توحید اسلام کے بنیادی ارکان میں سے پہلا رکن ہے ہمیں پیدا ہوتے ہی کان میں اذان دے کر اور جب بولنے لگتے ہیں تو لب پر کلمہ طیبہ لا الہ الا اللہ جاری کروا کر توحید ہی کا جام پلایا جاتا ہے۔ اور یہی اقرار ایمان کی اصل ہے ہمارے نبی محترم پیغمبر آخر الزماں صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے اپنی 63 سالہ زندگی میں جس عقیدے پر سب سے زیادہ زور دیا ہے وہ خالص توحید ہے آپ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کا پورا بیان عمل دعوت اسی ایک نقطہ توحید کے اردگرد گھومتا رہتا ہے کہ عبادت خوف دعا توکل امید یہ ساری کی ساری چیزیں صرف ایک اللہ وحدہ لا شریک ذات کے لیے ہیں۔اسی بارے میں اللہ تبارک و تعالی قرآن کریم میں ارشاد فرماتا ہے :

قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌۚ(۱)ترجمہ کنزالایمان : تم فرماؤ وہ اللہ ہے وہ ایک ہے ۔ ( سورۃ الاخلاص آیت نمبر 1 )

اللہ تبارک و تعالی کی توحید کی گواہی کے لیے یہی ایک آیت ہی کافی ہے لیکن چونکہ ہمارا موضوع نبوی تعلیمات کے حوالے سے ہے تو یہاں کچھ احادیث ذکر کرنا بھی ضروری ہے نبی محترم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کی چن احادیث ذیل میں ذکر کی جا رہی ہے ۔

(1) وَعَنِ ابْنِ عُمَرَ رَضِیَ اللہُ عَنْہُمَا قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : بُنِيَ الْإِسْلَامُ عَلَى خَمْسٍ: شَهَادَةُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَأَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُولُهُ وَإِقَامُ الصَّلَاةِ وَإِيتَاءُ الزَّكَاةِ وَالْحَجُّ وَصَوْمُ رَمَضَانَ ۔

ترجمہ : روایت ہے حضرت ابن عمرسے فرماتے ہیں کہ فرمایا نبی ﷺ نے اسلام پانچ چیزوں پرقائم کیا گیااس کی گواہی کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں،محمد( ﷺ )اس کےبندےاور رسول ہیں اورنمازقائم کرنا،زکوۃ دینا اور حج کرنا اور رمضان کے روزے۔

اسلام مثل خیمہ یاچھت کے ہے اور یہ پانچ ارکان اس کے پانچ ستونوں کی طرح کہ جو کوئی ان میں سے ایک کا انکار کرے گا وہ اسلام سے خارج ہوگا،اور اس کا اسلام منہدم ہوجاویگا۔خیال رہے کہ ان اعمال پر کمال ایمان موقوف ہے اور ان کے ماننے پر نفس ایمان موقوف،لہذا جوصحیح العقیدہ مسلمان کبھی کلمہ نہ پڑھے یانماز روزہ کا پابند نہ ہو،وہ اگرچہ مؤمن تو ہے مگر کامل نہیں،اور جو ان میں سےکسی کا انکارکرے وہ کافر ہے۔لہذا حدیث پر کوئی اعتراض نہیں،نہ اعمال ایمان کے اجزاء ہیں۔ ( مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:1 ،حدیث نمبر:4 )

(2) وَعَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِیَ اللہُ عَنْہُ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ الْإِيمَانُ بِضْعٌ وَسَبْعُوْنَ شُعْبَةً فَأَفْضَلُهَا: قَولُ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَأَدْنَاهَا إِمَاطَةُ الْأَذٰى عَنِ الطَّرِيقِ وَالْحَيَاءُ شُعْبَةٌ مِنَ الْإِيْمَانِ

ترجمہ : روایت ہےحضرت ابوہریرہ( رضی اللہ عنہ )سے فرماتے ہیں کہ فرمایا نبی ﷺ نے ایمان کی چنداورستّر شاخیں ہیں ان سب میں اعلٰی یہ کہنا ہے کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور سب سے ادنیٰ تکلیف دہ چیز کا راستہ سے ہٹانا ہےاور غیرت بھی ایمان کی شاخ ہے ۔( مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:1 ، حدیث نمبر:5 )

(3) وَعَنِ ابْنِ عُمَرَ رَضِيَ اللّٰهُ عَنْهُمَا قَالَ: قَالَ رَسُولُ الله صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : أُمِرْتُ أَنْ أُقَاتِلَ النَّاسَ حَتَّى يَشْهَدُوْا أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللّٰهُ وَأَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اللهِ وَيُقِيْمُوا الصَّلَاةَ وَيُؤْتُوْا الزَّكَاةَ فَإِذَا فَعَلُوْا ذٰلِكَ عَصَمُوْا مِنِّيْ دِمَاءَهُمْ وَأَمْوَالَهُمْ إِلَّا بِحَقِّ الْإِسْلَامِ وَحِسَابُهُمْ عَلَى اللهِ. مُتَّفَقٌ عَلَيْهِ إِلَّا أَنَّ مُسْلِمًا لَمْ يَذْكُرْ إِلَّا بِحَقِّ الْإِسْلَامِ

ترجمہ : روایت ہے ابن عمر رضی اللہ عنہما سے فرماتے ہیں کہ فرمایا رسول الله ﷺ نےکہ مجھے حکم دیا گیا کہ لوگوں سے جنگ کروں تاکہ گواہی دیں کہ رب کے سواکوئی معبودنہیں اورمحمد الله کے رسول ہیں اورنماز قائم کریں زکوۃ دیں جب یہ کرلیں گے تو مجھ سے اپنے خون و مال بچالیں گے سواءاسلامی حق کے اُن کا حساب الله کے ذمہ ہے ۔اس میں بخاری مسلم کا اتفاق ہےمگرمسلم نے اسلامی حق کا ذکر نہ کیا۔ ( مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:1 , حدیث نمبر:12 )

خلاصہ یہ ہے کہ توحید صرف ایک عقیدہ کا نام نہیں ہے بلکہ ہماری زندگیوں کا وہ محور ہے جس پر دنیا اور آخرت کی کامیابی منحصر ہے ہمارے نبی محترم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے اپنی ساری زندگی اسی پیغام کو زندہ کرنے اور لوگوں تک پہنچانے میں گزار دی ہر حال میں صرف اللہ ہی کی طرف رجوع کیا اسی سے مانگا اسی سے ڈرے اور اسی پر بھروسہ کیا لہذا ہمیں چاہیے کہ ہم اللہ تبارک و تعالی ہی سے مدد مانگیں اور اس کی توحید کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھیں اپنی اولاد خاندان معاشرے میں اسی خالص عقیدے کی دعوت عام کریں کیونکہ جس دل میں توحید کا نور بس جائے تو وہ دل کبھی گمراہ نہیں ہو سکتا اور جس زندگی کا مقصد اللہ کی رضا ہو تو وہ زندگی کبھی بھی ضائع نہیں ہو سکتی۔

آپ دیکھئے حضرت غوث اعظم رضی اللہ تعالی عنہ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی رحمۃ اللہ علیہ کتنے ہی اکابرین بزرگان دین ہیں انہوں نے اپنی زندگی کے اندر ایک اللہ تبارک و تعالی کو مان کر ان اللہ کی تعلیمات کو عام فرمایا آج دیکھیں کہ اللہ تبارک و تعالی نے ان کے نام کو کس قدر بلند فرمایا ہے اور انہوں نے اپنے وقت میں ایک اللہ کے نام کا کھلایا ہے آج اللہ تبارک و تعالی ان کے ساتھ وفا فرما رہا ہے کہ لوگوں کو ان کے نام کا کھلا رہا ہے اللہ تبارک و تعالی ہمیں خالص توحید پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اسی عقیدے پر خاتمہ بالخیر فرمائے آمین۔