اسلام آباد (11 ستمبر 2026ء): نیشنل رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی (NRKNA) اور دارالمدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی، اسلام آباد کے درمیان سیرتِ طیبہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیم، تحقیق، کردار سازی اور نوجوان نسل کی تربیت کے شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (MOU) پر باضابطہ دستخط کیے گئے ہیں۔

اعلیٰ سطحی وفد کی آمد اور استقبال

دارالمدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اور دعوتِ اسلامی کے اعلیٰ سطحی وفد نے NRKNA کا دورہ کیا۔ وفد میں بالخصوص نگرانِ مرکزی مجلسِ شوریٰ دعوتِ اسلامی و پیٹرن اِن چیف دارالمدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی مولانا حاجی محمد عمران عطاری موجود تھے جبکہ وفد میں مندرجہ ذیل شخصیات شامل تھیں:

٭حاجی محمد شاہد عطاری (رکنِ شوریٰ و نگرانِ پاکستان مشاورت)٭حاجی جنید عطاری (چانسلر، دارالمدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی) ٭ڈاکٹر دانش اقبال عطاری (وائس چانسلر)٭بریگیڈیئر طاہر نواز عطاری (پرو وائس چانسلر)٭حاجی وقار المدینہ عطاری (رکنِ شوریٰ)۔

NRKNA پہنچنے پر چیئرمین اتھارٹی، ڈاکٹر خورشید احمد ندیم نے وفد کا پرتباک استقبال کیا۔

استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے چیئرمین اتھارٹی ڈاکٹر خورشید احمد ندیم نے سیرتِ طیبہ صلی اللہ علیہ وسلم کے فروغ کے لیے دارالمدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے، بالخصوص بچوں اور نوجوانوں کی درست رہنمائی میں تعلیم بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نئی نسل تک سیرت کا پیغام مؤثر انداز میں پہنچانے کے لیے ان کی ضروریات اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ذرائع ابلاغ اور طرزِ ابلاغ اختیار کرنا ضروری ہے۔

اتھارٹی کے اقدامات پر بریفنگ

اس دوران ڈائریکٹر اتھارٹی سہیل بن عزیز نے اتھارٹی کے قانونی مینڈیٹ، سیرتِ طیبہ صلی اللہ علیہ وسلم پر تحقیق، کردار سازی، تعلیمی اقدامات اور نوجوانوں سے متعلق اہم سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ پیش کی۔

نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری کی گفتگو

نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری نے دعوتِ اسلامی اور دارالمدینہ کے مختلف تعلیمی و تربیتی اقدامات سے آراستہ کیا۔ انہوں نے بالخصوص اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کو اس قابل بنانا ضروری ہے کہ وہ نوجوان نسل کی سیرتِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی روشنی میں تعلیم و تربیت اور کردار سازی کر سکیں۔ انہوں نے نیشنل رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے مقاصد اور سرگرمیوں کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

دستخط کی تقریب اور شرکا

تقریب کے اختتام پر چیئرمین NRKNA ڈاکٹر خورشید احمد ندیم اور وائس چانسلر دارالمدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی ڈاکٹر دانش اقبال عطاری نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس موقع پر درج ذیل شخصیات بھی موجود تھیں:

٭ظفر محمود ملک (ممبر اتھارٹی) ٭محمد رفیق طاہر (ایڈوائزر) ٭ڈاکٹر محمد ادریس (رکن ایجوکیشن کونسل، دارالمدینہ یونیورسٹی)

مفاہمتی یادداشت کے بنیادی اہداف

یہ مفاہمتی یادداشت دونوں اداروں کے مابین سیرتِ طیبہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیم و تحقیق، اساتذہ کی تربیت، کردار سازی اور نوجوان نسل کی فکری و اخلاقی رہنمائی کے لیے مشترکہ اقدامات کو آگے بڑھانے کی مضبوط بنیاد فراہم کرے گی۔(رپورٹ: ابراراحمد عطاری کیمرہ مین سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ کنزالمدارس بورڈ فیصل آباد، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)