فراز
احمد(درجہ سادسہ مرکزی جامعۃ المدینہ فیضانِ مدینہ، کراچی،پاکستان)
اسلام کی
بنیاد جس عظیم عقیدے پر قائم ہے وہ عقیدۂ توحید ہے۔ توحید کا معنی یہ ہے کہ اللہ
تبارک و تعالیٰ کو ذات، صفات، افعال اور عبادت میں یکتا مانا جائے۔ یہی وہ بنیادی
عقیدہ ہے جس کی تبلیغ تمام انبیاءِ کرام علیہم السلام نے فرمائی۔تمام انبیاء و رسل
علیہم السلام کو مبعوث فرمانے کی بنیادی حکمت یہ تھی کہ اللہ تبارک و تعالیٰ کی
وحدانیت کو ثابت کیا جائے اور اخلاص کے ساتھ صرف اسی کی عبادت کی جائے۔ لہٰذا تمام
انبیاءِ کرام علیہم السلام کے عقائد متفق ہیں، یعنی کسی بھی نبی علیہ السلام کے دین
میں شرک جائز نہیں تھا۔
سجدۂ تعظیمی
سابقہ انبیاءِ کرام علیہم السلام کی بعض شریعتوں میں جائز تھا، لیکن سجدۂ تعبدی
کسی بھی نبی علیہ السلام کی شریعت میں جائز نہیں تھا۔ جبکہ شریعتِ محمدیہ میں
سجدۂ تعظیمی ہو یا سجدۂ تعبدی، دونوں ناجائز ہیں۔اللہ تبارک و تعالیٰ نے قرآنِ
مجید میں بارہا اپنی وحدانیت کو بیان فرمایا ہے۔ آئیے! توحید کا بیان سب سے پہلے
رب تعالیٰ کے کلامِ پاک سے سنتے ہیں۔اللہ تعالیٰ قرآنِ مجید میں ارشاد فرماتا ہے:
وَ مَاۤ اَرْسَلْنَا مِنْ قَبْلِكَ مِنْ رَّسُوْلٍ اِلَّا نُوْحِیْۤ
اِلَیْهِ اَنَّهٗ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّاۤ اَنَا فَاعْبُدُوْنِ(۲۵)
ترجمۂ
کنزُالعِرفان: اور ہم نے تم سے پہلے کوئی رسول نہ بھیجا مگر یہ کہ ہم اس کی طرف وحی
فرماتے رہے کہ میرے سوا کوئی معبود نہیں تو میری ہی عبادت کرو۔(سورۃ الانبیاء، آیت: 25)
تفسیر
صراط الجنان:وَ مَاۤ اَرْسَلْنَا مِنْ قَبْلِكَ مِنْ رَّسُوْلٍ اِلَّا:اور ہم
نے تم سے پہلے کوئی رسول نہ بھیجا مگر۔ ارشاد فرمایا کہ اے حبیب! صَلَّی اللہ
تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، ہم نے آپ سے پہلے جس امت کی طرف کوئی رسول
اور نبی بھیجا، ہم اس کی طرف وحی فرماتے رہے کہ زمین و آسمان میں میرے علاوہ کوئی
معبود نہیں جو عبادت کیے جانے کا مستحق ہو، تو اخلاص کے ساتھ میری عبادت کرو اور
صرف مجھے ہی معبود مانو۔
لہٰذا اس
آیتِ مبارکہ سے واضح طور پر ثابت ہوتا ہے کہ رب تعالیٰ واحد و یکتا ہے، ذات و صفات
میں اس کا کوئی شریک نہیں۔
اسی طرح
ہمارے پیارے آقا، مکی مدنی مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بھی بارہا وحدانیتِ
خداوندی کو ماننے اور بیان کرنے کا حکم فرمایا ہے۔ چنانچہ حدیثِ پاک میں ہے:
(1)روایت
ہے حضرت ابن عمر سے فرماتے ہیں کہ فرمایا نبی ﷺ نے: اسلام پانچ چیزوں پر قائم کیا
گیا اس کی گواہی کہ اللہ کے سوا کوئی
معبود نہیں، محمد ( ﷺ ) اس کے بندے اور رسول ہیں اور نماز قائم کرنا ، زکوٰۃ دینا اور حج کرنا اور رمضان
کے روزے۔ (بخاری و مسلم)( مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح، جلد: 1)
اس حدیثِ
مبارک سے حضور سید عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہمیں تعلیم دی ہے کہ اللہ
تبارک و تعالیٰ واحد ہے اور کوئی بھی اس کا شریک نہیں۔
اگر ہم اس
مسئلے کو آسان مثال سے سمجھنا چاہیں تو یوں سمجھ سکتے ہیں کہ اگر اللہ تعالیٰ کو
واحد و یکتا نہ مانا جائے، بلکہ دوسرے خدا کے وجود کا عقیدہ رکھا جائے، تو دونوں میں
اختلافِ ارادہ ہونا ممکن ہوگا۔مثلاً اگر ایک خدا ارادہ کرے کہ دن ہو، اور دوسرا
ارادہ کرے کہ رات ہو، تو یہ دونوں چیزیں ایک ساتھ جمع نہیں ہو سکتیں، ورنہ اجتماعِ
نقیضین لازم آئے گا۔اگر ایک کا حکم نافذ ہو جائے تو دوسرے کا حکم نافذ نہ ہو سکے
گا، اور جس کا حکم نافذ نہ ہو وہ عاجز ہوگا۔ جبکہ عاجزی خدا کے لیے محال ہے۔ لہٰذا
ثابت ہوا کہ خدا ایک ہی ہے، اس کا کوئی شریک نہیں۔
(2) حدیثِ ابن عمر رضی اللہ عنہماروایت ہے ابن
عمر رضی اللہ عنہما سے فرماتے ہیں کہ فرمایا رسول الله ﷺ نے
کہ مجھے حکم دیا گیا کہ لوگوں سے جنگ کروں تاکہ گواہی دیں کہ رب کے سوا کوئی معبود
نہیں اور محمد الله کے رسول ہیں اور نماز قائم کریں زکوٰۃ دیں جب یہ کرلیں گے تو
مجھ سے اپنے خون و مال بچالیں گے سوائے اسلامی حق کے اُن کا حساب الله کے ذمہ ہے ۔اس میں بخاری مسلم کا اتفاق ہے مگر مسلم نے اسلامی حق کا ذکر نہ کیا۔(مرآۃ
المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح، جلد: 1، حدیث نمبر: 12)
(3) حدیثِ ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ اور روایت
ہے حضرت ابو موسیٰ اشعری سے فرماتے ہیں کہ فرمایا رسول الله ﷺ نے
کہ تکلیف دہ بات کو سنتے ہوئے صبر کرنے والا خدا سے بڑھ کر کوئی نہیں، لوگ اس کے
لئے اولاد کا دعویٰ کرتے ہیں پھر بھی وہ انہیں راحت و رزق دیئے جاتا ہے۔(مرآۃ
المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح، جلد: 1، حدیث نمبر: 23)
(4)حدیثِ
ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ روایت ہے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ
عنہ سے فرماتے ہیں کہ فرمایا نبی ﷺ نے ایمان کی چند اور ستر شاخیں ہیں ان سب میں اعلیٰ یہ کہنا ہے کہ اللہ کے سوا کوئی
معبود نہیں اور سب سے ادنیٰ تکلیف دہ چیز کا راستہ سے ہٹانا ہے اور غیرت بھی ایمان
کی شاخ ہے۔(مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح، جلد: 1)
(5)روایت
ہے عبادہ ابن صامت سے فرماتے ہیں کہ میں نے حضور ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا جو گواہی دے
کہ الله کے سوا کوئی لائق عبادت نہیں اور یقینًا محمد الله کے رسول ہیں الله تعالٰی
اس پر آگ حرام کرے گا۔ (مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:1 , حدیث نمبر:36)
(6)روایت
ہے حضرت معاذ ابن جبل سے فرماتے ہیں فرمایا رسول الله ﷺ نے
جنت کی چابیاں کلمہ شہادت ہے کہ رب کے سوا کوئی معبود نہیں۔اسے احمد نے روایت کیا۔(مرآۃ
المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:1 , حدیث نمبر:40)
اے میرے
عزیز بھائیو! آپ ان احادیثِ مبارکہ سے بخوبی اندازہ لگا سکتے ہیں کہ حضور سید عالم
صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کس طرح واضح طور پر اللہ تبارک و تعالیٰ کی وحدانیت کو
بیان فرمایا۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اقوال پر نظر کی جائے یا افعال
پر، ہر طرف وحدانیتِ باری تعالیٰ کی جھلک نظر آتی ہے۔
اللہ تبارک
و تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مالکِ لم یزل ہمیں ہمیشہ کما حقہٗ اپنی وحدانیت کو بیان
کرنے کی توفیق عطا فرمائے، اور مرتے دم تک وحدانیتِ باری تعالیٰ پر قائم رہنے کی
سعادت نصیب فرمائے۔ آمین بجاہ النبی الأمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم۔
Dawateislami