دعوت اسلامی کے فلاحی ڈیپارٹمنٹ  FGRF (فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن) کے وفد نے حال ہی میں مصر کے شہر قاہرہ میں تعینات فلسطین کے سفیر دیاب اللوح سے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد غزہ، فلسطین میں جاری انسانی ہمدردی کے پیشِ نظر FGRF کی جانب سے کی جانے والی امدادی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال اور باہمی تعاون کو فروغ دینا تھا۔ وفد میں رکن شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری اور نگران FGRF یوکے سید فضیل رضا عطاری موجود تھے۔

ملاقات کے دوران FGRF کے وفد نے فلسطینی سفیر کو تنظیم کی جانب سے غزہ میں فراہم کی جانے والی امداد، بشمول غذائی اجناس، طبی سہولیات، پناہ گاہوں، فری میڈیکل کی سہولت اور دیگر بنیادی ضروریات سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ FGRF مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ انسانی خدمات جاری رکھے گی۔

فلسطینی سفیر نے FGRF کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی بین الاقوامی تنظیمیں نہ صرف امداد فراہم کرتی ہیں بلکہ عالمی برادری میں فلسطین کے مسئلے کو اُجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے FGRF کی کاوش کو قابلِ تعریف قرار دیا اور آئندہ کے لئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔