ابوبکر
حافظ محمد نعیم عطاری (درجہ سادسہ جامعۃ المدینہ فیضانِ عثمان غنی ،کراچی
،پاکستان)
اسلام کے
بنیادی عقائد میں سے سب سے اہم اور پہلا نظریہ " عقیدۂ توحید " ہے۔ توحید
تمام عقائد کی اِبتدا اور جَڑ ہے جس طرح درخت کا وُجود شاخ سے نہیں بلکہ جڑ کی وجہ
سے باقی رہتا ہے اسی طرح عقیدۂ توحید پر ایمان کے بغیر کوئی شخص مسلمان نہیں
ہوسکتا۔ جو لوگ ایک سے زیادہ خدا ہونے کے قائل ہیں اللہ پاک نے اُن کے کُفر کا صاف
اعلان فرمایا ہے چنانچہ ارشادِ باری ہے : لَقَدْ كَفَرَ الَّذِیْنَ قَالُوْۤا اِنَّ اللّٰهَ ثَالِثُ ثَلٰثَةٍۘ-وَ
مَا مِنْ اِلٰهٍ اِلَّاۤ اِلٰهٌ وَّاحِدٌؕ-وَ اِنْ لَّمْ یَنْتَهُوْا عَمَّا
یَقُوْلُوْنَ لَیَمَسَّنَّ الَّذِیْنَ كَفَرُوْا مِنْهُمْ عَذَابٌ اَلِیْمٌ(۷۳)اَفَلَا یَتُوْبُوْنَ اِلَى اللّٰهِ وَ یَسْتَغْفِرُوْنَهٗؕ-وَ اللّٰهُ
غَفُوْرٌ رَّحِیْمٌ(۷۴)
ترجمۂ
کنزالایمان: بیشک کافر ہیں وہ جو کہتے ہیں اللہ تین خداؤں میں کا تیسرا ہے اور خدا
تو نہیں مگر ایک خدا اور اگر اپنی بات سے باز نہ آئے تو جو ان میں کافر مریں گے ان
کو ضرور دردناک عذاب پہونچے گا۔ تو کیوں نہیں رجوع کرتے اللہ کی طرف اور اس سے
بخشش مانگتے اور اللہ بخشنے والا مہربان۔ (سورۃ المائدۃ:73،74)
اور اسی
طرح حدیث میں بھی ہے کہ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میں نے
بارگاہِ رِسالت میں عرض کی : یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم! زمانہ جاہلیت میں
ابن جدعان (بنوتیم کا مشہور سچی) رشتہ داروں کے ساتھ نیک سلوک کیا کرتا تھا؛ مسکینوں
کو کھانا کھلاتا تھا،کیایہ اعمال اسے (آخرت میں) نفع دیں گے ؟نبی کریم صلی اللّٰہ
علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:یہ اعمال اس کے کام نہیں آئیں گے ،کیونکہ اس نے (اللہ پر
ایمان نہ رکھنے کی وجہ سے) ایک دن بھی یہ نہیں کہا کہ اے اللہ! آخرت میں میری
خطاؤں کو بخش دینا ۔(مسلم ،ص111،حدیث:518)
وَعَنِ ابْنِ عُمَرَ رَضِیَ اللہُ عَنْہُمَا قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ
صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : بُنِيَ الْإِسْلَامُ عَلَى خَمْسٍ: شَهَادَةُ
أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَأَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُولُهُ
وَإِقَامُ الصَّلَاةِ وَإِيتَاءُ الزَّكَاةِ وَالْحَجُّ وَصَوْمُ رَمَضَانَ۔
ترجمہ حدیث
:روایت ہے حضرت ابن عمرسے فرماتے ہیں کہ فرمایا نبی ﷺ نے
اسلام پانچ چیزوں پرقائم کیا گیااس کی گواہی کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں،محمد(
ﷺ )اس کےبندےاور رسول ہیں اورنمازقائم
کرنا،زکوۃ دینا اور حج کرنا،اور رمضان کے روزے۔(بخاری و مسلم)
وَعَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِیَ اللہُ عَنْہُ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ
صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ الْإِيمَانُ بِضْعٌ وَسَبْعُوْنَ شُعْبَةً
فَأَفْضَلُهَا: قَولُ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَأَدْنَاهَا إِمَاطَةُ الْأَذٰى
عَنِ الطَّرِيقِ وَالْحَيَاءُ شُعْبَةٌ مِنَ الْإِيْمَانِ۔
ترجمہ حدیث
:روایت ہےحضرت ابوہریرہ( رضی اللہ عنہ )سے فرماتے ہیں کہ فرمایا نبی ﷺ نے ایمان
کی چنداورستّر شاخیں ہیں ان سب میں اعلٰی یہ کہنا ہے کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں
اور سب سے ادنیٰ تکلیف دہ چیز کا راستہ سے ہٹانا ہےاور غیرت بھی ایمان کی شاخ ہے۔(بخاری
و مسلم)
دیکھیں یہاں
پر حضور انور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم نے فرمایا اسلام پانچ چیزوں پر قائم ہے ان
میں سب سے پہلے یہ ہے کہ اللہ عزوجل کے سوا کوئی معبود نہیں اور دوسری حدیث میں بھی
سب سے پہلے یہ ہی فرمایا کہ ایمان کے چند اور ستر شاخیں ہیں ان میں بھی سب سے پہلے
جو بیان کیا گیا ہے وہ اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی معبود نہیں ان دونوں حدیثوں سے
ثابت ہوا کہ ایمان میں اللہ عزوجل کی وحدانیت سب سے اہم ہیں اللہ عزوجل ہمیں اپنے
عقائد پر ثابت قدم رہنے کی توفیق عطاء فرمائے۔
Dawateislami