امریکہ کی ریاست الینوائے کے شہر بلومنگٹن (Bloomington) میں دعوتِ اسلامی USA کے زیرِ اہتمام استقبالِ ربیع الاول اور ولادتِ با سعادت کے سلسلے میں کشتیوں (Boats) پر ایک پروقار اور یادگار جلوسِ میلاد کا انعقاد کیا گیا۔

مختلف ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق اس منفرد اور تاریخی کشتیوں کے جلوسِ میلاد میں مقامی مسلم کمیونٹی، عاشقانِ رسول، بچوں اور بزرگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شرکت کرنے والے عاشقانِ رسول نے نبی کریم صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلم کی ولادتِ با سعادت کی خوشی میں ذکر و اذکار، صلوٰۃ و سلام اور نعت خوانی کا اہتمام کیا جس سے پورا ماحول عشقِ رسول صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلم کے نعروں سے گونج اٹھا۔

جلوس میں بچوں سے لے کر بزرگوں تک نے یکساں جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی اور اس دن کو ایک یادگار و پرمسرت موقع بنا دیا۔

اس واٹر پروسیشن (Water Procession) کا بنیادی مقصد دیارِ غیر میں بھی آنے والی نسلوں کو سنتِ نبوی صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلم اور محبتِ رسول صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلم سے جوڑنا نیز امن و محبت کا پیغام عام کرنا تھا۔

جلوسِ میلاد کے اختتام پر درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا اور امتِ مسلمہ بالخصوص امریکہ میں مقیم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔