عقیدہ توحید بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے بلکہ یہ تمام عقائد و اعمال کی اصل اور جڑ ہے۔ کہ تمام عقائد و اعمال کی صحت اسی پر موقوف ہے۔ اس کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی ہوتا ہے کہ تمام انبیاء کی تبلیغ کا بنیادی مقصد توحید کا پیغام پہنچانا ہے۔ توحید سے مراد یہ ہے کہ اللہ کریم کی ذاتِ پاک کو اس کی ذات اورصِفات میں شریک سے پاک ماننا۔ توحید تین طرح کی ہوتی ہیں ایک توحید الوہیت، دوسری توحید ربوبیت، تیسری توحید اسماء و صفات۔

توحید الوہیت سے مراد یہ ہے کہ تمام قسم کی عبادات صرف اسی کے لیے انجام دی جائیں۔ اور توحید ربوبیت سے مراد یہ ہے کہ ہم اس بات پر ایمان لائیں کہ اللہ تعالی ہی ہر چیز کا تنہا خالق، مالک اور مدبر ہے۔ اور توحید اسماء و صفات سے مراد یہ ہے کہ ہم اللہ تعالی کے ان اسماء و صفات پر ایمان لائیں جنہیں اللہ تعالی نے اپنی ذات کے لیے ثابت کیا ہے اور جنہیں اس کے نبی حضور ﷺ نے ثابت کیا۔ توحید کے دو غلاف ہیں ایک کلمہ توحید کا زبان سے کہنا اور دوسرا اس کا دل سے اعتقاد رکھنا۔ اب آیئے احادیث کے ذریعے عقیدہ توحید کی اہمیت کو جانتے ہیں:

موحد جنت میں داخل ہوگا:عَنْ عُثْمَانَ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللّٰهِ ﷺ:مَنْ مَاتَ وَهُوَ يَعْلَمُ أَنَّهُ لَا إِلَهَ إِلَّا اللّٰهُ، دَخَلَ الْجَنَّةَحضرت عثمان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: جو شخص اس حال میں مرا کہ وہ اس بات کو اچھی طرح جانتا تھا کہ اللہ کے علاوہ کوئی بھی الٰہ نہیں(یعنی توحید پر دل سے ایمان رکھتا ہو) تو وہ شخص جنت میں داخل ہوگا۔(صحیح مسلم، کتاب الایمان، حدیث نمبر 136)

شفاعت کا مستحق صرف موحد ہوگا:عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، أَنَّهُ قَالَ: قِيلَ يَا رَسُولَ اللَّهِ، مَنْ أَسْعَدُ النَّاسِ بِشَفَاعَتِكَ يَوْمَ الْقِيَامَةِ، قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: لَقَدْ ظَنَنْتُ يَا أَبَا هُرَيْرَةَ، أَنْ لَا يَسْأَلَنِي عَنْ هَذَا الْحَدِيثِ أَحَدٌ أَوَّلُ مِنْكَ لِمَا رَأَيْتُ مِنْ حِرْصِكَ عَلَى الْحَدِيثِ، أَسْعَدُ النَّاسِ بِشَفَاعَتِي يَوْمَ الْقِيَامَةِ، مَنْ قَالَ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ خَالِصًا مِنْ قَلْبِهِ أَوْ نَفْسِهِ. حضرت ابوہریرہ سے روایت ہے کہ انہوں نے عرض کی یا رسول اللہ ﷺ قیامت کے دن آپ کی شفاعت کے ذریعے لوگوں میں سے سب سے زیادہ سعادت مند شخص کون ہوگا ہے؟ تو حضور ﷺ نے فرمایا کہ اے ابو ہریرہ مجھے اندازہ تھا کہ اس بات کے متعلق تیرے سے پہلے کوئی مجھ سے نہیں پوچھے گا اس لیے کہ میں نے تیری حدیث کے متعلق حرص کو دیکھا ہے۔ لوگوں میں سب سے زیادہ قیامت کے دن میری شفاعت کے ذریعے سعادت مند وہ ہوگا جو صدقِ دل سے لا الہ الا اللہ کہے گا۔(صحیح بخاری، کتاب العلم، حدیث 99)

سچا موحد صدیقین اور شہداء میں سے ہوگا:عَنْ عَمْرِو بْنِ مُرَّةَ الْجُهْنِيِّ رضی الله عنه قَالَ: جَاءَ رَسُوْلَ اللهِ صلی الله عليه وآله وسلم رَجُلٌ مِنْ قُضَاعَةَ، فَقَالَ لَهُ: يَا رَسُوْلَ اللهِ، أَرَأَيْتَ إِنْ شَهِدْتُ أَنْ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ وَأَنَّکَ رَسُوْلُ اللهِ، وَصَلَّيْتُ الصَّلَوَاتِ الْخَمْسَ، وَصُمْتُ الشَّهْرَ، وَقُمْتُ رَمَضَانَ، وَآتَيْتُ الزَّکَاةَ. فَقَالَ النَّبِيُّ صلی الله عليه وآله وسلم : مَنْ مَاتَ عَلٰی هٰذَا کَانَ مِنَ الصِّدِّيْقِيْنَ وَالشُّهَدَاءِ.

حضرت عمر بن مرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا کہ قبیلہ قضاعہ کا ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس حاضر ہوا اور آپ سے عرض کی کہ یا رسول اللہ ﷺ اگر میں گواہی دوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور آپ اللہ کے رسول ہیں اور میں پانچ نمازیں ادا کروں اور رمضان کے روزے رکھوں اور اس میں قیام بھی کروں اور زکوۃ ادا کروں تو آپ کی کیا رائے ہے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا جو اس حالت میں مرے گا صدیقین اور شہداء میں سے شمار ہوگا۔(صحیح ابن خزیمہ، حدیث 2280، صفحہ 75،باب في فضل قيام رمضان واستحقاق قائمه اسم الصديقين والشهداء، دار التاصيل)

یاد رہے کہ توحید تمام احکام کی درستگی کی بنیاد ہے یعنی توحید ہی پر تمام احکامات کی صحت موقوف ہے۔ سب سے مقدم فریضہ، محور حیات، سب سے افضل نیکی، ایمان کا سب سے افضل شعبہ، اور افضل ترین عمل توحید ہی ہے۔ اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہم کو عقیدہ توحید پر ہمیشہ قائم رکھے۔آمین بجاہ خاتم النبیین ﷺ ۔