راولپنڈی ڈویژن، صوبہ پنجاب پاکستان میں 18 مئی 2025ء کو ایک اہم فزیکل سیشن منعقد کیا گیا جس کا مقصد نیکی کی دعوت عام کرنا اور ذمہ دار اسلامی بہنوں کی تربیت کرنا تھا۔

اس سیشن میں راولپنڈی، واہ کینٹ، ٹیکسلا، جہلم، دینہ، تلہ گنگ، چکوال، گجر خان، اٹک، کامرہ، حسن ابدال اور میٹروپولیٹن راولپنڈی سے ذمہ دار اسلامی بہنوں نے شرکت کی۔

نگرانِ پاکستان مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے شرکاکے درمیان ”الفاظ کی تاثیر میں لہجے کا کردار“ کے موضوع پر بیان کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ بات کرنے کی تربیت بھی ضروری ہے،اس کی احتیاطیں بھی سیکھنی چاہئیں،میٹھی زبان سے ہی ہم کسی کا دل نرم کر سکتے ہیں اور اس کے دل میں اپنی بات پہنچا سکتے ہیں۔

اسلامی بہنوں کی تربیت کرتے ہوئے نگرانِ پاکستان مجلسِ مشاورت نے آخری نبی محمدِ عربی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمان سنایا جس کا مفہوم ہے کہ ”کیا میں تمہیں اس شخص کے بارے میں خبر نہ دوں جس پر جہنم حرام ہے؟ جواب دیا گیا، ہاں، فرمایا: جہنم نرم خو، نرم دل اور خوش اخلاق لوگوں پر حرام ہے“ اس لئے ہمیں اپنے رویئے اور انداز پر غور کرنا چاہیئے اور ایسا انداز اپنانا چاہیئے جو بد اخلاقی و روکھے پن کی نشانی نہ ہو۔

نگرانِ پاکستان مجلسِ مشاورت نے دینی کاموں سے متعلق ذمہ داران کی جانب سے کئے گئے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے دینی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے تجاویز پیش کیں اور آئندہ کے اہداف بتائے۔

سیشن میں شریک اسلامی بہنوں کو Self-Skills Enhancement Program کا تعارف کروایا گیا جس کا مقصد اسلامی بہنوں کو ہنر سکھا کر انہیں گھر بیٹھے حلال رزق کمانے کے قابل بنانا ہے۔

ملک ذمہ دار اسلامی بہن نے بتایا کہ یہ کورسز فیضانِ صحابیات میں کروائے جا سکتے ہیں۔ اس اہم سیشن کے دوران راولپنڈی ڈویژن کی رمضان ڈونیشن میں نمایاں کارکردگی کی حامل شعبہ ذمہ داران اور نگران اسلامی بہنوں میں تحائف تقسیم کئے گئے۔ سیشن کے اختتام پر دعا اور صلوٰۃ و سلام کا سلسلہ ہوا۔