کسی کے ساتھ
برا کرنا یہ ہے کہ انسان اپنے قول یا فعل سے دوسرے انسان کو ناحق تکلیف یا نقصان
پہنچائے۔
اس کی چند
صورتیں یہ ہیں: زبان سے تکلیف دینا گالی دینا، سخت الفاظ کہنا، طعنہ دینا یا کسی
کی تذلیل کرنا۔کسی کے جذبات کا مذاق اڑانا یا جان بوجھ کر اس کا دل دکھانا۔ کسی کی
غیر موجودگی میں اس کی برائی کرنا یا اس پر جھوٹا الزام لگانا۔ بغیر تحقیق کے کسی
کے بارے میں برا گمان رکھنا۔ دوسروں کے عیوب تلاش کرکے انہیں لوگوں کے سامنے بیان
کرنا۔ کسی کا حق مارنا، ناانصافی کرنا یا اسے نقصان پہنچانا۔ جھوٹ، فریب یا خیانت
کے ذریعے کسی کو نقصان پہنچانا۔ غریب، کمزور یا کسی کم حیثیت شخص کو حقیر سمجھنا۔ غصے
کی حالت میں چیخنا چلانا، برا بھلا کہنا یا مار پیٹ کرنا۔ شور شرابا، گندگی یا کسی
اور ذریعے سے پڑوسی کو اذیت پہنچانا۔ جان بوجھ کر کسی کے مال یا سامان کو خراب
کرنا۔ کسی سے وعدہ کرکے پورا نہ کرنا اور اسے مشکل میں ڈال دینا۔
اگر کوئی آپ
کے ساتھ برا سلوک کرتا ہے تو بجائے اس کے کہ اسکے ساتھ ویسا ہی سلوک کیا جائے اس
سے بہتر ہے اسے معاف کیا جائے، اس کے ساتھ حسن اخلاق سے پیش آیا جائے۔ اسلام میں
معافی اور درگزر کو بہت بڑی نیکی قرار دیا گیا ہے، انسان کو چاہیے کہ دوسروں کی
غلطیوں کو معاف کرے، بدلہ لینے کے بجائے صبر سے کام لے اور دل میں کینہ نہ رکھے۔
اللہ پاک قرآن
مجید میں فرماتا ہے: وَ لْیَعْفُوْا وَ لْیَصْفَحُوْاؕ-اَلَا تُحِبُّوْنَ اَنْ یَّغْفِرَ اللّٰهُ
لَكُمْؕ- (پ
18، النور: 22)ترجمہ: انہیں چاہیے کہ معاف کر دیں اور درگزر کریں۔ کیا تم پسند
نہیں کرتے کہ اللہ تمہیں بخش دے؟
رسول اللہ ﷺ
نے فرمایا: صدقہ مال کو کم نہیں کرتا، اور جو شخص معاف کرتا ہے اللہ پاک اس کی عزت
میں اضافہ فرما دیتا ہے۔
اسلام ہمیں ہر
انسان کے ساتھ حسن اخلاق، محبت، نرمی اور احترام سے پیش آنے کی تعلیم دیتا ہے۔ کسی
کو زبان، ہاتھ یا اپنے برے رویے سے تکلیف دینا ایک ناپسندیدہ عمل ہے۔ ہمیں چاہیے
کہ ہم غیبت، بدگمانی، جھوٹ، ظلم، طعنہ زنی اور دل آزاری سے بچیں اور دوسروں کے
حقوق کا خیال رکھیں۔ اگر کوئی ہمارے ساتھ برا سلوک کرے تو حتی الامکان صبر، معافی
اور درگزر سے کام لیں۔ یاد رکھیں کہ کسی کا دل دکھانا آسان ہے، لیکن ٹوٹے ہوئے دل
کو جوڑنا بہت مشکل ہے۔ اس لیے ہمیں اپنی زندگی میں نبی کریم ﷺ کے حسن اخلاق کو
اپنانا چاہیے اور کسی کے لیے تکلیف کا سبب نہیں بلکہ راحت، خوشی اور بھلائی کا
ذریعہ بننا چاہیے۔
Dawateislami