توحید اسلام کی بنیاد اور سب سے اہم عقیدہ ہے نبی کریم ﷺ نے سب سے پہلے لوگوں کو یہی پیغام دیا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں۔ چنانچہ نبی کریم  ﷺ نے کئی مقامات پر توحید کو ذکر کیا ہے ہم یہاں کچھ احادیث پیش کرتے ہیں:

عَنْ عُثْمَانَ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللّٰهِ ﷺ: مَنْ مَاتَ وَهُوَ يَعْلَمُ أَنَّهُ لَا إِلَهَ إِلَّا اللّٰهُ، دَخَلَ الْجَنَّةَ۔

حضرت عثمان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: ’’جو شخص اس حال میں مرا کہ وہ اس بات کو اچھی طرح جانتا تھا کہ اللہ کے علاوہ کوئی بھی الٰہ نہیں(یعنی عقیدۂ توحید کو اچھی طرح سمجھتا تھا اور اسی عقیدہ پر موت تک قائم رہا) تو وہ شخص جنت میں داخل ہوگا۔(صحیح مسلم :۲۶)

عَنْ جَابِرٍ،قَالَ أَتَي النَّبِيَّ صلى اللّٰه عليه وسلم رَجُلٌ فَقَالَ يَا رَسُولَ اللّٰهِ مَا الْمُوجِبَتَانِ فَقَالَ: مَنْ مَاتَ لَا يُشْرِكُ بِاللّٰهِ شَيْئًا دَخَلَ الْجَنَّةَ وَمَنْ مَاتَ يُشْرِكُ بِاللّٰهِ شَيْئًا دَخَلَ النَّارَ۔

حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ کے پاس ایک شخص آیا اس نے آکر عرض کیا کہ اے اللہ کے رسول ﷺ وہ کون سی دوچیزیں ہیں جوواجب کردینے والی ہیں (ایک چیز جنت کو واجب کرنے والی اور ایک چیز جہنم کو واجب کردینے والی ہے) آپ ﷺنے فرمایا: ’’جو شخص اس حال میں فوت ہوا کہ وہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہیں کرتا تھا وہ جنت میں داخل ہوگا اور جوشخص اس حال میں فوت ہوا کہ وہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک کیا کرتا تھا تو وہ جہنم میں داخل ہوگا‘‘۔(صحیح مسلم:۹۳)

عَنْ عُبَادَةَ بْنِ الصَّامِتِ قال سَمِعْتُ رَسُولَ اللّٰهِ صلى اللّٰه عليه وسلم يَقُولُ:مَنْ شَهِدَ أَنْ لَا إِلٰهَ إِلاَّ اللّٰهُ وَأَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اللّٰهِ حَرَّمَ اللّٰهُ عَلَيْهِ النَّار۔

عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ کہتے ہیں میں نے رسول اللہﷺسے سنا آپ نے فرمایا :’’جس شخص نے یہ گواہی دی کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمد(ﷺ)اللہ کے رسول ہیں تو اللہ نے اس پر جہنم کی آگ کو حرام کردیا‘‘۔ (صحیح مسلم:۲۹)

عَنِ ابْنِ عُمَرَ،رَضِيَ اللّٰهُ عَنْهُمَا قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللّٰه ِﷺ بُنِيَ الإِسْلَامُ عَلٰي خَمْسٍ:شَهَادَةِ أَنْ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ وَأَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اللّٰهِ،وَإِقَامِ الصَّلَاةِ،وَإِيتَائِ الزَّكَاةِ،وَالحَجِّ،وَصَوْمِ رَمَضَانَ

حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر قائم کی گئی ہے۔اول گواہی دینا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور بے شک حضرت محمد ﷺاللہ کے سچے رسول ہیں اور نماز قائم کرنا اور زکوٰۃ ادا کرنا اور حج کرنا اور رمضان کے روزے رکھنا‘‘۔(صحیح بخاری:۸)

مذکورہ حدیث میں تمام اعمال و عبادات میں توحید ہی کا ذکر مقدم ہے تو پتہ یہ چلا کہ اولین ذکر و شرط توحید ہے اس کے بغیر کوئی بھی عبادت قابل قبول نہیں۔

ان احادیث سے ہمیں یہ بھی معلوم ہوتا ہے اللہ کے ساتھ شرک نہ کرنا سب سے اہم عمل، شرک سب سے بڑا گناہ ہے، توحید اسلام کی بنیاد ہے۔