سلسلۂ عالیہ چشتیہ کے عظیم پیشوا حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کے عرس کے موقع پر دعوتِ اسلامی کے شعبہ مزاراتِ اولیاء کے تحت پاکپتن میں مختلف دینی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ یہ عرس جہاں محبتِ اولیاء کا پیغام پھیلانے کا موقع تھا وہیں دینی تعلیمات اور نیکی کی دعوت کے فروغ کا بھی مرکز بنا۔

اس عظیم الشان عرس کے دوران ”مدنی مذاکرہ اجتماع“ کا انعقاد کیا گیا جس میں خصوصی طور پر رکنِ مرکزی مجلسِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری نے شرکت کی اور حاضرین کو نیکی کی دعوت دی۔

اسی طرح عرس کے موقع پر نمازوں کی باقاعدہ ادائیگی، قرآن خوانی، مزار اجتماع، مختصر دینی کورسز، مدرسۃ المدینہ بالغان، تہجد اجتماع، سیکھنے سکھانے کے حلقے اور دیگر دینی کاموں کا انعقاد ہوا۔

مختلف دینی تقریبات اور سرگرمیوں کے علاوہ مزار کے اطراف میں بھی نیکی کی دعوت اور دینی کاموں کا سلسلہ جاری رہا تاکہ زائرین اور عوام الناس کو دین کی تعلیمات سے روشناس کیا جا سکے نیز گرمی کے موسم میں زائرین کی سہولت کے لیے پانی کی سبیل کا بھی انتظام کیا گیا تاکہ وہ آسانی سے پانی سے اپنی پیاس بجھائیں اور وضو کر سکیں۔

یہ تمام سرگرمیاں دعوتِ اسلامی کی دینی خدمات اور اولیائے کرام سے محبت و عقیدت کے جذبے کی عکاسی کرتی ہیں۔ ان کا مقصد دینی تعلیمات کو عام کرنا، نیکی کی دعوت کو فروغ دینا اور اولیاء اللہ کی تعلیمات کو زندہ رکھنا ہے تاکہ معاشرہ دین دار اور نیک افراد سے بھرپور ہو سکے۔(رپورٹ: کامران علی عطاری، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)