کیا ایک سلطنت کے دو بادشاہ ہو سکتے ہیں؟تو جواب یقیناً نہ ہوگا کیونکہ جس طرح ایک معمولی سی ریاست، ایک شہر یا ایک گھر کے دو سربراہ نہیں ہو سکتے کیونکہ ان کے الگ الگ ارادے اور الگ الگ احکامات نظام کو درہم برہم کر دیں گے، بالکل اسی طرح یہ اتنی بڑی کائنات جس میں کروڑوں ستارے، کہکشائیں، زمین و آسمان اور ہم سب شامل ہیں کسی ایک ہی 'حاکمِ اعلیٰ' کے حکم سے چل رہی ہے۔اگر یہاں ایک سے زیادہ خدا ہوتے، تو کائنات میں امن کے بجائے جنگ ہوتی۔ ایک کہتا سورج مشرق سے نکلے، دوسرا کہتا مغرب سے۔ ایک زندگی چاہتا، دوسرا موت۔ لیکن ہم دیکھتے ہیں کہ یہاں ہر چیز ایک مکمل نظم و ضبط میں ہے۔اسی طرح ہمیں حضور  ﷺ کی کثیر احادیث طیبہ میں بھی اللہ جل مجده کو وحدہ لاشریک ماننے کا حکم آیا۔تو آئیے اسے ہم مضمون کے موضوع کے مطابق حدیث پاک کی روشنی میں جانتے ہیں۔

حضرت عبداللہ ابن عمر رضی اللہ عنہ نبی اکرم ﷺ کا یہ فرمان نقل کرتے ہیں: اسلام کی بنیادی احکام پانچ ہیں اس بات کی گواہی دینا کہ اللہ تعالی کے سوا کوئی معبود نہیں اور حضرت محمد ﷺ اس کے بندے اور اس کے رسول ہیں،نماز پڑھنا، زکوۃ ادا کرنا، حج کرنا اور رمضان میں روزے رکھنا۔(صحیح مسلم،حدیث نمبر21)

حضرت عثمان رضی اللہ عنہ نبی اکرم ﷺ کا یہ فرمان نقل کرتے ہیں:جو شخص مرتے وقت اس بات کا یقین رکھتا ہو کہ اللہ تعالی کے سوا کوئی اور عبادت کے لائق نہیں ہے وہ شخص جنت میں داخل ہوگا۔(صحیح مسلم شریف،حدیث نمبر 44)

حضرت معاذ بن جبل رضی اللّہ عنہ بیان کرتے ہیں ایک مرتبہ میں نبی اکرم ﷺ کے کے ہمراہ "عفیر" نامی گدھے پر سوار تھا آپ ﷺ نے فرمایا: اے معاذ! کیا تم جانتے ہو کہ اللہ تعالی کا بندوں پر کیا حق ہے اور بندوں کا اللہ تعالی پر کیا حق ہے؟ میں عرض کی' اللہ اور اس کا رسول ﷺ بہتر جانتے ہیں آپ نے فرمایا: بندوں پر اللہ تعالی کا حق یہ ہے‘ وہ اسی کی عبادت کریں اور کسی کو اس کا شریک نہ سمجھیں اور اللہ تعالی پر بندوں کا یہ حق ہے کہ جب وہ کسی کو اس کا شریک نہ سمجھیں تو اللہ تعالی انہیں عذاب میں مبتلا نہ کرے (حضرت معاذ کہتے ہیں) میں نے عرض کی‘ یا رسول اللہ ﷺ ! میں لوگوں کو یہ خوشخبری سنا دوں؟ تو آپ ﷺ نے فرمایا: انہیں یہ خوشخبری نہ سناؤ ورنہ وہ اسی بات پر تکیہ کر لیں گے۔(صحیح مسلم،حدیث نمبر 52)

"حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں’ نبی اکرم صلی اللہ علیہ نے اپنے چچا (ابو طالب) سے کہا تھا’ آپ لا الہ الا اللہ پڑھ لیں’ میں قیامت کے دن آپ کے حق میں اس کے اعتراف کی گواہی دوں گا تو ابو طالب نے جواب دیا: اگر مجھے قریش کے طعنوں کا اندیشہ نہ ہوتا تو میں یہ اعتراف کر کے تمہاری انکھوں کی ٹھنڈک (یعنی تمہاری خوشی) کا سامان کر دیتا ہے مگر قریش کہیں گے’ میں موت کے ڈر سے مسلمان ہو گیا تھا(راوی کہتے ہیں اس موقع پر) اللہ تعالی نے یہ آیت نازل فرمائی: "(اے نبی!) تم جسے پسند کرتے ہو' اسے تم ہدایت نہیں دے سکتے لیکن اللہ جسے چاہے ہدایت دے سکتا ہے۔(صحیح مسلم،حدیث نمبر43)

احادیثِ مبارکہ کی روشنی میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ:اسلام کی اساس: اسلام کی عمارت پانچ ستونوں پر قائم ہے، جن میں سب سے پہلا اور بنیادی ستون اللہ کی وحدانیت اور رسول اللہ ﷺ کی رسالت کی گواہی دینا ہے۔

نجات کا ذریعہ: جو شخص اس یقین کے ساتھ مرا کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں، وہ یقیناً جنت کا حقدار قرار پائے گا۔