بیرونِ ملک مقیم خواتین کو دینی علوم سے آراستہ کرنے کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے دعوتِ اسلامی کے شعبہ فیضان آن لائن اکیڈمی گرلز کے تحت کینیڈا کے معروف شہروں ہیملٹن اور مونٹریال میں دینی تعلیم حاصل کرنے والی اسلامی بہنوں کے لیے 25 اور 28 اکتوبر 2026ء کو تقسیمِ اسناد کے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق فیضانِ مدینہ ہیملٹن اور فیضانِ مدینہ مونٹریال میں سنتوں بھرے اجتماعات منعقد کیے گئے۔ اِن اجتماعات کے دوران شعبہ فیضان آن لائن اکیڈمی گرلز کے تحت درسِ نظامی، فیضان الشریعت کورس، ناظرہ قرآن اور دیگر مختصر دینی کورسز کامیابی سے مکمل کرنے والی طالبات میں اسناد (Certificates) تقسیم کی گئیں۔

اس موقع پر اسناد حاصل کرنے والی طالبات نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دعوتِ اسلامی اور امیرِ اہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کا شکریہ ادا کیا۔ طالبات کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں رہتے ہوئے بھی فیضان آن لائن اکیڈمی گرلز کے ذریعے گھر بیٹھے بااعتماد انداز میں دینی علوم سیکھنے کا بہترین موقع میسر آیا ہے۔ انہوں نے قرآنِ کریم کی تعلیم خود حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اسے آگے عام کرنے کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے کی نیتیں بھی کیں۔

اجتماعات کے اختتامی مراحل میں اسلامی بہنوں کو شعبہ فیضان آن لائن اکیڈمی گرلز کے طریقہ ٔکار اور مختلف کورسز کا تعارف پیش کیا گیا نیز اپنے بچوں کی اسلامی و اخلاقی تربیت کے لیے انہیں فیضان آن لائن اکیڈمی گرلز میں داخلہ دلا کر دینی تعلیم فراہم کرنے کی ترغیب دلائی گئی۔(رپورٹ: شعبہ فیضان آن لائن اکیڈمی گرلز ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)