صوفی محمد مقصود حسین قادری نوشاہی اویسی صاحب 28 رمضان المبارک 29 ویں  شب نمازِ تراویح ادا کرکے گھر واپس تشریف لا رہے تھے کہ بارش کے باعث پاؤں پھسل جانے سے گر گئے جس کے نتیجے میں ان کے بازو کی ہڈی میں فریکچر ہو گیا تھا علاج کے بعد بھی مکمل آرام نہیں آسکا۔

حادثے کی خبر ملنے پر شیخ طریقت امیر اہل سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے ان سے عیادت کی اور انہیں صبر کی تلقین کرتے ہوئے مدنی پھول عطا کئے اور دعاؤں سے نوازا۔

امیر اہلسنت کا پیغام

نحمدہ ونصلی ونسلم علیٰ خاتم النبیین

غم کی وجہ سے گناہ مٹتے ہیں:

ام المؤمنین حضرتِ بی بی عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:

”جب بندے کے گناہ زیادہ ہو جاتے ہیں اور اس کے پاس گناہ مٹانے والا عمل نہیں ہوتا، تو اللہ پاک اسے غم میں مبتلا کر دیتا ہے تاکہ اس کے گناہ مٹا دے۔“ (حوالہ: مشکاۃ المصابیح، جلد پہلی، صفحہ 302، حدیث نمبر 1580)

حضرت علامہ مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ اس حدیثِ پاک کے تحت فرماتے ہیں: طبرانی اور حاکم کی روایت میں ہے کہ اللہ غمگین دل کو پسند کرتا ہے۔ اسی لئے صوفیائے کرام فرماتے ہیں کہ رنج و غم میں درود شریف زیادہ پڑھو، کیونکہ اکثر رنج و غم گناہوں کی وجہ سے آتے ہیں اور درود شریف کی برکت سے گناہ مٹتے ہیں۔ جب گناہ گئے تو ان کا سامان (یعنی رنج و غم) بھی گیا۔ (حوالہ: مراۃ المناجیح، جلد 2، صفحہ 429)

دعائے امیر اہل سنت

الحمد للہ رب العالمین والصلوٰۃ والسلام علیٰ خاتم النبیین

یا رب المصطفیٰ جل جلالہ وصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم! صوفی محمد مقصود حسین قادری نوشاہی اویسی کو ہاتھ کے فریکچر سے شفائے کاملہ، عاجلہ، نافعہ عطا فرما۔ ان کو عافیت و دینی خدمت و سنتوں اور خوشیوں بھری اور گناہوں سے پاک لمبی زندگی عطا کر۔

یا ربِ باری! تکلیفیں، پریشانیاں ان کے لئے گناہوں کی معافی کا ذریعہ بن جائیں۔ یا ربِ غفار! اے مغفرت کرنے والے پروردگار! ان کی، ان کے ماں باپ کی اور سارے خاندان کی بے حساب مغفرت فرما اور ساری امت کو بخش دے۔

اللہم اٰمین بجاہ خاتم النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم