دعوتِ اسلامی کے نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مدنی ان دنوں مختلف ممالک کے دینی و تبلیغی دورے پر ہیں۔ اسی سلسلے میں آپ نے حال ہی میں مراکش کا دورہ کیاجہاں دارالحکومت رباط میں ایک عظیم الشان ”نیکی کی دعوت“ کا سلسلہ ہوا۔

اس پراثر دینی پروگرام میں مراکش کی حکومت کے اعلیٰ عہدیداران، ممتاز علمائے کرام، اور مقامی عاشقانِ رسول کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور عربی نعتوں سے ہواجنہیں مقامی عاشقانِ رسول نے پیش کیا۔

نگرانِ شوریٰ مولاناحاجی محمد عمران عطاری نے اس موقع پر دعوتِ اسلامی کی عالمی سطح پر جاری دینی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے ایمان کی حفاظت، نیک اعمال کی ترغیب، اور سنتِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر عمل کے حوالے سے بیان فرمایا۔ آپ نے فرمایا کہ ایمان کی سلامتی کے لئے ضروری ہے کہ ہم نیکیوں کا ماحول اپنائیں اور اپنی زندگی کو سنتِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے مطابق ڈھالیں۔

پروگرام کے دوران معروف اسلامی اسکالر شیخ الدکتور حمزہ الکتانی مدظلہ العالی نے مولانا عمران عطاری کو اعزازی چادر پیش کی جس پر نگرانِ شوریٰ نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے باہمی دینی تعاون کو سراہا۔ اجتماع کا اختتام خصوصی دعا پر ہوا۔