جیسے ہی دنیا ترقی کے نئے دور میں داخل ہوئی انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا، نوجوان نسل نے اس میں خوشیوں کا جہاں ڈھونڈ لیا۔ یہ نوجوان، جو پہلے اپنی مایوسی اور بے چینی کے لیے مختلف مشاغل اپناتے تھے، اب دن رات انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل میڈیا کے پیچیدہ جال میں الجھ کر رہ گئے ہیں۔ فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور یوٹیوب جیسے پلیٹ فارمز نے گویا اُن کے لیے ایک نئی دنیا کا دروازہ کھول دیا ہے، اور وہ اس دنیا کے مکین بن گئے ہیں، جہاں حقیقت کی زمین ان کے پیروں تلے سے کھسک گئی۔

پیاری پیاری اسلامی بہنو!سوشل میڈیا کی مثال ایک چُھری کی طرح ہے، جس کاصحیح اور غلط دونوں ہی استعمال ہیں،مگر افسوس!ہمارے معاشرے میں سوشل میڈیا کا غلط استعمال زیادہ ہے،سوشل میڈیا پرموجودفحش مضامین اور کہانیاں،گندی تصویریں اورنفسانی خواہشات کو بھڑکانے والی بیہودہ ویڈیوز نے نوجوان نسل کے اَخلاق وکردار اورعادات کو تباہ و بربادکردیا ہے،ساری ساری رات سوشل میڈیا پربڑی بےدردی کے ساتھ اپنا پیسہ اورقیمتی وقت ضائع کرنا،جھوٹ بولنا، لوگوں کودھوکہ دینا،بلیک میل کرنا،جیسی برائیاں ہمارے معاشرے میں بڑی تیزی سے عام ہوتی جارہی ہیں،پہلے تو سوشل میڈیا کا استعمال محدود تھا مگرجب سے یہ سہولت موبائل پر موجود ہوئی تو چھوٹی عمر کے بچے بھی اس بیماری کا شکار ہوکر اپنا مستقبل ضائع کررہے ہیں، اس بیماری میں مبتلا لوگ تعلیم سے محروم ہوکر معاشرے میں کوئی اہم مقام پانے کے بجائے اخلاق و تمیز کھو کر معاشرے میں ذلیل و خوار ہوتے نظر آ رہے ہیں۔

آئیے! سوشل میڈیا کے چند نقصانات کے بارے میں سنئے:

چند تباہ کاریاں

(1)مذہبی(روحانی)نقصان: اکتوبر2017 کے”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“کے صفحہ نمبر33پر لکھاہے:سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کا گناہوں خصوصاًبد نگاہی سے بچنا بہت مشکل ہے،چونکہ سوشل میڈیا پربد مذہب اور بے دین لوگ بھی کثرت سے پائے جاتے ہیں،اس لئے بعض اوقات ایک عام مسلمان کا ان کے بہکاوے میں آ کر گمراہ یا بے دین ہونےکابہت خطرہ ہوتاہے۔

(2)جسمانی نقصان: سوشل میڈیا اکاؤنٹس یا تو موبائل پر استعمال کئے جاتے ہیں یا کمپیوٹر پراور دونوں کا خصوصاً نظر پر اور استعمال کا انداز درست نہ ہونے کی وجہ سے جسم کے پٹھوں پر بُرا اثر پڑتا ہے۔

(3)تعلیمی نقصان: تعلیم خواہ دینی ہو یا دنیاوی،اس میں کامیابی کے لئے وقت کا درست استعمال بہت ضروری ہے اور سوشل میڈیا سے زیادہ وقت ضائع کروانے والی شاید ہی کوئی چیز ہو۔

اللہ پاک ہماری نوجوان نسل کو سنتوں پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال سے ہر دم بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ النبی الامین ﷺ