عبداللہ
(درجہ رابعہ جامعۃ المدینہ فیضانِ فاروق اعظم سادھوکی لاہور،پاکستان )
وعدہ وفائی کا مطلب یہ ہے کہ انسان جو بات کہے، جس کام
کا قول دے، جس ذمہ داری کو قبول کرے، اسے پورا کرے۔ اسلام میں وعدہ وفائی کو بہت
اہمیت حاصل ہے، یہاں تک کہ اسے ایمان کی علامت قرار دیا گیا ہے۔ وعدہ کرنا آسان ہے
مگر وعدہ نبھانا اعلیٰ کردار کی پہچان ہے۔اللہ پاک نے قرآنِ مجید میں مختلف مقامات
پر وعدہ پورا کرنے کا حکم ارشاد فرمایا ہے، تاکہ مسلمان سچائی، امانت اور دیانت کا
پیکر بن جائے۔
(1) یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اَوْفُوْا
بِالْعُقُوْدِ
ترجمہ کنز الایمان: اے ایمان
والو اپنے قول(عہد) پورے کرو۔ (سورۃ المائدۃ: 1)
پیارے پیارے اسلامی بھائیو !یہ خطاب خاص ایمان والوں سے
ہے، جس سے معلوم ہوا کہ وعدہ پورا کرنا ایمان کا تقاضا ہے، محض اخلاقی مشورہ نہیں۔
(2)وَ
اَوْفُوْا بِالْعَهْدِۚ-اِنَّ الْعَهْدَ كَانَ مَسْـٴُـوْلًا (۳۴)
ترجمہ کنز الایمان: اور عہد پورا کرو بےشک عہد سے سوال
ہونا ہے۔ (سورۃ الاسراء: 34)
پیارے پیارے اسلامی بھائیو !قیامت کے دن وعدوں کے بارے میں
بھی سوال ہوگا، اس لیے وعدہ کرتے وقت خوب سوچ لینا چاہیے۔
(3)وَ
اَوْفُوْا بِعَهْدِ اللّٰهِ اِذَا عٰهَدْتُّم
ترجمہ کنز
الایمان: اور اللہ کا عہد پورا کروجب قول باندھو۔ (سورۃ النحل: 91)
پیارے پیارے اسلامی بھائیو !جب بندہ کسی سے وعدہ کرتا ہے
تو اللہ پاک کو گواہ بناتا ہے، اس لیے وعدہ پورا کرنا اللہ پاک کی رضا کا ذریعہ
ہے۔
(4) فَاَتِمُّوْۤا اِلَیْهِمْ عَهْدَهُمْ اِلٰى
مُدَّتِهِمْؕ
ترجمہ کنزالایمان:تو ان کے عہد ان کی مدت تک پورے
کرو۔(سورۃ التوبہ: 4)
پیارے پیارے اسلامی بھائیو !اسلام ہمیں ہر ایک کے ساتھ
وعدہ پورا کرنے کا حکم دیتا ہے، چاہے وہ مسلمان ہو یا غیر مسلم۔
(5)وَ
الَّذِیْنَ هُمْ لِاَمٰنٰتِهِمْ وَ عَهْدِهِمْ رٰعُوْنَۙ(۸)
ترجمہ کنز الایمان: اور وہ جو اپنی امانتوں اور اپنے عہد
کی رعایت کرتے ہیں۔ (سورۃ المؤمنون: 8)
پیارے پیارے اسلامی بھائیو !یہ آیت بتاتی ہے کہ وعدہ
وفائی کامیاب مومنوں کی نمایاں صفت ہے۔
وعدہ وفائی اپنانے کے مدنی پھول:بلا
ضرورت وعدہ نہ کریں،وعدہ کر لیا تو پورا کرنے کی بھرپور کوشش کریں،اگر مجبوری ہو
جائے تو فوراً معذرت کر لیں،وعدہ پورا کرنے کی نیت سے کام شروع کریں۔
اللہ پاک ہمیں سچا، امانت دار اور وعدہ وفا کرنے والا
مسلمان بنائے، ہمیں قول و عمل کا پکا فرمائے اور وعدہ خلافی جیسی بری عادت سے
محفوظ رکھے۔آمین بجاہ خاتم النبیین ﷺ
Dawateislami