دینِ
اسلام کی اصل اور ہر نبی کو بھیجنے کا مقصد مخلوق کو خالق کی طرف راغب کرنا اور اس
کی وحدانیت کا اقرار کروانا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے جتنے انبیا و رسل مبعوث فرمائے ان
سب نے اپنی اپنی امتوں کو یہ یقین کروایا کہ اس کائنات کا ایک ہی خالق و مالک ہے
وہی ہے جس کی تمام کائنات میں بادشاہت ہے، وہی کائنات کا حقیقی مُدَبّر ہے، وہ
اَحَد ہے، صَمَد ہے اور حقیقت میں مستحقِ عبادت ہے۔ اللہ تعالی نےارشاد فرمایا:
وَ مَاۤ اَرْسَلْنَا مِنْ قَبْلِكَ مِنْ رَّسُوْلٍ اِلَّا نُوْحِیْۤ
اِلَیْهِ اَنَّهٗ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّاۤ اَنَا فَاعْبُدُوْنِ(۲۵)
ترجمۂ کنزُالعِرفان:
اور ہم نے تم سے پہلے کوئی رسول نہ بھیجا مگر یہ کہ ہم اس کی طرف وحی فرماتے رہے
کہ میرے سوا کوئی معبود نہیں تو میری ہی
عبادت کرو۔ (سورۃ الانبیاء:25)
اسی طرح اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے:
وَ لَقَدْ بَعَثْنَا فِیْ كُلِّ اُمَّةٍ رَّسُوْلًا
اَنِ اعْبُدُوا اللّٰهَ وَ اجْتَنِبُوا الطَّاغُوْتَۚ-فَمِنْهُمْ مَّنْ هَدَى
اللّٰهُ وَ مِنْهُمْ مَّنْ حَقَّتْ عَلَیْهِ الضَّلٰلَةُؕ-فَسِیْرُوْا فِی
الْاَرْضِ فَانْظُرُوْا كَیْفَ كَانَ عَاقِبَةُ الْمُكَذِّبِیْنَ(۳۶)
ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور بیشک ہر امت میں ہم نے ایک رسول بھیجا کہ (اے لوگو!) اللّٰہ کی
عبادت کرو اور شیطان سے بچو تو ان میں کسی
کو اللّٰہ نے ہدایت دیدی اور کسی پر گمراہی ثابت ہوگئی تو تم زمین میں چل پھر کر دیکھو کہ جھٹلانے والوں کا کیسا انجام ہوا؟ (سورۃ نحل:25)
انبیاء
کرام صرف توحید کی دعوت ہی نہیں دیتے بلکہ ان تمام باطل خداؤں کی نفی بھی کرتے تھے
جنہیں ان کی قوم نے اپنے گمان سے خدا بنا دیا تھا۔حضرت ابراہیم علیہ السلام نے
ستاروں اور چاند سورج کی عبادت کرنے والوں کے سامنے توحید کی دعوت پیش کی اور حضرت
موسی علیہ السلام نے فرعون کے اس دعوے کا رد فرمایا جس میں وہ خدائی کا دعوی کرتا
تھا ـتمام انبیاء کرام کو توحید
کی دعوت عام کرنے میں بہت سی مخالفتوں کا سامنا کرنا پڑا حضرت ابراہیم علیہ السلام
کو آگ میں ڈالا گیا حضرت نوح علیہ السلام کا مذاق اڑایا گیا لیکن ان تمام مشکلات
اور سختیوں کے باوجود بھی انبیاء کرام علیہم الصلوۃ والسلام نے اپنے پیغام کو نہیں
بدلا ـ تمام انبیاء کرام علیہم
الصلوۃ والسلام کی دعوت کا مقصد اپنی امت کو ان تمام معبودان باطلہ کی عبادت سے
روکنا تھا جن میں وہ لگ گئے تھے اور انہیں معبود برحق اللہ رب العزت کی عبادت اور
اس کی غلامی میں لانا تھا یہی تمام انبیاء کرام کا بنیادی مقصد تھا۔
Dawateislami