گزشتہ شب 12 فروری 2026ء بروز جمعرات دنیا بھر میں عاشقانِ رسول کی عالمگیر تحریک دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا جس کا مرکزی موضوع ”استقبالِ ماہِ رمضان“ تھا۔ ان اجتماعات میں مختلف ممالک، شہروں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے اسلامی بھائیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے اپنی روح کو ایمانی جلا بخشی۔ اجتماع کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے کیا گیا جس کے بعد مبلغینِ دعوتِ اسلامی نے شرکاء کی اخلاقی و مذہبی تربیت کے لیے سنتوں بھرے بیانات کیے۔

اس سلسلے میں مرکزی اور سب سے اہم اجتماع عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں منعقد ہوا، جہاں جانشینِ امیرِ اہلسنت، خلیفۂ عطار مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے خصوصی طور پر شرکت کی اور سنتوں بھرا بیان فرمایا۔ آپ کا بیان مدنی چینل کے ذریعے پوری دنیا میں براہِ راست نشر کیا گیا جس میں آپ نے آنے والے مقدس مہینے رمضان المبارک کی اہمیت اور اس کے استقبال کے حوالے سے جامع گفتگو فرمائی۔ آپ نے شرکاء کو تاکید کی کہ وہ اس ماہِ مقدس کی برکات سمیٹنے کے لیے ابھی سے ذہنی اور عملی طور پر تیاری کریں۔

جانشینِ امیرِ اہلسنت نے اپنے بیان میں اسلامی بھائیوں کو اس بات پر ابھارا کہ وہ رمضان المبارک میں اعتکاف کی سعادت حاصل کریں، نمازوں کی پابندی کریں اور زیادہ سے زیادہ وقت اللہ کی عبادت میں گزاریں۔ بیان کے دوران اصلاحِ اعمال، والدین کی اطاعت، معاشرتی امن اور اخلاقِ حسنہ جیسے اہم موضوعات کو بھی زیرِ بحث لایا گیا۔ مزید برآں، شرکاء کو دعوتِ اسلامی کے مدنی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور معاشرے کی اصلاح میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی گئی۔

واضح رہے کہ اسی روحانی ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے شیخِ طریقت امیرِ اہلسنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کو اس ہفتے ایک خصوصی رسالے ”ماہِ رمضان ماہِ نیک اعمال“ کے مطالعے کی ترغیب دلائی ہے۔ امیرِ اہلسنت نے اس رسالے کو پڑھنے یا سننے والوں کے لیے خصوصی دعا فرماتے ہوئے کہا ہے کہ ”یا رب المصطفیٰ! جو کوئی 20 صفحات کا رسالہ ”ماہِ رمضان نیک اعمال“ پڑھ یا سن لے، اسے رمضان الکریم میں خوب نیک اعمال کرنے کی توفیق عطا فرما اور اسے ماں باپ اور خاندان سمیت بے حساب بخش دے۔ آمین“۔ یہ رسالہ دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ بھی کیا جا سکتا ہے اور آڈیو میں سنا بھی جاسکتا ہے۔