انسانی ذہن اور فکر کی تربیت کے لیے سب سے مؤثر طریقہ یہ ہے کہ بات کو مثال اور تشبیہ کے ذریعے سمجھایا جائے، کیونکہ مثال دل کو لگتی ہے اور عقل کو روشن کرتی ہے۔ ہمارے آقا و مولا، سید المرسلین حضرت محمد ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے تعلیم و تربیت کا ایسا کامل اسلوب عطا فرمایا کہ آپ ﷺ نہ صرف براہِ راست احکام بیان فرماتے بلکہ کبھی کبھی حکمت سے بھرپور تشبیہات دے کر بات کو دلوں میں بٹھا دیتے۔ آپ ﷺ کی تشبیہات ایسی جاندار اور واضح ہوتیں کہ سننے والا نہ صرف سمجھ لیتا بلکہ وہ منظر گویا اپنی آنکھوں کے سامنے محسوس کرتا۔ یہی وجہ ہے کہ آپ ﷺ کا ہر فرمان رہتی دنیا تک ہدایت و روشنی کا مینار ہے۔

انسانی فطرت اس بات کی گواہ ہے کہ مثالوں کے ذریعے سے بات بہت جلد سمجھ آ جاتی ہے ۔ پیارے آقا ﷺ بھی اپنے صحابہ کو مثالیں دے کر سمجھایا کرتے تھے ۔ چنانچہ:

(1) رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ "کنجوس اور سخی کی کہاوت ان دو شخصوں کی سی ہے جن پر لوہے کی دو زرہ ہوں جنہوں نے ان کے دونوں ہاتھ ان کے پستانوں اور گلے سے باندھ دیئے ہوں سخی جب خیرات کرنے لگے تو زرہ پھیل جائے اور کنجوس جب خیرات کا ارادہ بھی کرے تو زرہ اور تنگ ہوجائے اور ہر کڑی اپنی جگہ چمٹ جائے۔"

اس حدیث پاک کی شرح میں مفتی صاحب فرماتے ہیں کہ یہ تشبیہ مرکب ہے جس میں دو شخصوں کی پوری حالتوں کو دوسرے دو شخصوں کے پورے حال سے تشبیہ دی گئی ہے یعنی کنجوس اور سخی کی حالتیں ان دو شخصوں کی سی ہیں جن کے جسم پر دو لوہے کی زر ہیں ہیں،انسان کی خلقی اور پیدائشی محبت مال اور خرچ کرنے کو دل نہ چاہنے کو زرہوں سے تشبیہ دی گئی کہ جیسے زرہ جسم کو گھیرے اور چمٹی ہوتی ہے ایسی محبت مال انسان کے دل کو چمٹی ہوتی ہے( مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح زکوٰۃ کا بیان ، باب خرچ کرنا اور بخل کی برائی، جلد:3 ، حدیث نمبر:1864)

(2) حضور نبی پاک ﷺ نے ارشاد فرمایا:”جس کے سینےمیں قرآن نہیں وہ ویران گھر کی طرح ہے۔"

مُفَسِّرِشہِیرمُحَدِّثِ کَبِیْرحَکِیْمُ الْاُمَّت مُفتِی احمد یار خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الْحَنَّان فرماتے ہیں: گھر کی آبادی انسان و سامان سے ہے، دل کی آبادی قرآن سے،باطن یعنی روح کی آبادی ایمان سے تو جسے قرآن بالکل یاد نہ ہو یا اگرچہ یاد تو ہو مگر کبھی اس کی تلاوت نہ کرے یا اس کے خلاف عمل کرے اس کا دل ایسا ہی ویران ہے جیسے انسان و سامان سے خالی گھر۔( فیضان ریاض الصالحین کتاب الفضائل، قرآن پاک پڑھنے کے فضائل، جلد:7 ، حدیث نمبر:1000)

آباد وہ ہی دل ہےکہ جس میں تمہاری یاد ہے

جو یاد سے غافل ہوا ویران ہے برباد ہے

(3)فرمایا رسول اللہ ﷺ نے کہ "اس ہدایت و علم کی مثال جو رب نے مجھے دے کر بھیجا اس بہت سی بارش کی طرح ہے جوکسی زمین میں پہنچی اس کا کچھ حصہ اچھا تھا جس نے پانی چوسا اور گھاس اور بہت چارہ اگا دیا اور بعض حصہ سخت تھا جس نے پانی جمع کرلیا جس سے اللہ نے لوگوں کو نفع دیا کہ انہوں نے خود پیا پلایا اور کھیتی کی اور ایک دوسرے حصہ میں پہنچا جو چیٹل تھا کہ نہ پانی جمع کرے اور نہ گھاس اُگائے یہ اس کی مثال ہے جو دینی عالم ہوا اور اسے اس چیز نے نفع دیا جو مجھے رب نے دے کر بھیجا اس نے سیکھا اور سکھایا اور اس کی مثال ہے جس نے اس پر سر نہ اٹھایا اور اللہ کی وہ ہدایت قبول نہ کی جو مجھے دے کر بھیجا گیا۔"

اس تشبیہ کا خلاصہ یہ ہے کہ حضور گویا رحمت کا بادل ہیں حضور کا ظاہری اور باطنی فیض اور نورانی کلام بارش۔ انسانوں کے دل مختلف قسم کی زمین۔چنانچہ مؤمن کا دل قابلِ کاشت زمین ہے،جہاں عمل اورتقویٰ کے پودے اُگتے ہیں،علماء اور مشائخ کے سینے گویا تالاب ہیں اور اس خزینہ کے گنجینے ہیں جس سے تاقیامت مسلمانوں کے ایمان کی کھیتیاں سیراب ہوتی رہیں گی۔منافقین اور کفار کے سینے کھاری زمین ہیں نہ فائدہ اٹھائیں نہ پہنچائیں۔

اس تشبیہ سے دو فائدے حاصل ہوئے:ایک یہ کہ کوئی شخص کسی درجہ پر پہنچ کر حضور سے بے نیاز نہیں ہوسکتا،زمین کیسی اعلٰی ہو اور کتنا ہی اچھا تخم بویا جائے،مگر بارش کی محتاج ہے،دین و دنیا کی ساری بہاریں حضور کے دم سے ہیں۔

دوسرے یہ کہ تاقیامت مسلمان علماء کے حاجت مند ہیں کہ ان کی کھیتیوں کو پانی انہیں تالابوں سے ملے گا حضور کی رحمت انہی کے ذریعہ نصیب ہوگی۔(مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح ایمان کا بیان، باب قرآن و سنت مضبوطی سے پکڑنا، جلد:1 ، حدیث نمبر:150)

ان تمام احادیث کریمہ سے کئی چیزیں معلوم ہوتیں ہیں:

اول تو یہ کہ حضور ﷺ کا سمجھانے کا خوبصورت انداز کہ آپ مثالوں اور تشبیہات کے ذریعے سے سمجھایا کرتے تھے کہ اس سے بات بہت جلد سمجھ میں آ جاتی ہے اور ایک چیز ہمیں یہ سیکھنے کو ملی کہ ہمیں بھی اگر موقع ملے کسی کو سمجھانے یا کچھ پڑھانے کا تو حتی الامکان مثالوں کے ذریعے سے سمجھایا جائے تاکہ حضور کی اس ادا پر بھی عمل ہو اور سامنے والے کو بھی فایدہ حاصل ہو ۔

رسول اللہ ﷺ کی تشبیہات سے تربیت کا یہ انداز ہمارے لیے رہنمائی کا عظیم سرمایہ ہے۔ یہ ہمیں سکھاتا ہے کہ تعلیم و تبلیغ میں مثال اور تشبیہ کا استعمال کس قدر مؤثر ہے۔ اگر ہم بھی اپنی گفتگو، نصیحت اور تربیت میں اس سنتِ نبوی کو اپنائیں تو ہمارے الفاظ سننے والے کے دل میں اتر جائیں گے اور اثر بھی پیدا ہو گا۔ پس ہمیں چاہیے کہ ہم نبی کریم ﷺ کے اس اسلوب کو اپنائیں اور دین کی دعوت و تربیت کو آسان، مؤثر اور دل نشین بنائیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے نبی ﷺ کے طریقۂ تعلیم و تربیت پر عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین