دعوتِ اسلامی کے تحت عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں” میلاد وصبحِ بہاراں اجتماع “کا انتہائی عقیدت و احترام اور شاندار انداز میں انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں عاشقانِ رسول نے شرکت کرنے کی سعادت حاصل کی۔

نگرانِ شوریٰ کا بیان اور ولادتِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا تذکرہ:

اجتماع کی ابتدا میں تلاوتِ قراٰن کی گئی اور نعت خواں اسلامی بھائیوں نے حضور خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا جس کے بعد نگرانِ مرکزی مجلسِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری نے بیان کیا۔ نگرانِ شوریٰ نے اسلامی تعلیمات کے حوالے سے حاضرین و ناظرین کی رہنمائی کی اور ولادتِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ایمان افروز واقعات بیان کیے۔

جلوسِ میلاد اور امیرِ اہلِ سنت دامت برکاتہم العالیہ کا مدنی مذاکرہ:

اجتماع کے دوران فیضان ِ مدینہ کراچی کے احاطے میں عاشقانِ رسول نے بانیِ دعوتِ اسلامی، امیرِ اہل سنت حضرت علامہ مولانا اابو بلال محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ کے ہمراہ جلوسِ میلاد میں شرکت کی۔

جلوس میلاد کے بعد امیرِ اہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے ساری رات جاری رہنے والے مدنی مذاکرے میں شریک تمام عاشقانِ رسول کو اپنے حکمت بھری باتوں اور مدنی پھولوں سے نوازا۔ اس روحانی اجتماع کے دوران شرکا کے لیے سحری کا خاص اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

صبحِ بہاراں کا جشن اور مبارکباد کا تبادلہ:

اجتماع کے اختتام پر ایک نہایت دلکش اور روح پرور منظر دیکھنے میں آیا جب تمام عاشقانِ رسول نے ”مرحبا یا مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلمکے پرجوش نعروں کی گونج میں صبحِ بہاراں کا جشن منایا اور ایک دوسرے کو میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مبارکباد پیش کی۔