہ یہی عقائد دینِ اسلام کی اصل روح اور بنیاد کی حیثیت رکھتے ہیں۔ صحیح عقائد انسان کے ایمان کو مضبوط کرتے ہیں اور اسے گمراہی، فتنوں اور باطل نظریات سے محفوظ رکھتے ہیں۔اسلام میں عقائد کی حیثیت جڑ کی مانند ہے جس طرح درخت کی مضبوطی اس کی جڑ پر منحصر ہوتی ہے، اسی طرح انسان کے اعمال کی قبولیت اس کے صحیح عقیدہ پر موقوف ہے۔ اگر عقیدہ درست نہ ہو تو بڑے سے بڑا عمل بھی بارگاہِ الٰہی میں مقبول نہیں ہوتا۔ اسی لیے قرآنِ مجید میں بارہا ایمان کی درستگی پر زور دیا گیا ہے۔

اللہ تعالیٰ سورۃ الاخلاص میں ارشاد فرماتا ہے: قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌۚ(۱) اَللّٰهُ الصَّمَدُۚ(۲)

ترجمہ کنز العرفان:تم فرماؤ وہ اللہ ایک ہے، اللہ بے نیاز ہے۔(سورۃالاخلاص:1،2)

اس آیت سے واضح ہوتا ہے کہ سب سے پہلے صحیح عقیدہ کا علم حاصل کرنا ضروری ہے جو یہاں پر شرک کے مقابل لایا گیا ہے، تاکہ انسان کا ایمان پختہ بنیادوں پر قائم ہو سکے۔آج کے دور میں جب فتنوں، شکوک و شبہات اور فکری انتشار کا غلبہ ہے، مطالعہ عقائد کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ جدید ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا کے ذریعے مختلف نظریات آسانی سے عام ہو رہے ہیں، جن میں بہت سے ایسے ہیں جو اسلامی تعلیمات و عقائد سے بحث کرتے ہیں۔ ایسے حالات میں ایک مسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ مستند کتب اور اہلِ علم کی رہنمائی سے اپنے عقائد کو مضبوط کرے، تاکہ وہ ہر قسم کی گمراہی سے محفوظ رہ سکے۔

مزید برآں، صحیح عقائد انسان کے اخلاق اور کردار کو بھی سنوارتے ہیں۔ جب انسان کو اللہ تعالیٰ کی قدرت، اس کی صفات، انبیاء ورسل اور قیامت کے دن حساب و کتاب کا یقین ہوتا ہے تو وہ اپنے اعمال میں اخلاص، دیانت داری اور تقویٰ پیدا کرتا ہے۔ اگر میں اس حوالے سے کہو تو بچے کی عمر چار سال ہوجائے تو اسے مدرسۃ المدینہ میں داخل کروا دینا چاہیے۔ اس کے برعکس اگر عقیدہ کمزور ہوا تو انسان دنیا کی ظاہری چمک دمک میں کھو جائے گا اور آخرت کو بھول جاے گا۔

خلاصہ یہ ہے کہ مطالعۂ عقائد کی اہمیت اور ضرورت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ یہ نہ صرف ایمان کی حفاظت کا ذریعہ ہے بلکہ ایک متوازن اور صالح معاشرہ کی تشکیل میں بھی بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ لہٰذا ہر مسلمان پر لازم ہے کہ وہ اپنے عقائد کو درست کرے، ان کا گہرا مطالعہ کرے اور اپنی آنے والی نسلوں تک صحیح عقیدہ منتقل کرے، تاکہ دینِ اسلام کی اصل روح برقرار رہے اور ہم دنیا و آخرت میں کامیاب ہو سکیں۔