توحید اسلام کی بنیاد اور تمام انبیاء کرام عليهم السلام کی دعوت کا مرکزی پیغام ہے ۔ حضور جان کائنات فخر موجودات  ﷺ نے اپنی پوری حیاتِ مبارکہ میں امت کو سب سے پہلے اللہ کی وحدانیت کا درس دیا ۔توحید کا مطلب یہ ہے کہ عبادت ، دعا ، خوف، امید اور ہر قسم کی بندگی صرف اللہ تعالٰی کے لیے خاص کی جائے قرآن و سنت میں بار بار اس حقیقت کو واضح کیا گیا کہ اللہ تبارک و تعالٰی واحد ہے اس کا کوئی شریک نہیں اور وہی عبادت کے لائق ہے۔

روایت ہے حضرت ابوذر رضی اللہ تعالی عنہ سے فرماتے ہیں کہ میں حضور جان کائنات ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا۔ حضور پر سفید کپڑاتھا اور سور ہے تھے کچھ دیر بعد پھر آیا تو آپ جاگ چکے تھے فرمایا کہ نہیں ہے کوئی بندہ جو لا اله الا اللہ کہے پھر اس پر مر جائے جنت میں جائے گا۔ میں نے عرض کیا اگر چہ زنا اور چوری کرے فرمایا اگرچہ زنا اور چوری کرے میں نے کہا اگر چہ زنا اور چوری کرے فرمایا اگر چہ زنا اور چوری کرے۔ میں نے کہا اگر چہ زنا و چوری کرے فرمایا اگر چہ زنا و چوری کرے۔ ابوذر کی ناک رگڑنے کے باوجود حضرت ابو ذر جب بھی یہ حدیث بیان کرتے تھے تو کہتے تھے کہ اگر چہ ابوذر کی ناک رگڑ جائے۔(مراٰۃ المناجیح جلد 1 ص 52 حدیث نمبر 23 مطبوعہ حسن پبلشرز)

عرب میں یہ لفظ نا پسندیدگی کے معنی میں استعمال ہوتا ہے یعنی اگرچہ تم نا پسندیدگی کی بنا پر سوال کرتے کرتے زمین پر ناک بھی رگڑ دو جب بھی یہی حکم رہے گا۔(مراٰۃ المناجیح جلد 1 ص 52 شرح حدیث نمبر 23 مطبوعہ حسن پبلشرز)

روایت ہے عباس ابن عبدالمطلب رضی اللہ عنہ سے فرماتے ہیں فرمایا نبی کریم ﷺ نے اس نے ایمان کا مزہ چکھ لیا جو اللہ کے ربّ ہونے اسلام کے دین ہونے محمد کے نبی ہونے سے راضی ہو گیا ۔(مراٰۃ المناجیح جلد 1 ص 40 حدیث نمبر 07 مطبوعہ حسن پبلشرز)

روایت ہے عبادہ بن صامت رضی اللہ تعالی عنہ سے فرماتے ہیں کہ میں نے حضور پرنور شافع یوم النشور ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا جو گواہی دے کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور محمد اللہ کے رسول ہیں اللہ تعالیٰ اس پر آگ حرام کرے گا۔(مراٰۃ المناجیح جلد 1 ص 59 حدیث 31 نمبر مطبوعہ حسن پبلشرز)

روایت ہے حضرت عثمان رضی اللہ تعالی عنہ سے فرماتے ہیں کہ فرمایا رسول اللہ ﷺ نے جو یہ جانتے مانتے مرگیا کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں وہ جنت میں داخل ہوگا ۔(مراٰۃ المناجیح جلد 1 ص 59 حدیث نمبر 32 مطبوعہ حسن پبلشرز)

ان احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ دین کی ابتدا توحید سے ہوتی ہے اور دیگر عبادات بھی اس وقت قبول ہوتی ہیں جب عقیدہ توحید درست ہو ۔اللہ پاک ہمیں مرتے دم تک صحیح العقیدہ مسلمان رکھے اور مدینے میں شہادت کی موت عطا فرمائے ۔