کسی
کے ساتھ برا مت کیجیے از بنت مدثر اقبال،جامعۃ المدینہ تلواڑہ مغلاں سیالکوٹ
اسلام دین
محبت، امن، خیر خواہی اور حسن اخلاق کا دین ہے۔ اسلام ہمیں صرف عبادات ہی کا حکم
نہیں دیتا بلکہ لوگوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کرنے، ان کے حقوق ادا کرنے اور کسی کو
تکلیف نہ دینے کی بھی تعلیم دیتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم کسی کے ساتھ برا سلوک نہ
کریں، کیونکہ ہماری زبان، ہاتھ اور رویّے سے کسی مسلمان کو تکلیف پہنچ سکتی ہے۔
کبھی انسان غصے میں آکر سخت الفاظ بول دیتا ہے، کسی کا مذاق اڑاتا ہے، عیب بیان
کرتا ہے یا دل آزاری کر دیتا ہے، لیکن یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ کسی کے دل کو
دکھانا بہت آسان ہے، جبکہ ٹوٹے ہوئے دل کو جوڑنا مشکل ہوتا ہے۔
حضور نبیّ
کریم ﷺ نے مسلمانوں کو ایک دوسرے کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کی تعلیم دیتے ہوئے ارشاد
فرمایا: مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔ (بخاری،
1/15، حدیث: 10)
اس حدیث پاک
سے معلوم ہوا کہ سچا مسلمان وہ ہے جس سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔ ہمیں کسی کو
گالی نہیں دینی چاہیے، کسی کا مذاق نہیں اڑانا چاہیے، کسی کی غیبت نہیں کرنی چاہیے
اور نہ ہی کسی پر بہتان لگانا چاہیے۔ اسی طرح کسی کو دھوکا دینا، حق مارنا،
بدتمیزی کرنا اور بلاوجہ تکلیف پہنچانا بھی اچھے اخلاق کے خلاف ہے۔
قرآن کریم میں
اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: وَ قُوْلُوْا لِلنَّاسِ حُسْنًا (پ 1، البقرۃ:
83) ترجمہ: اور لوگوں سے اچھی بات کہو۔
اس لیے ہمیں
ہر ایک سے نرمی اور محبت سے پیش آنا چاہیے۔ اگر کوئی ہم سے برا سلوک کرے تو فوراً
بدلہ لینے کے بجائے صبر کرنا اور معاف کر دینا بہت بڑی خوبی ہے۔ ہمارے پیارے آقا ﷺ
نے ہمیشہ نرمی، عفو و درگزر اور حسن اخلاق کی تعلیم دی۔ ہمیں اپنے گھر والوں، رشتہ
داروں، دوستوں، پڑوسیوں، اساتذہ اور ہر مسلمان کے ساتھ اچھا برتاؤ کرنا چاہیے۔
خاص طور پر
کسی کمزور، غریب یا چھوٹے انسان کو حقیر نہیں سمجھنا چاہیے۔ ہوسکتا ہے جسے ہم
معمولی سمجھ رہے ہوں، وہ اللہ پاک کے نزدیک ہم سے زیادہ عزت والا ہو۔ اس لیے کسی
کی شکل، لباس، غربت یا کمزوری کا مذاق اڑانا بہت بری عادت ہے۔
یاد رکھیے!
دنیا میں ہر انسان کو محبت، عزت اور اچھے سلوک کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہم اگر دوسروں کے
ساتھ بھلائی کریں گے تو معاشرے میں محبت، بھائی چارہ اور امن پیدا ہوگا۔ لہٰذا
ہمیں ہمیشہ یہ اصول یاد رکھنا چاہیے: جو سلوک ہم اپنے لیے پسند کرتے ہیں، وہی
دوسروں کے ساتھ بھی کریں اور کسی کے ساتھ برا نہ کریں۔
Dawateislami