اسلام کی بنیاد جس عظیم عقیدے پر قائم ہے، وہ توحید ہے۔ توحید کا مطلب ہے اللہ تعالیٰ کو اُس کی ذات، صفات، عبادت اور اختیارات میں ایک ماننا۔ تمام انبیاءِ کرام علیھم السلام نے اپنی قوموں کوتوحید کی دعوت دی۔ ہمارے آخری نبی حضرت محمد ﷺ نے بھی اپنی پوری زندگی میں لوگوں کو خالص توحید کی دعوت دی اور شرک سے بچنے کی تلقین فرمائی۔

توحید کا مفہوم:توحید عربی زبان کے لفظ "وحد" سے مشتق ہے، جس کے معنی اپنی ذات میں منفرد ہونے کے ہیں ۔

اسلامی اصطلاح میں توحید کا مطلب یہ ہے کہ

• اللہ تعالیٰ ایک ہے۔

• اُس کا کوئی شریک نہیں۔

• عبادت کے لائق صرف اللہ ہے۔

• کائنات کا خالق، مالک اور رازق صرف اللہ تعالیٰ ہے۔

قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:ترجمۂ کنزالایمان: تم فرماؤ وہ اللہ ہے وہ ایک ہے ۔ (سورۃ الاخلاص: 1)

احادیث میں توحید کا بیان:

(1)ہم سے اسحاق بن ابراہیم نے بیان کیا، انہوں نے یحییٰ بن آدم سے سنا، انہوں نے کہا کہ ہم سے ابوالحوص نے بیان کیا، ان سے ابواسحاق نے، ان سے عمرو بن میمون نے اور ان سے معاذ رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ نبی کریم ﷺ جس گدھے پر سوار تھے، میں اس پر آپ کے پیچھے بیٹھا ہوا تھا۔ اس گدھے کا نام عفیر تھا۔ آپ ﷺ نے فرمایا ”اے معاذ! کیا تمہیں معلوم ہے کہ اللہ تعالیٰ کا حق اپنے بندوں پر کیا ہے؟ اور بندوں کا حق اللہ تعالیٰ پر کیا ہے؟“ میں نے عرض کیا اللہ اور اس کے رسول ہی زیادہ جانتے ہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا ”اللہ کا حق اپنے بندوں پر یہ ہے کہ اس کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں اور بندوں کا حق اللہ تعالیٰ پر یہ ہے کہ جو بندہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراتا ہو اللہ اسے عذاب نہ دے۔“(صحیح بخاری، حدیث2856)

(2)سول اللہ ﷺ نے فرمایا:"مَنْ كَانَ آخِرُ كَلَامِهِ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللَّهُ دَخَلَ الْجَنَّةَ"ترجمہ:جس کا آخری کلام لا إله إلا الله ہو، وہ جنت میں داخل ہوگا۔(سنن ابی داود :حدیث 3116 )

ان احادیث سے یہ واضح ہوا کہ توحید اسلام کا بنیادی عقیدہ اور نبی کریم ﷺ کی سب سے بڑی دعوت ہے۔ قرآن و حدیث میں بار بار اللہ کی وحدانیت کو بیان کیا گیا ہے۔ ایک مسلمان کی کامیابی اسی میں ہے کہ وہ خالص دل کے ساتھ صرف اللہ تعالیٰ کی عبادت کرے اور ہر قسم کے شرک سے بچے۔ یہی دنیا اور آخرت کی کامیابی کا راستہ ہے۔