اسلامی تعلیمات کی بنیادی اور اصل بنیاد قرآنِ مجید ہے، جبکہ قرآن کا عملی مفہوم اور روزمرہ زندگی میں اس کے نفاذ کا کامل نمونہ سنتِ نبوی ﷺ ہے، جو احادیثِ مبارکہ کے ذریعے ہم تک پہنچی ہے۔ احادیثِ رسول ﷺ نہ صرف آپ کے اقوال و افعال کو محفوظ کرتی ہیں بلکہ عقیدہ، عبادات، اخلاق اور معاشرتی معاملات سمیت دین کے ہر پہلو میں واضح رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔ ایک مسلمان کے لیے دین کو درست طور پر سمجھنا، اس پر عمل پیرا ہونا اور اپنی زندگی کو سیرتِ نبوی ﷺ کے مطابق ڈھالنا اسی وقت ممکن ہوتا ہے جب وہ احادیث کا سنجیدگی سے مطالعہ کرے۔

مطالعۂ حدیث علم میں وسعت پیدا کرتا ہے، دل میں ایمان کو مضبوط کرتا ہے، اخلاقی کردار کی تعمیر کرتا ہے اور دینی مسائل کو سمجھنے میں یقین اور بصیرت عطا کرتا ہے۔ سنتِ رسول ﷺکے علم کے بغیر مسلمان کی دینی زندگی نامکمل رہتی ہے، اسی بنا پر علماء کرام نے علمِ حدیث کو ہمیشہ دین کی سمجھ کا بنیادی ستون قرار دیا ہے۔آئیے اس کے متعلق چند آیت مبارکہ ملاحظہ ہوں:

ترجمۂ کنز الایمان:جس نے رسول کا حکم مانا بے شک اس نے اللہ کا حکم مانا اور جس نے منہ پھیرا تو ہم نے تمہیں ان کے بچانے کو نہ بھیجا۔(النساء آیت نمبر 80)

ترجمۂ کنز الایمان:تو اے محبوب تمہارے رب کی قسم وہ مسلمان نہ ہوں گے جب تک اپنے آپس کے جھگڑے میں تمہیں حاکم نہ بنائیں پھر جو کچھ تم حکم فرما دو اپنے دلوں میں اس سے رکاوٹ نہ پائیں اور جی سے مان لیں۔(النساء آیت نمبر 65)

ترجمۂ کنز الایمان:جو غنیمت دلائی اللہ نے اپنے رسول کو شہر والوں سے وہ اللہ اور رسول کی ہے اور رشتہ داروں اور یتیموں اور مسکینوں اور مسافروں کے لیے کہ تمہارے اغنیا کا مال نہ ہوجائے اور جو کچھ تمہیں رسول عطا فرمائیں وہ لو اور جس سے منع فرمائیں باز رہو اور اللہ سے ڈرو بے شک اللہ کا عذاب سخت ہے۔(سورۃ الحشر آیت نمبر 7)

آخرکار یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ احادیثِ نبوی ﷺ کا مطالعہ ہر مسلمان کی روحانی، اخلاقی اور عملی زندگی کی مضبوط بنیاد ہے۔ قرآنِ کریم کو صحیح طور پر سمجھنا، عبادات کو درست طریقے سے ادا کرنا، معاملات میں عدل و انصاف قائم رکھنا اور اخلاق کو حسین بنانا اسی وقت ممکن ہے جب ہم علم اور عمل کے ساتھ سنتِ رسول ﷺ کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ احادیث نہ صرف ہمیں دین کا درست راستہ دکھاتی ہیں بلکہ زندگی کے ہر مرحلے میں ہماری رہنمائی کرتی ہیں۔

لہٰذا یہ نہایت ضروری ہے کہ مسلمان، خواہ نوجوان ہوں یا بزرگ، سب سنتِ نبوی ﷺ سے گہرا تعلق قائم کریں، مستند احادیث کا مطالعہ کریں اور اپنی عملی زندگی کو ان کی روشنی میں ڈھالنے کی کوشش کریں۔ یہی طرزِ عمل ایمان کو مضبوط کرتا ہے، کردار کو نکھارتا ہے اور معاشرے کو اصلاح کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں جو کچھ سیکھنے کی توفیق ملی ہے، اس پر عمل کرنے کی قدرت عطا فرمائے۔ آمین، بحقِّ خاتم النبیین ﷺ