گرم موسم کے بعد تیز ہواؤں، گہرے بادلوں اور مسلسل بارشوں کے سلسلے کو مون سون کہتے ہیں۔محکمہ موسمیات نے 27 اور 28 جولائی2019ء سے مون سون کی تیز بارشوں کی پیشن گوئی کی ہے، لہٰذا ایسے موسم میں ہماری ذرا سی بے احتیاطی ہمیں کئی وبائی امراض میں مبتلا کرسکتی ہے۔ ایسے موسم میں ہمیں چاہئے کہ اپنی صحت کو بہتر رکھنے کیلئے پانی اور خوراک کو زہریلا ہونے سے بچانے اور صحت و صفائی کےلئے خصوصی اقدامات کریں، بصورتِ دیگر وبائی امراض پھیلنے کے قوی امکانات پیدا ہوجاتے ہیں ۔ ڈاکٹر ندیم اسد  کا کہنا ہے کہ برسات کے موسم میں کھانے پینے میں احتیاط برتیں، گھر کے برتنوں اور ہاتھوں کو اچھی طرح دھو کر کھانا کھائیں کیونکہ ہاتھوں کے ذریعے ہی جراثیم ہمارے پیٹ میں جاتے ہیں۔

ڈاکٹر ندیم اسد کا مزید کہاکہ ایسے موسم میں ٹائیفائیڈ، نزلہ، کھانسی، بخار کے مریض زیادہ آتے ہیں تو انہیں چاہئے کہ معمولی بیماری پر ہی اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔مون سون کے موسم میں گھر کے باہر گندگی سے مکھیوں اور مچھروں کی کثرت ہوجاتی ہے، ایسے میں ڈائریا اور آنکھوں کے انفیکشن پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوجاتا ہے۔ لہٰذا وبائی امراض کو پھیلنے سے روکنے کےلئے ہمیں چاہئے کہ اپنے اردگرد کو صاف رکھیں، باہر کی اشیا کھانے پینے سے اجتناب برتیں اور پانی کو ابال کر پئیں۔