توحید دین کی جان ہے۔ ساری شریعت، سارے اعمال، ساری دعوتیں اسی ایک نکتے پر کھڑی ہیں کہ اللہ ایک ہے، اس کا کوئی شریک نہیں، وہی عبادت کے لائق ہے۔ نبی کریم  ﷺ نے اسی حقیقت کو سب سے زیادہ واضح کیا، سب سے زیادہ محبت سے سمجھایا۔اللہ تعالیٰ نے قرآن میں فرمایا:

قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌۚ(۱)اَللّٰهُ الصَّمَدُۚ(۲)لَمْ یَلِدْ وَ لَمْ یُوْلَدْۙ(۳)وَ لَمْ یَكُنْ لَّهٗ كُفُوًا اَحَدٌ۠(۴)

ترجمۂ کنزالایمان: تم فرماؤ وہ اللہ ہے وہ ایک ہے ۔اللہ بے نیاز ہے۔نہ اس کی کوئی اولاد اور نہ وہ کسی سے پیدا ہوا۔ اور نہ اس کے جوڑ کا کوئی۔ (سورۃ الاخلاص، آیات 1-4)

ام ابن کثیر رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں: کہ یہ سورت اللہ کی وحدانیت اور اس کی صفاتِ کمال کو بیان کرتی ہے، اور یہی توحید کی روح ہے۔(تفسیر ابن کثیر، 8/ 547)

نبوی بیان میں توحید محض نظریہ نہیں رہتی، وہ زندگی بن جاتی ہے۔

آپ ﷺ نے صحابہ کو سکھایا کہ دعا میں صرف اللہ کو پکارو، مدد میں صرف اسی سے مانگو، ڈر اور امید صرف اسی سے رکھو۔ فرمایا: إِذَا سَأَلْتَ فَاسْأَلِ اللَّهَ، وَإِذَا اسْتَعَنْتَ فَاسْتَعِنْ بِاللَّهِترجمہ: "جب مانگو تو اللہ سے مانگو، اور جب مدد چاہو تو اللہ سے مدد مانگو"۔ (سنن الترمذی، کتاب صفۃ القیامۃ، حدیث نمبر: 2516)

آپ ﷺ نے شرک کے ہر باریک راستے پر بھی خبردار کیا، تاکہ توحید خالص رہے۔ فرمایا: أَخْوَفُ مَا أَخَافُ عَلَیْکُمُ الشِّرْکُ الْأَصْغَرُترجمہ: "مجھے تم پر سب سے زیادہ خوف شرکِ اصغر کا ہے"۔ صحابہ نے پوچھا: یا رسول اللہ، شرکِ اصغر کیا ہے؟ فرمایا: "الریاء"۔ (مسند احمد، 5/ 428)

صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے اسی نبوی بیان کو سینے میں بسایا۔ حضرت بلال رضی اللہ عنہ کی زبان پر گرم لوہے کے نیچے بھی "احد احد" تھا۔ حضرت خبیب رضی اللہ عنہ صلیب پر چڑھ کر بھی کہتے تھے کہ میں اللہ کے سوا کسی کو نہیں پکارتا۔ یہی وہ اثر تھا جو توحید کے نبوی بیان نے دلوں پر چھوڑا۔

اس لیے توحید کا نبوی بیان ہمیں سکھاتا ہے کہ اللہ کو جاننا، اسے ماننا، اور اسی کے لیے جینا ہی اصل زندگی ہے۔ جب دل میں یہ یقین اتر آتا ہے کہ نفع نقصان، عزت ذلت، سب اسی کے ہاتھ میں ہے، تو بندہ بے نیاز ہو جاتا ہے۔ پھر نہ مخلوق کی چاپلوسی باقی رہتی ہے، نہ اس کے غم کا بوجھ۔ دل کہتا ہے: "حسبی اللہ ونعم الوکیل"۔ اور یہی وہ سکون ہے جس کا وعدہ اللہ نے اپنے موحد بندوں سے کیا ہے۔