جس طرح ایک انسان کا زندہ رہنے کے لیے سانس کا ہونا ضروری ہے اور جس طرح ایک انسان کو اپنی دنیا بہتر کرنے کے لیے دنیا کے تمام سہولت کا دستیاب ہونا ضروری ہے اسی طرح آخرت میں سرخرو ہونے کے لیے آخرت میں وہ نعمت والا گھر یعنی جنت حاصل کرنے کے لیے آخرت میں اپنے آپ کو نیک متقین پرہیزگار صالحین اور اللہ کے پسندیدہ بندوں میں شامل ہونے کے لیے ضروری ہے کہ بندہ رب کی وحدانیت پر ایمان رکھتا ہو رب تعالی کی وحدانیت کے متعلق حدیث مبارکہ ۔

حضرتِ سَیِّدُنااَبو نجیح عَمْرو بِن عَبَسَہ سُلَمِي رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ فرماتے ہیں کہ میں زمانۂ جاہلیت میں یہ گمان کرتا تھا کہ لوگ گمراہی میں پڑے ہیں اور وہ کسی صحیح دین پر نہیں ہیں ۔ وہ بتوں کی پوجا کرتے ہیں پھر میں نے سنا کہ مکے میں کوئی شخص ہے جو کہ خبریں دیتاہے ۔ میں اپنی سواری پر بیٹھا اور ان کے پاس پہنچ گیاوہاں رسولُ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کسی خفیہ مقام پر تھے اور اُن کی قوم اُن پر دلیر تھی ، میں حیلے بہانے سے مکے میں اُن تک پہنچ گیا ، میں نے اُن سے عرض کی : ’’آپ کون ہیں؟ ‘‘ انہوں نے فرمایا : ” میں نبی ہوں ۔ “ میں نے پوچھا : ’’ نبی کسے کہتے ہیں؟ ‘‘ فرمایا : ” مجھےاللہ عَزَّوَجَلَّ نے بھیجا ہے ۔ “ میں نے عرض کی : ’’اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے آپ کو کیا چیز دے کر بھیجا ہے ؟ ‘‘ فرمایا : ”اللہ عَزَّوَجَلَّ نے مجھے صلہ رحمی ، بت شکنی ، توحید اوراللہ عَزَّوَجَلَّ کے ساتھ کسی کو شریک نہ کرنے کے پیغام کے ساتھ بھیجا ہے ۔ “ میں نے عرض کی : ’’اِس دین پر آپ کے ساتھ کون کون ہے ؟ ‘‘ فرمایا : ” آزاد اور غلام ۔ “ ( حضورصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے ساتھ اُس وقت حضرت سَیِّدُنَا ابو بکر صدیق اور سَیِّدُنَا بلال رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا تھے ۔ ) میں نے عرض کی : ’’میں آپ کی پیروی کرتا ہوں ۔ ‘‘ آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشادفرمایا : ” ابھی تم اِس کی استطاعت نہیں رکھتے ، کیا تم میرا اور میرے ساتھیوں کا حال نہیں دیکھ رہے ؟ بلکہ ابھی تم اپنے گھر والوں کے پاس لوٹ جاؤ جب تم سنو کہ مجھے غلبہ حاصل ہوگیا ہے تو میرے پاس آجانا ۔ “حضرت سَیِّدُنَاعَمرو رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کہتے ہیں کہ میں اپنے گھر چلا گیا اور بعد ازاں رسول اکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ہجرت کرکے مدینہ منورہ تشریف لے گئے ۔ میں اپنے گھر پر تھا اور میں آپ عَلَیْہِ السَّلَام کی مدینہ منورہ تشریف آوری کے بعد لوگوں سے آپ کے بارے میں معلومات کرتا رہتا ، حتی کہ میرے خاندان کے کچھ لوگ مدینے شریف سے میرے پاس آئے تو میں نے اُن سے پوچھا : ’’جو صاحب مدینے تشریف لائے ہیں ان کا کیا حال ہے ؟ ‘‘ انہوں نے بتایا : ’’ لوگ تیزی سے ان کی دعوت قبول کر رہے ہیں ، اُن کی قوم نے انہیں قتل کرنا چاہا لیکن وہ ایسا نہ کرسکے ۔ ‘‘ حضرت عَمرو بن عبسہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کہتے ہیں کہ پس میں مدینے پہنچ گیا ، میں نے حضورصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی بارگاہ میں حاضر ہوکر عرض کی : ’’یارسولَ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ! کیا آپ مجھے پہچانتے ہیں؟ ‘‘رسولُ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : ” ہاں تم مجھے مکے میں ملے تھے ۔ “ میں نے عرض کی : ’’یارسولَ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ! مجھے اُن چیزوں کے بارے میں بتائیں جواللہ عَزَّوَجَلَّ نے آپ کو بتائی ہیں اور جنہیں میں نہیں جانتا ، مجھے نمازکے بارے میں بتائیں ۔ ‘‘رسولُ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : ” صبح کی نماز پڑھو ، پھر اس وقت تک نماز سے رُکے رہو جب تک سورج ایک نیزے کے برابر بلند نہ ہوجائے کیونکہ سورج شیطان کے سینگوں کے درمیان طلوع ہوتا ہے اور اُس وقت کافر اُس کو سجدے کرتے ہیں ، پھر نماز پڑھو کیونکہ اس وقت فرشتے نماز میں حاضر ہوتے اور گواہی دیتے ہیں یہاں تک کہ جب سایہ نیزے کی مقدار سے کم ہوجائے تو اُس کے بعد نماز سے رُک جاؤکیونکہ اس وقت جہنم بھڑکائی جاتی ہے ، پھر جب سورج ڈھل جائے تو نماز پڑھو کیونکہ نماز میں فرشتے حاضر ہوتے ہیں اور گواہی دیتے ہیں یہاں تک کہ تم عصر کی نماز پڑھو ، پھر نماز سے رُکے رہو یہاں تک کہ سورج غروب ہوجائے کیونکہ سورج شیطان کے سینگوں کے درمیان غروب ہوتا ہے اور اُس وقت کفار اُسے سجدہ کرتے ہیں ۔ “ حضرت سَیِّدُنَاعَمرو بن عبسہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ فرماتے ہیں کہ میں نے عرض کی : ’’یارسولَ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ! مجھے وضو کے بارے میں بتائیے ۔ ‘‘ فرمایا : ” تم میں سے جو شخص بھی وضو کا پانی لے کر کلی کرتا ہے ، پھر ناک میں پانی ڈالتا ہے اور ناک صاف کرتا ہے تو اُس کے چہرے ، منہ اور ناک کے گناہ جھڑ جاتے ہیں ، پھر جب وہ حکم الٰہی کے مطابق اپنا چہرہ دھوتا ہے تو داڑھی کے اَطراف سے چہرے کے گناہ پانی کے ساتھ گِر جاتے ہیں پھر جب وہ اپنے ہاتھ کہنیوں تک دھوتا ہے تو اُس کے ہاتھوں کے گناہ انگلیوں سے پانی کے ساتھ گر جاتے ہیں پھر اپنے سر کا مسح کرتا ہے تو اس کے سر کے گناہ بالوں کے کناروں سے پانی کے ساتھ بہہ جاتے ہیں ، پھر وہ اپنے پاؤں ٹخنوں سمیت دھوتا ہے تو اس کے پیروں کے گناہ انگلیوں سے پانی کے ساتھ گر جاتے ہیں ، پھر اگر وہ کھڑے ہوکر نماز پڑھے اوراللہ عَزَّوَجَلَّ کی ایسی حمد و ثناء کرے جو اس کی شان کے لائق ہے اور اپنے دل کواللہ عَزَّوَجَلَّ کے لیے تمام چیزوں سے فارغ کرے تو وہ گناہوں سے ایسا پاک ہوجاتا ہے جیسے اُس دن تھا جس دن اس کی ماں نے اسے جنا تھا ۔ “

حضرت سَیِّدُنَاعَمرو بن عبسہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے یہ حدیث صحابی رسول حضرت سَیِّدُنَا ابو امامہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کو سنائی تو ابو امامہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ نے کہا : ” اے عَمْرو ! دیکھو تم کیا کہہ رہے ہو ، کیا ایک ہی جگہ پر ( ایک ہی عمل سے ) کسی کو اتنا اجر مل سکتا ہے ؟“حضرت سَیِّدُنَاعَمرو بن عبسہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے کہا : ” اے ابو امامہ ! میں بوڑھا ہوچکا ہوں ، میری ہڈیاں کمزور ہو چکی ہیں ، میری موت کا وقت قریب آچکا ہے ، اس حالت میں مجھے کیا ضرورت کہ میں اللہ عَزَّوَجَلَّ اور اس کے رسول صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم پر جھوٹ باندھوں ، اگر میں نے یہ حدیث رسولُ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سے ایک بار ، دو بار ، تین بار حتّٰی کہ سات بار تک نہ سنی ہوتی تو میں اس حدیث کو کبھی بیان نہ کرتا بلکہ میں نے تو یہ حدیث سات بار سے بھی زیادہ سُنی ہے ۔ “(فیضان ریاض الصالحین جلد:4 ، حدیث نمبر:438 )

حدیث مبارکہ کی تشریح ۔ یہ حدیث مبارکہ مکمل ذکر کی گئی ہے اس میں کئی پہلوؤں کا بیان ہے حدیث مبارکہ کے شروع میں وہ باتیں ذکر کی گئی ہیں جس کا تعلق ہمارے موضوع سے ہے جس میں یہ بیان کیا گیا ہے کہ نبیوں کا تشریف لانا نبیوں کا بھیجا جانا رسولوں کا تشریف لانا ان تمام کو اگر ہم دیکھیں تو ان تمام سے ایک ہی بات معلوم ہوگی کہ یہ تمام محض رب تعالی کی وحدانیت کو بیان کرنے اور رب کے بندوں کو رب سے ملوانے اور رب کی طرف لوٹنے کے لیے مبعوث فرمائے گئے ۔

رب تعالی سے دعا ہے کہ میں نے یہ جو کچھ لکھا اس کو اپنی پاک بارگاہ میں قبول فرمائے اور مجھے اور تمام مسلمانوں کو مرتے دم تک رب کی وحدانیت پر قائم و دائم رہنے کی توفیق عطا فرمائے اور جو رب کی وحدانیت کا انکار کرتے ہیں اگر ان کی قسمت میں ہدایت ہے تو ان ہدایت عطا فرمائے وگرنہ انہیں نست و نعبوت فرمائے آمین۔