محمد
جہانزیب (درجہ رابعہ جامعۃ المدينہ فيضان عثمان غنى ، کراچی،پاکستان)
توحید
اسلام کا بنیادی عقیدہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کی ذات، صفات اور عبادت میں اس کو ایک
ماننا ہی توحید کہلاتا ہے۔ حضور نبی کریم ﷺ نے اپنی پوری زندگی میں توحید کی تعلیم
دی اور لوگوں کو شرک سے بچنے کا حکم فرمایا۔ نبی پاک ﷺ نے سب سے پہلے لوگوں کو یہی
پیغام دیا کہ صرف ایک اللہ کی عبادت کرو اور اسی سے مدد مانگو۔
اللہ تعالیٰ
قرآنِ پاک میں ارشاد فرماتا ہے:
قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌۚ(۱)اَللّٰهُ الصَّمَدُۚ(۲)لَمْ یَلِدْ وَ لَمْ یُوْلَدْۙ(۳)وَ لَمْ یَكُنْ لَّهٗ
كُفُوًا اَحَدٌ۠(۴)
ترجمۂ
کنزالایمان: تم فرماؤ وہ اللہ ہے وہ ایک ہے ۔اللہ بے نیاز ہے۔نہ اس کی کوئی اولاد
اور نہ وہ کسی سے پیدا ہوا۔ اور نہ اس کے جوڑ کا کوئی۔ (پارہ 30، سورۃ الاخلاص، آیت 1-4)
اس آیتِ
مبارکہ میں اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کو واضح طور پر بیان کیا گیا ہے۔ حضور اکرم ﷺ
نے بھی اپنی امت کو یہی تعلیم دی کہ اللہ ایک ہے اور اسی کی عبادت کرنی چاہیے۔
حضرت عبد
اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ جب نبی کریم ﷺ نے حضرت معاذ بن جبل رضی
اللہ عنہ کو یمن بھیجا تو فرمایا:تم اہلِ کتاب کے پاس جا رہے ہو، سب سے پہلے انہیں
اس بات کی دعوت دینا کہ وہ گواہی دیں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمد ﷺ
اللہ کے رسول ہیں۔(صحیح بخاری، کتاب الزکاۃ، باب وجوب الزکاۃ، حدیث: 1395)
اس حدیثِ
مبارکہ سے معلوم ہوتا ہے کہ دین کی سب سے پہلی دعوت توحید ہے۔ نبی کریم ﷺ نے ہر
موقع پر اللہ کی وحدانیت بیان فرمائی۔قرآنِ پاک میں ایک اور مقام پر اللہ تعالیٰ
ارشاد فرماتا ہے:
وَ اِلٰهُكُمْ اِلٰهٌ وَّاحِدٌۚ-لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَ الرَّحْمٰنُ
الرَّحِیْمُ۠(۱۶۳)
ترجمۂ کنزالایمان:اور تمہارا معبود ایک معبود ہے اس
کے سوا کوئی معبود نہیں مگر وہی بڑی رحمت والا مہربان۔ (پارہ 2، سورۃ البقرۃ، آیت 163)
نبی کریم ﷺ
نے تیرہ سال مکہ مکرمہ میں لوگوں کو توحید کی دعوت دی۔ کفار مکہ بتوں کی پوجا کرتے
تھے مگر آپ ﷺ نے صبر اور حکمت کے ساتھ انہیں سمجھایا کہ عبادت صرف اللہ تعالیٰ کا
حق ہے۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:جو اس
حال میں مرے کہ وہ جانتا ہو کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں تو وہ جنت میں داخل
ہوگا۔(صحیح مسلم، کتاب الایمان، باب من مات لا یشرک باللہ شیئًا دخل الجنۃ، حدیث:
26)
اس حدیث
سے معلوم ہوا کہ توحید انسان کی نجات کا سبب ہے۔ اگر انسان سچے دل سے اللہ کو ایک
مانے اور اسی کی عبادت کرے تو وہ کامیاب ہوگا۔آخر میں یہ بات واضح ہوتی ہے کہ توحید
ہی اسلام کی بنیاد ہے۔ حضور نبی کریم ﷺ نے اپنی تعلیمات اور عمل کے ذریعے امت کو
اللہ کی وحدانیت کا درس دیا۔ ہمیں بھی چاہیے کہ ہم خالص اللہ تعالیٰ کی عبادت کریں
اور ہر قسم کے شرک سے بچیں۔
Dawateislami