اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے جو انسان کو عقیدہ، عبادت، اخلاق اور معاشرت کے ہر شعبے میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ اسلام کے بنیادی عقائد میں سے ایک نہایت اہم اور عظیم عقیدہ عقیدۂ ختم نبوت ہے۔ اس عقیدے کا مطلب یہ ہے کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ اللہ تعالیٰ کے آخری نبی اور رسول ہیں۔ آپ ﷺ کے بعد قیامت تک کوئی نبی نہیں آئے گا۔ ہر مسلمان کے ایمان کے لیے اس عقیدے پر کامل یقین رکھنا ضروری ہے۔ قرآن مجید اور احادیث مبارکہ میں اس عقیدے کو نہایت وضاحت کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔ امت مسلمہ نے ہر دور میں اس عقیدے کی حفاظت کی، لیکن اس عظیم ذمہ داری کو ادا کرنے میں علمائے اہلسنت کا کردار سب سے نمایاں رہا ہے۔

علمائے اہلسنت نے ہمیشہ قرآن و سنت کی روشنی میں عقیدۂ ختمِ نبوت کی وضاحت کی۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں ارشاد فرمایا: مَا كَانَ مُحَمَّدٌ اَبَاۤ اَحَدٍ مِّنْ رِّجَالِكُمْ وَ لٰكِنْ رَّسُوْلَ اللّٰهِ وَ خَاتَمَ النَّبِیّٖنَؕ- (پ 22، الاحزاب: 40) ترجمہ کنز الایمان: محمد تمہارے مردوں میں کسی کے باپ نہیں ہاں اللہ کے رسول ہیں اور سب نبیوں کے پچھلے۔ اس آیت مبارکہ سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ آخری نبی ہیں۔ اسی طرح نبی کریم ﷺ نے فرمایا: میرے بعد کوئی نبی نہیں۔ (مسلم، ص 1006، حدیث : 6218) علمائے اہلسنت نے ان واضح دلائل کی روشنی میں امت کو صحیح عقیدہ سکھایا اور لوگوں کے دلوں میں محبت رسول ﷺ کو مضبوط کیا۔

تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی کسی نے ختمِ نبوت کے عقیدے پر حملہ کیا یا جھوٹی نبوت کا دعویٰ کیا تو علمائے اہلسنت نے اس کا بھرپور مقابلہ کیا۔ انہوں نے علمی، فکری اور عملی میدان میں عظیم جدوجہد کی۔ برصغیر میں جب جھوٹے مدعیان نبوت نے لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی تو علمائے اہلسنت میدان میں آئے اور اپنے علم، کردار اور خطابات کے ذریعے امت مسلمہ کو ان فتنوں سے محفوظ رکھا۔ انہوں نے عوام الناس کو سمجھایا کہ ختمِ نبوت اسلام کی بنیاد ہے اور اس پر ایمان رکھے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا۔

علمائے اہلسنت نے مدارس، مساجد اور دینی اداروں کے ذریعے اس عقیدے کی حفاظت کی۔ مدارس میں طلبہ کو قرآن و حدیث کی تعلیم کے ساتھ عقیدۂ ختمِ نبوت کی اہمیت بھی سکھائی جاتی رہی۔ علما نے کتابیں لکھیں، رسائل شائع کیے، اجتماعات منعقد کیے اور خطبات کے ذریعے لوگوں میں شعور پیدا کیا۔ ان کی انہی کوششوں کی بدولت لاکھوں مسلمان اپنے عقیدے پر ثابت قدم رہے۔

تحفظ ختمِ نبوت کی تحریکوں میں علمائے اہلسنت نے بے مثال قربانیاں بھی پیش کیں۔ بہت سے علما نے جیلیں کاٹیں، سختیاں برداشت کیں اور اپنی جانوں کی قربانی تک دی، مگر عقیدۂ ختمِ نبوت پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا۔ ان کے نزدیک حضور نبی کریم ﷺ کی ناموس اور ختمِ نبوت کا تحفظ ایمان کا حصہ تھا۔ ان قربانیوں نے امت مسلمہ کے ایمان کو مزید مضبوط کیا اور مسلمانوں کے دلوں میں دین کی محبت پیدا کی۔

علمائے اہلسنت نے ہمیشہ اتحاد امت کا درس دیا۔ انہوں نے مسلمانوں کو یہ پیغام دیا کہ عقیدۂ ختمِ نبوت تمام مسلمانوں کا مشترکہ عقیدہ ہے اور اس کے تحفظ کے لیے سب کو متحد ہونا چاہیے۔ انہوں نے نوجوان نسل کی تربیت پر خصوصی توجہ دی تاکہ وہ جدید فتنوں اور گمراہ کن نظریات سے محفوظ رہ سکیں۔ آج کے دور میں سوشل میڈیا اور مختلف ذرائع کے ذریعے گمراہ کن نظریات پھیلائے جاتے ہیں، اس لیے علما کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے کہ وہ حکمت اور علم کے ساتھ نوجوانوں کی رہنمائی کریں۔

عشق رسول ﷺ دراصل عقیدۂ ختمِ نبوت کی بنیاد ہے۔ جو شخص حضور نبی کریم ﷺ سے سچی محبت کرتا ہے وہ آپ ﷺ کو آخری نبی مانتا ہے اور آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرتا ہے۔ علمائے اہلسنت نے ہمیشہ عشق رسول ﷺ کو فروغ دیا اور لوگوں کے دلوں میں حضور اکرم ﷺ کی محبت پیدا کی۔ یہی محبت مسلمانوں کو اپنے عقیدے پر مضبوطی سے قائم رکھتی ہے۔

آج بھی ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم علمائے اہلسنت کی خدمات کو یاد رکھیں، ان کے نقش قدم پر چلیں اور عقیدۂ ختمِ نبوت کی حفاظت کو اپنا دینی فریضہ سمجھیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم قرآن و سنت کی تعلیمات کو اپنائیں، اپنے ایمان کو مضبوط بنائیں اور نئی نسل کو بھی صحیح اسلامی عقائد سے آگاہ کریں۔ یہی ہمارے ایمان کی حفاظت، دین اسلام کی بقا اور حضور نبی کریم ﷺ سے سچی محبت کا تقاضا ہے۔

اللہ تعالیٰ ہمیں عقیدۂ ختمِ نبوت پر ثابت قدم رہنے، علمائے اہلسنت کی خدمات کی قدر کرنے اور دین اسلام کی صحیح تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین