صبر ایک عظیم اخلاقی صفت اور اسلامی تعلیمات کا بنیادی ستون ہے۔قرآن مجید میں صبر کو ایمان والوں کی کامیابی اور اللہ کی قربت کا ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔ صبر محض مشکلات پر برداشت ہی کا نام نہیں، بلکہ دین پر ثابت قدمی، طاعت پر استقامت، گناہوں سے اجتناب اور مصیبتوں میں رضا بالقضا اختیار کرنے کا مجموعہ ہے۔ قرآنِ کریم میں متعدد مقامات پر صبر کی فضیلت کو بیان کیا گیا ہے۔

آئیے صبر کے متعلق چند آیات ملاحظہ فرمائیے :

(1) کافروں کی باتوں پر صبر : وَ اصْبِرْ عَلٰى مَا یَقُوْلُوْنَ وَ اهْجُرْهُمْ هَجْرًا جَمِیْلًا(۱۰) ترجمۂ کنز الایمان:اور کافروں کی باتوں پر صبر فرماؤ اور انھیں اچھی طرح چھوڑ دو۔ (پ29، المزمل:10)

(2) صبر کی وصیت :

ثُمَّ كَانَ مِنَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ تَوَاصَوْا بِالصَّبْرِ وَ تَوَاصَوْا بِالْمَرْحَمَةِؕ(۱۷) اُولٰٓىٕكَ اَصْحٰبُ الْمَیْمَنَةِؕ(۱۸)

ترجمۂ کنز الایمان:پھر ہو ا اُن سے جو ایمان لائے اور انہوں نے آپس میں صبر کی وصیتیں کیں اور آپس میں مہربانی کی وصیتیں کیں۔ یہ د ہنی طرف والے ہیں ۔ (پ30، البلد:17، 18)

(3) اپنے رب کے لیے صبر : وَ لِرَبِّكَ فَاصْبِرْؕ(۷) ترجمہ کنزالایمان :اور اپنے رب کے لیے صبر کئے رہو۔ (پ29، المدثر:7)

وَ لِرَبِّكَ فَاصْبِرْ: اور اپنے رب کے لیے ہی صبر کرتے رہو :

یعنی اے حبیب! ﷺ ، آپ اپنے رب عَزَّوَجَلَّ کی رضا کے لئے اس کی اطاعت،اس کے احکامات،اس کے ممنوعات اور ان ایذاؤں پر صبر کرتے رہیں جو دین کی خاطر آپ کو ( کُفّار کی طرف سے) برداشت کرنی پڑیں ۔

(4) صابرین کے لیے اللہ کا وعدہ : فَاصْبِرْ اِنَّ وَعْدَ اللہ حَقٌّ وَّ لَا یَسْتَخِفَّنَّكَ الَّذِیْنَ لَا یُوْقِنُوْنَ۠(۶۰) ترجمۂ کنز الایمان: تو صبر کرو بے شک الله کا وعدہ سچا ہے اور تمہیں سبک نہ کردیں وہ جو یقین نہیں رکھتے۔ (پ21، الروم:60)

فَاصْبِرْ: تو صبر کرو :

یعنی اے حبیب! ﷺ ، آپ اِن کفار کی ایذا اور عداوت پر صبر کریں ، بے شک آپ ﷺ کی مدد فرمانے کا اور دین ِاسلام کو تمام دینوں پر غالب کرنے کا اللہ تعالیٰ نے جو وعدہ فرمایا وہ سچا ہے اور یہ وعدہ ضرور پورا ہوگا ۔

(5) ظلم پر صبر کرنا : وَ لَمَنْ صَبَرَ وَ غَفَرَ اِنَّ ذٰلِكَ لَمِنْ عَزْمِ الْاُمُوْرِ۠(۴۳)

ترجمہ کنزالایمان: اور بے شک جس نے صبر کیااور بخش دیاتو یہ ضرور ہمت کے کام ہیں ۔ (پ25،الشوریٰ: 43)

ظلم پر صبر کرنا: ظلم پر صبر کرنے سے متعلق ایک اور مقام پر ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

وَ اِنْ عَاقَبْتُمْ فَعَاقِبُوْا بِمِثْلِ مَا عُوْقِبْتُمْ بِهٖؕ-وَ لَىٕنْ صَبَرْتُمْ لَهُوَ خَیْرٌ لِّلصّٰبِرِیْنَ(۱۲۶)

ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور اگر تم (کسی کو)سزا دینے لگو تو ایسی ہی سزا دو جیسی تمہیں تکلیف پہنچائی گئی ہو اور اگر تم صبر کرو تو بیشک صبر والوں کیلئے صبر سب سے بہتر ہے۔ (پ14، النحل:126)

اللہ پاک سے دعا ہے جو کچھ پڑھا اس پر عمل کرنے اور دوسروں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ النبی الامین ﷺ