اصلاحِ معاشرہ کا درس دینے والی عالمی سطح کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت 13 مئی 2025ء کو سلہٹ ڈویژن ، بنگلہ دیش کے شہر حبی گنج میں اسٹوڈنٹس کے لئے ایک سیشن ہوا۔

دورانِ سیشن نگرانِ عالمی مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے ”معاشرے میں طالبات کا کیا کردار ہے؟“ کے موضوع پر بیان کرتے ہوئے مختلف نکات پر روشنی ڈالی جن میں سے بعض یہ ہیں:٭ ایک اسٹوڈنٹ اپنے اسکول/کالج میں کس طرح نیکی کی دعوت پہنچاسکتا ہے؟٭ اس کی اہمیت کیا ہے؟٭ اس کے فضائل کیا ہیں؟۔

آخر میں ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ گرلز (عالمی سطح) کی ذمہ دار اسلامی بہن نے پاکستان سے بذریعہ انٹرنیٹ اسٹوڈنٹس کی رہنمائی کی جس پر انہوں نے اپنے اداروں میں درس دینے، میٹ اپ اور سیشن رکھوانے کی اچھی اچھی نیتیں کیں۔


علمِ دین کا فیضان دنیا بھر میں  عام کرنے والی عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت 13 مئی 2025ء کو سلہٹ ڈویژن ، بنگلہ دیش کے شہر حبی گنج میں قائم Abdul Ali Centre میں اسلامی بہنوں کا ہفتہ وار سنتوں بھرا اجتماع منعقد ہوا جس میں کم و بیش 300 اسلامی بہنوں نے شرکت کرنے کی سعادت حاصل کی۔

اجتماعِ پاک کا آغاز معمول کے مطابق تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد نعت خواں اسلامی بہنوں نے سرکارِ دوعالم حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی نعت شریف پڑھی اور حاضرین کے دلوں کو منور کیا۔

نعت شریف کے بعد دعوتِ اسلامی کی نگرانِ عالمی مجلسِ مشاورت کا سنتوں بھرا بیان ہو اجس میں انہوں نے اللہ پاک کی محبت دل میں ہونے، دوسروں کے دلوں میں اللہ کی محبت پیدا کرنے، اللہ پاک کی شان و قدرت اور انسان کی بےبسی کے متعلق شرکا کو مدنی پھول دیئے۔

اسی دوران نگرانِ عالمی مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے دینی ماحول سے وابستہ رہنے، ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماعات میں شرکت کرنے اور مدرسۃالمدینہ بالغات میں داخلہ لینے کا ذہن دیا جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتیں کیں۔

دینِ اسلام کو فروغ دینے، لوگوں کو دینِ متین کی طرف راغب کرنے اور انہیں دینِ اسلام کی باتیں بتانے کے لئے  عالمی سطح کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت ہر ہفتے کی شب مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

اسی سلسلے میں 17 مئی 2025ء بمطابق 20 ذیقعدہ 1446ھ کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا اہتمام کیا گیا جس میں براہِ راست اور بذریعہ مدنی چینل کثیر اسلامی بھائیوں و اسلامی بہنوں کی شرکت ہوئی۔

مدنی مذاکرے کی ابتدا میں تلاوتِ قراٰن کی گئی اور نعت خواں حضرات نے حضور خاتم النبیین، حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہِ اقدس میں نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔

بعدازاں شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے مختلف سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے جن میں سے بعض درج ذیل ہیں:

سوال:کیا اللہ پاک کا نام زیادہ پڑھنے(یعنی کوئی خاص وظیفہ کرنے) سے بندے پر کوئی اثر ہو جاتا ہے ؟

جواب:بعض اسمائے کرام کی تاثیرات ہوتی ہیں ۔بعض وظائف جلالی جمالی بھی ہوتے ہیں ۔اس لئے لمبے وظائف پڑھنے سے پہلے کسی صاحبِ اجازت کی اجازت سے بلکہ ان کی نگرانی میں پڑھے جائیں ورنہ چوٹ لگ سکتی ہے ۔بعض اوقات اس وظیفے میں پڑھنے والے کی غلطی سے بھی نقصان ہوتا ہے۔ایک شخص دلائل الخیرات پڑھتے تھے انہوں نے مجھے بتایا کہ اس کے پڑھنے سے میرے منہ میں چھالے ہو جاتے ہیں ،میں نے انہیں کہا کہ آپ نہ پڑھا کریں کیونکہ مجھے اندازہ تھا کہ ان کے مخارج درست نہیں ہوں گے اور یہ درست پڑھ نہیں پاتے ہوں گے، انہوں نے پڑھنا بند کیا تو چھالے درست ہو گئے ۔ مخارج درست نہ ہونے کی وجہ سے معنی بدل جاتے ہیں ۔فیضانِ نماز کورس کرلیں،اپنی نماز سنا کر غلطیاں ہوں تو درست کر لیں ۔

سوال:ہماری زبان میں تاثیر کیسے پیدا ہو کہ ہم کسی کو نیکی کی دعوت دیں تو وہ عمل کرنے والا بن جائے ؟

جواب:عمل سے تاثیر ہوتی ہے، خود باعمل ہو گا تو اثر ہو گا ۔بعض مرتبہ بات بالکل درست ہوتی ہے مگر بولنے کا انداز درست نہیں ہوتا۔ لہجہ کاٹ کھانے والا ہوتا ہے اس لئے اثر نہیں ہوتا ۔دِھیمی و نرم آواز ،اچھے اور پیار بھرے انداز میں نیکی کی دعوت دی جائے ۔قول ہے کہ سلام کرو، مسکرا کر ہاتھ ملاؤ اور دل میں اُتر جاؤ۔ غلط انداز اختیار کرو گے تو دل سے اُتر جاؤ گے ۔

سوال:آج کل کچھ لوگ دِین کے معاملے میں بے باک ہوتے نظرآتے ہیں، اس کی وجہ کیا ہے ؟

جواب:دِین کے معاملے میں بے باکی خطرناک ہے ۔بے باکی کی وجہ یہ ہے کہ نیک صحبتیں نہیں ہیں ،دینی معلومات نہیں ہیں ،جو دینی معلومات فراہم کرتے ہیں ان سے نفرت کی جاتی ہے ۔نَعُوذُبِاللہِ مِنْ ذَالِک (ہم اس سے اللہ پاک کی پناہ مانگتے ہیں )ایسی سوچ نہیں ہونی چاہیئے ۔اللہ پاک نے ہمیں دعوتِ اسلامی جیسی بہت بڑی نعمت دی ہے ،یہ دنیا کے بہت ممالک میں اچھا دینی ماحول فراہم کر رہی ہے، دین اور سنتیں سکھارہی ہے ،اللہ پاک کی بارگاہ سے بچھڑے ہوؤں کو اللہ پاک کی بارگاہ میں لا رہی ہے ،ان کے ساتھ آپ بھی شامل ہو جائیں ۔اپنی آخرت بنائیں اور اپنا ایمان بچائیں ۔دعوتِ اسلامی والوں کی صحبت میں رہیں گے تو ایمان کی حفاظت کا سامان ہو گا، گناہوں کی پہچان ہو گی ،نمازوں اور نیکیوں کا شوق بڑھے گا ۔دعوتِ اسلامی سے وابستہ ہونے کے لئے کوئی ممبر شب نہیں اور نہ ہی کوئی داخلہ فیس ہے، ہمت کریں! دعوتِ اسلامی کے ہفتہ وار اجتماع میں شرکت کیا کریں ۔سنتیں سیکھنے سکھانے کے قافلوں میں سفر کریں ۔نیک اعمال کے رسالے پر عمل کریں ۔اسلامی بھائیوں کے لئے 72اوراسلامی بہنوں کے لئے 63 نیک اعمال ہیں ۔بس دعوتِ اسلامی سے منسلک ہو جائیں ،پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے پیچھے پیچھے جنت میں جانا بھی ہے اور دوسروں کو بھی لے کر جانا ہے ۔ان شآء اللہ الکریم

سوال:21 ذیقعدہ رکنِ شوریٰ حاجی زم زم عطاری رحمۃ اللہ علیہ کا یومِ وفات ہے ،آپ نے انہیں نیک اعمال پر عمل کرنے میں کیساپایا ؟

جواب:حاجی زم زم عطاری کا جواب نہیں۔ ایسے سعادت مند، شریف النفس انسان کم دیکھے ہیں ۔یہ اطاعت گزار اور دیوانے تھے ،یہ حیدر آباد(سندھ) میں رہتے تھے مگر چھٹی والے دن میرے پاس کراچی آ جاتے تھے۔ میں انہیں قریب سے دیکھتا تھا، بہت پیارے انسان تھے، مَیں ان سے متاثر تھا۔وفات پانے کے بعد مجھے ان کی بہت کمی محسوس ہوئی۔ان کے ملنے کا انداز، انفرادی کوشش، نمازوں اور شریعت کی پابندی ،ان میں کافی اچھی اچھی باتیں دیکھیں ۔ پہلے نیک اعمال رسالے کا نام مدنی انعامات تھا، جب ان کا آغاز کیا تو اسلامی بھائی اسے زیادہ قبول نہیں کر پا رہے تھے ،ایسے حالات ہوئے کہ مَیں دل برداشتہ ہو گیا ،انہوں نے مجھےڈھا رس دی کہ ہم اس کو چلائیں گے اور مل کر نفاذ کریں گے ۔پھر میرا حوصلہ بڑھا اور انہوں نے بہت ساتھ دیا ۔مَیں نے انہیں تاجدارِ مدنی انعامات کا لقب دیا ۔اب مدنی انعامات نہیں کہا جاتا بلکہ ”نیک اعمال“کہا جاتا ہے تو اب ان کا لقب بھی تاجدار ِنیک اعمال ہو گیا ۔انہوں نے کئی رسائل مرتب کئے ، مگر ان کا نام رسالوں میں نہیں ملے گا۔ المدینۃ العلمیہ(Islamic Research Center) میں ان کا بہت آنا جانا ہوتا تھا۔ رسائل لکھتے تھے، لکھواتے تھے ۔اللہ پاک انہیں غریق ِرحمت فرمائے اور ہمیں بھی اچھی عادات و اطوار نصیب فرمائے۔

سوال:”جن باتوں پر جھگڑا کر کے لوگ منوں مٹی تلے سو جاتے ہیں انہی باتوں پر ہلکی سی مٹی ڈال کر دنیا میں پُرسکون زندگی گزاری جا سکتی ہے“ ا س بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:بہت پیاری سوچ ہے، اگر لوگ درگزر سے کام لیتے،نظرانداز(Ignore) کرتے توسکون بھری زندگی گزارتے ۔ہمیں اپنا دل سمندر کی طرح رکھنا چاہیئے، سمندر میں ہر طرح کا پانی آتا ہے وہ سب کو اپنے اندر لے لیتاہے اور اپنے رنگ میں رنگ لیتا ہے ۔اسی طرح ہمیں بھی ہونا چاہیئے اور ٹینشن فری رہنا چاہیئے۔

سوال:بچوں کو کس طرح سمجھایا جائے ؟

جواب:بچوں کو بار بار ڈانٹنے، جھاڑنے سے وہ باغی ہو جاتے ہیں ،پھر وہ ماں باپ کی ڈانٹ ڈپٹ کا اثرنہیں لیتے اور نافرمانی کرتے رہتے ہیں ۔ایک بار ڈانٹیں، حکمت ِعملی اختیار کریں اور اس طرح سزا دیں کہ اسے سال / 6 مہینے تک یاد رہے ۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ ”تفسیر نورُ العرفان سے 85 مدنی پھول (قسط 04) پڑھنے یا سُننے والوں کو امیر اہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ”تفسیر نورُ العرفان سے 85 مدنی پھول (قسط 04) پڑھ یا سُن لے، اُسے دنیا و آخرت کی بھلائیاں دے اور اُس کی ماں باپ اور خاندان سمیت بے حساب مغفرت فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

دائمی قبض ختم ہو ان شاء الله الكریم

(مردوعورت دونوں کے لئے)

سوال: دائمی قبض کا علاج کیا ہے ؟

جواب:روزانہ سوتے وقت شہد اور کسٹر آئل (ایک ایک ٹی اسپون ) گرم دودھ کے گلاس یا کپ میں ملا کر پی لیجئے۔ (اگر مرض زیادہ ہو تو دو وقت یعنی صبح اور رات بھی لے سکتے ہیں) ان شاء اللہ الکریم شفا مل جائے گی۔

مدت : شفا ملنے تک (ضرورتاً تین ماہ مسلسل بھی لے لیں تو حرج نہیں)۔

مشورہ: ایک ٹی اسپون بادام کا تیل شامل کر لیں تو ان شاء اللہ الکریم فائدہ بڑھ جائے گا۔

سہولت: ہر موسم میں لے سکتے ہیں۔

بچہ:5 سال سے 10 سال تک کے بچوں کو آدھی اور 5 سال تک کے بچوں کو چوتھائی خوراک دیجئے 5 سال سے نیچے والوں کو آٹھواں حصہ دیجئے مگر بہت چھوٹے بچوں کو یہ علاج نہ دیجئے۔

تاکید:شوگر والے ڈاکٹر کے مشورے پر عمل کریں۔

( ہر علاج طبیب کے مشورے سے کیجئے)

صلوا على الحبيب صلی اللہ علی محمد

دعوتِ اسلامی کے نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مدنی ان دنوں مختلف ممالک کے دینی و تبلیغی دورے پر ہیں۔ اسی سلسلے میں آپ نے حال ہی میں مراکش کا دورہ کیاجہاں دارالحکومت رباط میں ایک عظیم الشان ”نیکی کی دعوت“ کا سلسلہ ہوا۔

اس پراثر دینی پروگرام میں مراکش کی حکومت کے اعلیٰ عہدیداران، ممتاز علمائے کرام، اور مقامی عاشقانِ رسول کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور عربی نعتوں سے ہواجنہیں مقامی عاشقانِ رسول نے پیش کیا۔

نگرانِ شوریٰ مولاناحاجی محمد عمران عطاری نے اس موقع پر دعوتِ اسلامی کی عالمی سطح پر جاری دینی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے ایمان کی حفاظت، نیک اعمال کی ترغیب، اور سنتِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر عمل کے حوالے سے بیان فرمایا۔ آپ نے فرمایا کہ ایمان کی سلامتی کے لئے ضروری ہے کہ ہم نیکیوں کا ماحول اپنائیں اور اپنی زندگی کو سنتِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے مطابق ڈھالیں۔

پروگرام کے دوران معروف اسلامی اسکالر شیخ الدکتور حمزہ الکتانی مدظلہ العالی نے مولانا عمران عطاری کو اعزازی چادر پیش کی جس پر نگرانِ شوریٰ نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے باہمی دینی تعاون کو سراہا۔ اجتماع کا اختتام خصوصی دعا پر ہوا۔


دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران حاجی مولانا محمد عمران عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی ان دنوں بیرون ملک دورے پر ہیں جس دوران آپ نے مراکش کے دارالحکومت رباط میں قائم Pakistani Embassy کا دورہ کیا۔

اس موقع پر نگرانِ شوریٰ نے Pakistani Ambassador سید عادل گیلانی سمیت دیگر سفارتی عملے سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دعوتِ اسلامی کی عالمی سطح پر جاری دینی، فلاحی اور اصلاحی سرگرمیوں سے آگاہی دی گئی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسی طرح پاکستانی ایمبیسی میں "نیکی کی دعوت" کے سلسلے میں سنتوں بھرا اجتماع بھی منعقد ہوا جس میں پاکستانی سفیر، سفارت خانے کے عملے اور مقامی عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔

اس اجتماع میں مولانا حاجی محمد عمران عطاری نے ”شکر گزاری“کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان فرمایا۔ آپ نے فرمایا کہ ”اللہ پاک کا شکر ادا کرنا بندے کی بڑی سعادت ہےاور جو بندہ شکر گزار بنتا ہے، اللہ اس کی نعمتوں میں اضافہ فرماتا ہے“۔ آپ نے مزید کہا کہ ”مصیبت و پریشانی کے مواقع پر صبر اور نعمتوں پر شکر انسان کی روحانی ترقی کا ذریعہ بنتے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ نافرمانی سے بچتے ہوئے ہر حال میں اللہ کا شکر ادا کریں۔

پروگرام کے اختتام پر نگرانِ شوریٰ نے ملک و ملت کی سلامتی اور امتِ مسلمہ کی بھلائی کے لئے خصوصی دعا کروائی۔

بعد ازاں سفارتی عملے اور عاشقانِ رسول سے انفرادی ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری رہا جس میں دینی امور اور اسلامی طرزِ زندگی پر تبادلہ خیال ہوا۔


مری بار ایسوسی ایشن پنجاب میں دعوتِ اسلامی کے شعبہ رابطہ برائے وکلاکے تحت محفل نعت کا انعقاد کیا گیا۔ اس اجتماع میں وکلا، ججز،  بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر، اور آصف اقبال عباسی ایڈووکیٹ نے شرکت کی۔

دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمد اظہر عطاری نے ”سیرت النبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اور ہماری زندگی“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا۔ انہوں نے شرکا کو نیک اعمال کرنے، جھوٹ سے بچنے، مظلوم کی خیرخواہی کرنے اور ظالم کا ساتھ نہ دینے جیسی اہم اسلامی اقدار اپنانے کی تلقین کی۔

محفل کے اختتام پر حاجی محمد اظہر عطاری نے خصوصی دعا کروائی جس میں امتِ مسلمہ کی فلاح، ملک و قوم کی سلامتی اور تمام حاضرین کی دنیا و آخرت کی بھلائی کے لئے دعائیں کی گئیں۔ 


دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن  حاجی یعفور رضا عطاری نے گزشتہ دنوں میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ یہ ملاقات ایک خوشگوار اور باہمی تعاون کے جذبے کے تحت منعقد ہوئی۔

ملاقات کے دوران دعوتِ اسلامی کی دینی، سماجی اور فلاحی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حاجی یعفور رضا عطاری نے گورنر پنجاب کو دعوت اسلامی کے تحت جاری بین الاقوامی سطح کے منصوبہ جات، بالخصوص تعلیم، اصلاحِ معاشرہ، اور فلاحی خدمات سے آگاہ کیا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے دعوتِ اسلامی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کے فلاحی و تعلیمی منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

یہ ملاقات باہمی ہم آہنگی اور معاشرتی بہتری کے لئے مثبت پیش رفت ثابت ہوئی جسے دونوں جانب سے خوش آئند قرار دیا گیا۔


بروز  ہفتہ 10 مئی 2025ء کو مدنی مرکز فیضانِ مدینہ اسٹچفورڈ برمنگھم میں medical professionalsکے لئے ایک خصوصی ملاقات کا اہتمام کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد طب کے میدان میں خدمات انجام دینے والے افراد کو ایک مربوط پلیٹ فارم فراہم کرنا اور ان کے مسائل و تجربات پر سیر حاصل گفتگو کرنا تھا۔

اس Meet Up میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن عبد الوہاب عطاری نے خصوصی شرکت فرمائی۔ آپ نے اپنی گفتگو اور خیالات کے ذریعے شرکا کی رہنمائی کی اور انہیں دینی و اخلاقی پہلوؤں سے بھی آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران، طبی ماہرین کو درپیش موجودہ چیلنجز، پیشہ ورانہ دباؤ، اور فلاحی خدمات کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دعوتِ اسلامی کی جانب سے Medical field کے افراد کے ساتھ تعاون کرنے کی یقین دہائی کروائی گئی۔

شرکانے اس بامقصد Meet Up کو سراہتے ہوئے دعوتِ اسلامی کی اس کاوش کو خوش آئند قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز کا انعقاد جاری رہے گا۔


اسلام آباد سیکٹر G-6/G-5 بری امام میں 14 مئی 2025ء کو اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ دعوتِ اسلامی کے تحت اسپیشل پرسنز کے درمیان علاقائی دورہ برائے نیکی کی دعوت کا سلسلہ ہوا جس میں صوبائی ذمہ دار کامران عطاری اور یوسی نگران عمران عطاری سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔

ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے نیکی کی دعوت میں مختلف شعبوں سے وابستہ نابینا افراداور اُن کے سرپرستوں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں مدرسۃ المدینہ و جامعۃ المدینہ (برائے نابینا افراد) کا تعارف کروایا۔

اس کے علاوہ مبلغِ دعوتِ اسلامی نے نابینا افراد کو ہفتہ وار آڈیو رسالہ سننے، علمِ دین حاصل کرنے، دعوتِ اسلامی کے قافلوں میں سفر کرنے اور ہفتہ وار اجتماع و مدنی مذاکرے میں شرکت کرنے کی ترغیب دلائی جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتیں کیں۔(رپورٹ: کامران عطاری صوبائی ذمہ دار نابینا افراد ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)

دعوتِ اسلامی کے شعبہ تعلیم کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور و فکر کرنے کے لئے مدنی مشورے  کا انعقاد بروز منگل 13 مئی 2025ء کو مدنی مرکز فیضانِ مدینہ اسٹچفورڈ برمنگھم میں کیا گیا۔

مدنی مشورہ رکنِ شوریٰ عبد الوہاب عطاری نے لیا ۔دورانِ مشورہ شعبۂ تعلیم کے تحت جاری دینی کام، کارکردگی کو بڑھانے اور تعلیمی خدمات کی وسعت کے حوالے سے اہم حکمتِ عملیوں پر روشنی ڈالی گئی۔

رکن شوریٰ نے مختلف تجاویز اور عملی اقدامات پیش کئے جنہیں شرکا کی جانب سے بھرپور سراہا گیا۔ اجلاس میں مستقبل قریب میں شعبہ تعلیم کی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لئے پُرجوش عزم کااظہارکیا گیا۔


13 مئی 2025ء کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد G-11 میں قائم مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں دعوتِ اسلامی کے تحت اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کا ماہانہ مدنی مشورہ ہوا جس میں کشمیر کے ڈویژن ذمہ داران اور راولپنڈی کے ڈویژن و ڈسٹرکٹ ذمہ داران سمیت مختلف سطح کے اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

نگرانِ اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ عمیر ہاشمی عطاری نے شعبے کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے دعوتِ اسلامی کے دینی و فلاحی کاموں کو بڑھانے کے حوالے سے حاضرین کی رہنمائی کی۔

آخر میں نگرانِ ڈیپارٹمنٹ نے ذمہ دار اسلامی بھائیوں کو تحائف دیئےجس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔(رپورٹ: کامران عطاری صوبائی ذمہ دار نابینا افراد ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


یونیورسٹی آف برمنگھم میں 14مئی 2025ء کو ایک اہم پروگرام بعنوان "Releasing Exam Stress" کا انعقاد کیا گیاجس کا مقصد طلبہ کو امتحانی دباؤ سے نجات دلانے، ذہنی آسودگی فراہم کرنے اور مثبت انداز میں امتحانات کی تیاری کے لئے رہنمائی فراہم کرنا تھا۔

یہ پروگرام دعوتِ اسلامی کے شعبۂ تعلیم کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا جس میں مبلغین دعوتِ اسلامی نے طلبہ کو ذہنی دباؤ سے نمٹنے کی عملی تکنیکوں، وقت کے مؤثر استعمال اور خود اعتمادی کے فروغ سے متعلق مفید نکات فراہم کئے۔

تقریب میں رکن شوریٰ دعوتِ اسلامی عبد الوہاب عطاری نے بھی خصوصی شرکت کی۔ آپ کی آمد نے شرکاء کی حوصلہ افزائی میں نمایاں کردار ادا کیا اور طلبہ کو دین و دنیا دونوں پہلوؤں میں متوازن رہنے کا پیغام دیا۔

پروگرام کو شرکا کی جانب سے بے حد سراہا گیا اور طلبہ نے اس سے خوب فائدہ حاصل کیا۔