محمد
غفران رضا عطاری (درجہ سابعہ جامعۃ المدینہ فیضان مدینہ خان پور،پاکستان )
قرآنِ کریم اللہ تعالیٰ کی وہ عظیم کتاب ہے جو انسانی
زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی فراہم کرتی ہے، مگر اس کی صحیح سمجھ اور عملی صورت
احادیثِ نبویہ کے بغیر ممکن نہیں۔ شریعت کے بہت سے احکام قرآن میں اجمالی طور پر بیان
ہوئے ہیں جن کی تفصیل ہمیں حدیث سے حاصل ہوتی ہے۔جیسےنماز کی مثال:ارشادِ باری
تعالیٰ ہے: اَقِیْمُوا الصَّلٰوةَ ترجمہ
کنز العرفان:اور نماز قائم رکھو ۔(البقرۃ:43)
لیکن نماز کی حقیقت، اس کا طریقہ، ارکان اور شرائط ہمیں
رسول اللہ ﷺ کی سنت اور احادیث کے ذریعے ہی معلوم ہوتی ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ
حدیث کے بغیر قرآن پر عمل ممکن نہیں۔
قرآنِ کریم نے رسول اللہ ﷺ کی اطاعت کو لازم قرار دیا
ہے:
وَ
مَاۤ اٰتٰىكُمُ الرَّسُوْلُ فَخُذُوْهُۗ-وَ مَا نَهٰىكُمْ عَنْهُ فَانْتَهُوْا ترجمہ
کنز العرفان:اوررسول جو کچھ تمہیں عطا فرمائیں وہ لے لو اور جس سے تمہیں منع فرمائیں
تو تم باز رہو۔(سورۃ الحشر، آیت: 7)
یہ آیت صراحت کے ساتھ اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ رسول
اللہ ﷺ کا کسی چیز کا حکم دینا اور کسی چیز سے منع کرنا ضروری ہیں، اور یہی حدیث کی
شرعی حیثیت کی بنیاد ہے۔
مزید اللہ تعالیٰ نے میں ارشاد فرمایا: وَ مَا یَنْطِقُ عَنِ
الْهَوٰىؕ(۳) اِنْ هُوَ اِلَّا وَحْیٌ
یُّوْحٰىۙ(۴) ترجمہ
کنزالعرفان: اور وہ کوئی بات خواہش سے نہیں کہتے۔ وہ وحی ہی ہوتی ہے جو انہیں کی
جاتی ہے۔ (سورۃ النجم، آیات: 3 اور 4 )
یہ آیت اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ رسول اللہ ﷺ شریعت کے
معاملے میں اپنی خواہش سے کوئی بات نہیں فرماتے بلکہ آپ ﷺ کی رہنمائی وحی پر ہوتی
ہے۔
اسی طرح اطاعتِ رسول کو اطاعتِ الٰہی قرار دیا گیا: میں
ارشاد فرماتا ہے: مَنْ یُّطِعِ الرَّسُوْلَ فَقَدْ اَطَاعَ
اللّٰهَۚ ترجمہ کنز العرفان:جس نے رسول کا حکم مانا بیشک اس نے
اللہ کا حکم مانا ۔(سورۃ النساء، آیت: 80)
مطالعہ حدیث کی ضرورت اس لیے بھی تسلیم ہے کہ اللہ تعالیٰ
نے اپنی اطاعت کو رسول ﷺ کی اطاعت قرار دیا ہے۔ حدیث کے بغیر نہ تو قرآن کے مفا ہیم
تک رسائی ممکن ہے اور نہ ہی دین کے عملی تقاضوں کو پورا کیا جا سکتا ہے۔ لہٰذا، ایک
مسلمان کے لیے کامل ہدایت اور رضائے الٰہی کا حصول تب ہی ممکن ہے جب وہ قرآنِ مجید
کو حدیثِ مبارکہ کی روشنی میں سمجھے اور اپنی زندگی کے ہر شعبے میں سنتِ نبوی ﷺ کو
مشعلِ راہ بنائے۔ یہی وہ واحد راستہ ہے جو انسان کو گمراہی سے بچا کر صراطِ مستقیم
پر گامزن رکھتا ہے۔اللہ تعالیٰ ہمیں حدیث سے شوق و محبت نصیب کرے آمین۔
Dawateislami