توحید کے لغوی معنی ایک ماننا اور یکتا جاننا کے ہیں شریعت کی اصطلاح میں اللہ تعالی کو اس کی ذات و صفات اور جملہ اوصاف میں یکتا اور بے مثل ماننا اور اس کے تقاضوں کے مطابق عمل کرنا توحید کہلاتا ہے۔

قرآن مجید میں عقیدت توحید پر بہت زور دیا گیا ہے اسی کی مناسبت سے قرآن مجید میں ایک سورت کا نام اخلاص اور توحید ہے جس میں اللہ تعالی کی وحدانیت کو بیان کیا گیا ہے عقیدہ توحید کو تمام امور دین پر اہمیت اور اولیت حاصل ہے۔ عقیدہ توحید کے بغیر کوئی عبادت اور عمل قبول نہیں ہوتا ۔آئیے چند توحید کی نبوی تعلیمات ملاحظہ فرمائیں۔

( 1 ) نماز کو قائم رکھنا :نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم نے فرمایا مجھے حکم دیا گیا ہے کہ لوگوں سے جنگ کروں یہاں تک کہ گواہی دیں کہ رب کے سوا کوئی معبود نہیں اور پیارے آقا صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم اللہ کے رسول ہیں اور نماز قائم کریں اور زکوۃ دیں جب یہ کر لیں گے تو مجھ سے اپنے خون و مال بچا لیں گے سوائے اسلامی حق کے اور ان کا حساب اللہ کے ذمے ہے ۔(ابو داؤد فی سنن ،باب الایمان : جلد نمبر : 3 ، صفحہ نمبر : 101 ، حدیث نمبر : 2641 )

(2) اللہ کو ایک ماننا : حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول پاک ﷺ نے ارشاد فرمایا : اے لوگو ! تمہارا رب ایک ہے اور باپ بھی ایک ہے۔( الترغیب و الترھیب للمنذری ، جلد نمبر : 3 ، صفحہ نمبر : 613 )

( 3 ) ایمان کی ادنی شاخ : نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا ایمان کی چند اور ستر شاخیں ہیں ان سب میں اعلیٰ یہ کہنا ہے کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور سب سے ادنیٰ تکلیف دہ چیز کا راستہ سے ہٹانا ہے اور غیرت بھی ایمان کی شاخ ہے۔(ابو داؤد شریف ، جلد نمبر : 5 ، صفحہ نمبر : 55 ، حدیث نمبر : 4676 )

( 4 ) اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں : نبی پاک ﷺ نے فرمایا : اسلام پانچ چیزوں پر قائم کیا گیا ۔ اس کی گواہی کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں محمد ﷺ اس کے بندے اور رسول ہیں اور نماز قائم کرنا اور زکوۃ ادا کرنا حج کرنا اور رمضان کے روزے رکھنا ۔(النسائی فی سننہ ، جلد نمبر : 8 ، صفحہ نمبر: 107 ، حدیث نمبر : 5001 )

( 5 ) آگ حرام فرما دی : نبی پاک ﷺ نے ارشاد فرمایا : جو گواہی دے کہ اللہ کے سوا کوئی لائقِ عبادت نہیں اور یقینا محمد ﷺ اللہ کے رسول ہیں اللہ تعالی اس پر آگ حرام کرے گا ۔( ترمذی شریف ، جلد نمبر : 5 ، صفحہ نمبر : 33 ،حدیث نمبر : 2638 )

پیارے پیارے اسلام بھائیوں اللہ تعالی کا بندوں پر اہم ترین حق اس کی وحدانیت پر ایمان رکھنا ہے جو شخص ایک عقیدہ توحید اختیار کر لیتا ہے اللہ تعالی اسے جہنم کی آگ سے نجات عطا فرمائے گا۔ اللہ عزوجل سے دعا ہے تو ہم نے عقیدہ توحید پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین بجاہ خاتم النبیین ﷺ